جامعہ ابی بکر الاسلامیہ میں النادی الادبی العربی الاسلامی کے تحت سالانہ تقریری مقابلہ مورخہ 17 مارچ 2019ء کو انعقاد پذیر ہوا جس میں جامعہ کے تمام اساتذہ کرام کو مدعو کیاگیا تھا۔تقریری مقابلہ حسب سابق عربی زبان میں تھا اور طلبہ کو چار عناوین دیئے گئے تھےجوکہ درج ذیل ہیں :
1 السنۃ ھی الإسلام
2 تحقیق التوحید
3 خطر الخوارج علی الامۃ الإسلامیۃ
4 العلم قبل القول والعمل
اور جامعہ کے چھ طلبہ شریک مقابلہ تھے، مقابلہ کا آغاز صبح دس بجے ہوا ، مقابلہ میں اسٹیج سیکٹری کے فرائض کلیۃ الحدیث الشریف کے طالب علم محمد تنویر نے دیئے ۔ پروگرام کا آغاز قاری صدیق الرحمن کی مسحور کن آواز میں تلاوت کلام پاک سے ہوا اس کے بعد باقاعدہ مقابلہ کا آغاز ہوا ، طلبہ بھر پور تیاری کے ساتھ میدان عمل میں اترے اور انتہائی عمدہ انداز میں مذکورہ عناوین پر سیر حاصل گفتگو کی۔
اس کے بعد معہد الرابع کے طالب علم عمار اقبال کو دعوت خطاب دیا گیا انہوں نے انتہائی عمدہ انداز میں وقت کی اہمیت کے عنوان پر لب کشائی فرمائی۔
پروگرام میں مہمان خصوصی جامعہ کے شیخ الحدیث فضیلۃ الشیخ ابو عمر محمدیوسف المدنی حفظہ اللہ تھے ، طلبہ کی تقاریر کے بعد انہیں دعوت خطاب دی گئي ان کا موضوع اسلام میں سنت نبوی ﷺ کا مقام ومرتبہ تھا۔ مذکورہ عنوان پر روشنی ڈالتے ہوئے شیخ محترم کا کہنا تھا کہ سنت نبوی تشریع اسلامی کا دوسرا بنیادی ماخذ ہے اوراسلام کی اساس ہے سنت نبویﷺ کے بغیر قرآن کریم کا سمجھنا محال ہے۔ اور سنت نبوی ﷺکے بغیر اسلام کا کوئی تصور باقی نہیں رہتا اور جو شخص سنت نبویﷺ کو چھوڑ کر کوئی اور راہ اختیار کرے جان لو کہ وہ راہِ راست سے بھٹک گیا۔ محدثین کرام نے حدیث نبوی کی تدوین کے لیے بے مثال قربانیاں دیں اور حدیث نبوی امت مسلمہ کا خاصہ ہے لہذا ہمیں اس پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے اور سنت نبوی کو مضبوطی سے تھامنا چاہیے۔
اس کے بعد جامعہ میں المعہد العلمی الثانوی کے مدیر فضیلۃ الشیخ عبد الجبار راشد حفظہ اللہ کو دعوت دی گئی انہوں نے تقویٰ اور اصلاح نفس کے موضوع پر گفتگو کی اور طلبہ کو نصیحت کی۔ ان کے بعد نائب مفتی الجامعہ فضیلۃ الشیخ محمد شریف المدنی حفظہ اللہ کو مدعو کیاگیا انہوں نے علم کی فضیلت پر انتہائی بلیغ وفصیح انداز میں گفتگو کی اورطلبہ کو قیمتی نصیحتوں سے بہرہ ور کیا۔اور اپنی تقریر کے اختتام پر اپنے ہی قلم سے لکھے ہوئے اشعار سامعین کی سماعتوں کی نظر کیے اس کے بعد جامعہ کے مدیر التعلیم ڈاکٹر محمد حسین لکھوی حفظہ اللہ کو دعوت خطاب دیاگیا ، شیخ نے طلبہ اور اساتذہ کی غیر نصابی سرگرمیوں میں کاوشوں کو سراہا اور اس کے بعد نائب مشرف الجامعہ الشیخ خالد محمود الحذیفی حفظہ اللہ کو منادی کیاگیا انہوں نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
اور اختتام پر نتائج کا اعلان کیاگیا ، پہلی پوزیشن معہد الرابع کے طالب علم عبید الرحمن ، دوسری پوزیشن معہد الثانی کے طالب علم عتیق اللہ نے حاصل کی اور تیسری پوزیشن معہد الثالث کے طالب علم انیس الرحمن کے حصہ میں آئی۔
پوزیشن ہولڈرز طلبہ کو النادی الادبی العربی الاسلامی کی طرف سے کتب ،شیلڈز اور نقدی کی صورت میں انعام دیئے گئے۔
اور راقم نےآخر میں ارکان النادی الادبی العربی الاسلامی ہونے کی حیثیت سے جامعہ کے مدیر التعلیم ڈاکٹر محمد حسین لکھوی،مشرف العام فضیلۃ الشیخ محمدطاہر باغ ، شیخ الحدیث ابو عمر محمدیوسف المدنی ، مدیر المعہد عبد الجبار راشد، مدیر مجلہ’’اسوئہ حسنہ‘‘ ڈاکٹر مقبول احمد مکی ، مدیر الامتحانات ڈاکٹر افتخار احمد شاہد ،نائب مفتی الجامعہ الشیخ محمد شریف المدنی اوردیگر تمام اساتذہ کرام اور منتظمین حفظہم اللہ ورعاہم کا تہہ دل سے شکر یہ ادا کیاکہ انہوں نے اپنا قیمتی وقت نکال کر پروگرام کو بارونق بنایا اور طلبہ کی حوصلہ افزائی فرمائی۔
اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ ان کی جملہ کاوشوں کو قبول فرمائے اور انہیں بہترین اجر سے نوازے۔ آمین
وصلی اللہ علی نبینا محمد وعلی آلہ وصحبہ وسلم