26. مجھے نماز سکھائیں اور اس میں پڑھے جانے والے الفاظ کا مفہوم بھی سمجھائیں ،مجھے نماز سمجھ کر اور باقاعدگی سے پڑھنے کی عادت ڈالیں ۔

27. مجھے اپنے دوستوں کے بارے میں بتائیں اور کبھی کبھی ان کے ہاں لے بھی جائیں ۔

28. مجھے اجازت دیں کہ میں اپنے کھلونوں سے دوسرے بچوں کو بھی کھیلنے دوں ۔

29. مجھے جنوں بھوتوں کی کہانیاں سنا کر بزدل نہ بنائیں بلکہ بہادر لوگوں کی کہانیاں سنا کر بہادر بنائیں ۔

30. مجھے بچوں کی اچھی اچھی سی ڈیز لا کر دیں ۔یہ میری تربیت اور تفریح طبع کے لئے بہت ضروری ہیں ۔تجھے کیا ملے گا نماز میں قرآنی قصے،نیکی کے ہم لوگ سپاہی، کلام اقبال عنایت چچا کی محفل،اے اللہ ! قرآن کی تفہیم دے، بہادر صیام،نغمات رمضان،عید کا تحفہ،بگلا بھگت، انگوروں کی چوری،turn to Allah،حسنِ یوسف، محمد بن قاسم (حصہ اول و دوم )مومن کا ہتھیار اور کامیابی کا زینہ بہت پیاری سی ڈیز ہیں ۔یہ فہرست میرے دوست عرفان نے بنا کر دی ہے۔اس نے اپنے گھر میں اچھے اچھے کیسٹ اور سی ڈیز کی ایک لائبریری بنائی ہوئی ہے۔

31. مجھے اچھی اچھی کتابیں پڑھنے کو لا کر دیں ۔گلدستۂ قرآن،انمول،منزل،کہانی ایک لڑکے کی، زندہ باد مشغلہ،دو آنسو،سکارف،چندہ ماموں دور کے،نیک چڑیاں عظیم عطیہ، روشن راستہ، دلچسپ منصوبہ، فضائی حملہ، کالا پتھر،گمنام محسن،پھول اور کانٹے، علم کا اجالا، تین دوست،خزانہ،واپسی،کاہلوں کی شہزادی، آزادی کا دن، اچھے بچوں کی اچھی عادتیں ،عقل مند کون؟اور اچھا بچہ کون ؟وغیرہ تربیتی کہانیوں کی بہترین کتابیں ہیں ۔ میرے دوست حمزہ نے بھی اپنے گھر میں ایسی کتابوں کی ایک لائبریری بنائی ہوئی ہے۔

32. میرا سب سے قیمتی اثاثہ آ پ دونوں کی آپس کی محبت ہے۔

33. مجھے مشکل حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے ابھی سے ذہنی طور پر تیار کریں ۔

34. یاد رکھیں !آپ کی دیانت داری،مستقل مزاجی اور راست گوئی میری شخصیت کو مضبوط اور پر اعتماد بنانے کیلئے بہت ضروری ہے۔

35. مجھے اپنے جیب خرچ میں سے کچھ رقم بچانے کی عادت ڈالیں ۔اگر ممکن ہو تو مہینے بھر کا جیب خرچ اکٹھا ہی دے دیا کریں تاکہ میں اسے منصوبہ بندی کے ساتھ خرچ کر سکوں ۔

36. میرے سوالوں کا جواب دیں چاہے احمقانہ ہی کیوں نہ ہوں ۔

37. جب میں کسی سے برے رویہ سے پیش آؤں تو ضرور نشاندہی کریں مطلوب اور غیر مطلوب رویوں سے مجھے اچھی طرح آگاہ کریں ۔

38. اگر میں اپنا ہوم ورک اچھے طریقے سے نہ کر پاؤں تو بجائے برہم ہونے کے میری مدد کریں ۔

39. مجھے اپنے غصہ پر قابو پانے کا فن سکھائیں ۔

40. اس بات کو یقینی بنائیں کہ جب کوئی میرا دوست /سہیلی ہمارے گھر آئے تو آپ اسے خوشدلی سے خوش آمدید کہیں ۔

41. میرے ساتھ مایوسی اور دل شکنی کی باتیں ہر گز نہ کریں  بلکہ ہمت اور حوصلہ افزائی کرنے والی باتیں کریں ۔

42. بات کو اس انداز سے شروع نہ کریں کہ جب میں تمہاری عمر کا تھا/تھی تو۔۔۔۔۔۔کیونکہ ہر کوئی ہر عمر میں مختلف صلاحیتوں کا مالک ہوتا ہے۔

43. مجھے اپنی آزادی دیں مگر اپنی نگرانی میں ۔

44. جب میں اپنے دوستوں /سہیلیوں میں ہوتا /ہوتی ہوں تو براہ مہربانی اپنی نگرانی میں آزادی کا بھرپور احساس ہونے دیں ۔

45. مجھے سب کے سامنے برا بھلا کہنے کی بجائے علیحدگی میں سمجھائیں ۔

46. آ پ کی طرف سے میرے ماتھے پر دیا ہوا بوسہ میرے سر کو فخر سے بلند کر دیتا ہے۔

47. آپ کے منہ سے نکلے ہوئے تعریفی کلمات میری کامیابی کی منزل کو قریب تر کر سکتے ہیں ۔

48. اپنے قیمتی وقت میں سے میرے لئے کچھ وقت ضرور نکالیں ۔پاس بیٹھیں ،مسکرائیں ،کھیلیں یا کوئی دلچسپ سرگرمی کریں ۔

49. مجھ سے میری عمر کے مطابق توقعات وابستہ کریں ۔

50. آپ کا میرے ساتھ مزاح اس بات کی علامت ہے کہ آپ میرے دوست بھی ہیں ۔مگر دوست اور باپ کا فرق ضرور سمجھائیں ۔

51. آپ کی طرف سے میرے دوستوں /سہیلیوں کی عزت افزائی کے نتیجے میں جب وہ آ پکی تعریف کرتے /کرتی ہیں تو میرا دل خوشی سے پھولے نہیں سماتا۔

52. قبلہ !جن باتوں سے آپ مجھے روکنا چاہتے ہیں آپکو خود بھی ان سے رکنا پڑے گا۔

53. جب میں محبت سے آپ کے کندھے پر ہاتھ رکھتا /رکھتی ہوں تو آ پ اپنے کندھے کو جھٹک کرنا گواری کا تاثر نہ دیا کریں ۔

54. بیماروں کی تیمار داری اور مدد کیلئے مجھے اپنے ساتھ لے جایا کریں ۔ان کی تیمار داری اور مدد کر کے مجھے روحانی خوشی ملتی ہے۔ہمدردی اور ایثار کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔

55. مجھے مسنون دعائیں ترجمے کے ساتھ یاد کروائیں اور مشکل اوقات میں ان دعاؤں کا سہارا لینے کی عادت ڈالیں ۔

56. آپ کا میری باتوں کو غور سے سننا اس بات کی علامت ہے کہ آپ مجھ سے واقعی محبت کرتے ہیں مگر جب آپ میری بات کو ادھورا سنتے ہیں یا سنی ان سنی کر دیتے ہیں  تو مجھے بڑا دکھ ہوتا ہے۔

57. میرے سامنے اپنے آپ کو پر سکون رکھا کریں ۔

58. مجھ پر ضرورت سے زیادہ پہرے نہ لگائیں میں غلطیاں نہیں کروں گا /نہیں کرونگی تو سیکھوں  گا /سیکھوں گی کیسے ؟

59. میرے دوستوں /سہیلیوں کے کپڑے اور بال نہ دیکھیں ۔آخر وہ میرے دوست /میری سہیلیاں ہیں ۔ ہاں اگر برے کردار کے بچوں کے ساتھ دوستی کروں تو ضرور اصلاح فرمائیں ۔

60. اگر کبھی کبھی لیٹ پہنچوں تو برا بھلا کہنے کے بجائے وجہ ضرور پوچھ لیں ۔ہو سکتا ہے میرے پاس کوئی معقول عذر ہو۔

61. حقائق کی چھان بین کیے بغیر مجھ پر کوئی الزام نہ لگائیں ۔

62. مجھے بڑوں کا اد ب اور چھوٹوں سے شفقت کرنا سکھائیں ۔

63. اگر میری فیملی کی کوئی فوٹو البم ہو تو مجھے ضرور دکھائیں ۔اور اس کے ذریعے مجھے اپنے رشتہ داروں کی شناخت کرائیں ۔

64. اپنے آپ کو والدین کے مقام پر ہی فائز رکھیں ۔سخت گیر حکمران بننے سے گریز کریں ۔

65. میرے سونے کے کمرے میں ایسے چارٹس اور پوسٹر لگائیں جن پر مایوسی ختم کرنے،اخلاق سکھانے اور جدوجہد پر آمادہ کرنے والی قرآنی آیات، احادیث، اقوال، ضرب الا مثال اور اشعار لکھے ہوئے ہوں ۔

66. مجھے حسد،کینہ،چغلی،اور بہتان کے معنی،مفہوم اور ان کے نقصانات سے آگا ہ کریں ۔

67. مجھے “تم” اور “تو “کی بجائے ہمیشہ “آپ”کا استعمال سکھائیں ۔

68. آپ دونوں آپس میں جھگڑا کرنے سے پہلے سوچ لیں کہ آپ کے جھگڑے کو سننے اور اس سے متاثر ہونے والا شخص میں ہوں ۔

69.. مجھے عام اخلاقیات کے بارے میں چھوٹی چھوٹی قرآنی آیا ت اور احادیث زبانی یاد کروائیں ۔

70. مجھے اجازت لے کر دوسروں کی چیزیں استعمال کرنے کی تربیت دیں ۔

71. مجھے جسمانی اور روحانی صفائی کا مفہوم سمجھائیں ، کپڑے،جوتے،بستہ اور دیگر اشیاء کو صاف اور تربیت سے رکھنے میں میری مدد کریں ۔نیز مجھے دلائل کے ساتھ بتائیں کہ ماحول کو صاف ستھرا رکھنا کیوں ضروری ہے۔

72. مجھے خواہشات اور ضروریات کے درمیان فرق بتائیں ۔آپ کا میری ہر جائزہ ونا جائز خواہش کو پورا کرنا مجھے ضدی اور ہٹ دھرم بنانے کے مترادف ہے۔

73. ہوم ورک اور کھیل کود کیلئے مجھے ایک ٹائم ٹیبل بناکر دیں ۔

74. میرا موازنہ میرے بھائیوں ،بہنوں اور کلاس فیلوز سے مت کریں ۔ہم سب مختلف ہیں ۔اس لئے اپنی توقعات کو ہماری صلاحیتوں سے ہم آہنگ کریں ۔

75. اپنی محبت کو تعصب کا شکار نہ ہونے دیں ۔میرے بھائیوں اور بہنوں میں اپنی محبت کو برابری کی بنیاد پر تقسیم کریں ۔

76. مجھے ٹیوشن کا رسیا نہ بنائیں ۔بنے بنائے سوالات اور ان کے جوابات کو رٹا نہ لگانے نصابی کتب میں سے سوالات کے جوابات خود اخذ کرنے اور ان کو سمجھ کر ذہن نشین کرنے پر میری حوصلہ افزائی کریں ۔

77. مجھے فرسودہ،غیر تعمیری،جھوٹی انا اور نمود و نمائش پر مبنی روایات کا خوگر نہ بنائیں ۔

78. میری تخلیق اور تحقیقی صلاحیتوں  میں اضافہ کرنے میں میری مدد کریں ۔

79. سگریٹ نہ پی کر،فحش فلموں سے پرہیز کر کے۔ بیہودہ گانے نہ سن کر اور گالیوں کو اپنی گفتگو سے خارج کر کے میرے لئے اچھی مثال قائم کریں ۔

80. مجھے اپنی غلطی تسلیم کر نے کے فوائد اور اپنی ضد پر اڑے رہنے کے نقصانات دلائل کے ساتھ بتائیں ۔

81. میرے اساتذہ سے میری تعلیم و تربیت کی بابت ضرور رابطہ رکھیں ۔

82. آ پ دونوں میرے سامنے ایک دوسرے کو مورد الزام ٹھرا کر میری حمایت حاصل کرنے کی کوشش نہ کریں ۔

83. میری شرارتیں میری ذہانت کی دلیل ہیں ۔ہر وقت ڈانٹ ڈپٹ آپ کیلئے مناسب نہیں ہے۔

84. سیدنا حسن رضی اللہ عنہ اور سیدناحسین رضی اللہ عنہ اپنے نانا سید الانبیاء محمد عربیﷺ کی پشت مبارک پر دوران سجدہ چڑھ کر بیٹھ جاتے مگر ان کے نانا ﷺ اس وقت تک سجدے سے سر نا اٹھا تے جب تک وہ خود نہ اتر جاتے۔ کتنا زبردست پیغام ہے آپ کے لئے ؟مجھے ڈانٹ پلاتے اور مجھ پر تنقید کرتے وقت اس پیغام کو ضرور مد نظر رکھیں ۔

85. ہمارے پیارے رسول ﷺ نے فرمایا کہ بچے پھول ہیں ۔آپ ہی بتائیں پھول کے ساتھ نرمی کے ساتھ پیش آنا چاہیے یا سختی سے۔

86. مجھے تعلیم و تربیت کے ذریعے اچھی ملازمت کے ساتھ ساتھ سچا مسلمان اور اچھا پاکستانی بننے کا ٹارگٹ بھی دیں ۔

87. ہمارے پیارے رسول ﷺ تو مٹی میں لتھڑے بچوں کو بھی گود میں اٹھا تے اور پیار کرتے۔مجھ سے نفرت کا اظہار کرنے سے پہلے اپنے ذہن کی سکرین پر آپ ﷺ کا یہ مبارک عمل ضرور لائیں ۔

88. میرے لئے کھانے،اور پڑھنے کے اوقات مقرر کریں ۔

89. اگر میرا کسی ساتھی سے جھگڑا ہو جائے تو بلا سوچے سمجھے میری حمایت نہ شروع کر دیں ۔

90.. میں سو کر اٹھو تو مسکرا کر میرا استقبال کریں ۔

91. مجھے پُر اعتماد کریں اور مجھ پر اعتماد بنائیں ۔

92. ہر ماہ چند روپے دیں جنہیں میں اپنے ہاتھ سے اللہ کی راہ میں خرچ کر سکوں ۔

93. اپنے ما فی الضمیر کے اظہار کے لئے مجھے مقرر بنائیں اور بات کرنے کا اور سننے کا سلیقہ سکھائیں ۔

94. اگر آپ میرے لئے کمپیوٹر خریدیں تو اس کے ذریعے میری تعلیم و تربیت کو بھی یقینی بنائیں ۔ عرفان کے ابو تمام اہل خانہ کو ایک جگہ بٹھا کر کمپیوٹر کے ذریعے تلاوت قرآن مجید،ترجمہ،تفسیر، اور تجوید سکھاتے ہیں ۔ ریاضی،سائنس، انگریزی، جغرافیہ، اور دیگر علوم کی سی ڈیز کے علاوہ ان کے پاس بچوں اور بڑوں کی اخلاقی تربیت کے مختلف اداروں کی بنی ہوئی سی ڈیز موجود ہیں ۔

95. یاد رکھیں !میں آپ کے ذہن کو اچھی طرح نہیں پڑھ سکتا مگر آپ میرے ذہن کو اچھی طرح پڑھ سکتے ہیں ۔

96. مجھے تربیت دیں کہ میں ہر نئی چیز خریدنے کی ضد نہ کروں ۔

97. کاغذ،پنسل،ربڑ،پیمانہ،کتاب، اور عام استعمال کی اشیاء دوسرے بچوں کو استعمال کیلئے دینے پر میری حوصلہ افزائی کریں ۔

98. مجھے بتائیں کہ آپ کی عدم موجودگی میں گھر آنے والے مہمانوں سے کس طرح پیش آؤں ۔

99. مجھ پر تنقید ذرا آہستہ مگر میری تعریف ذرا بلند اور زور دار الفاظ کے ساتھ کریں ۔

100.آپ کا مجھے خوشگوار موڈ کے ساتھ سکول بھیجنا اور واپسی پر اسی طرح استقبال کرنا مجھے دن بھر خوش و خرم رکھتا ہے۔اور میری کارکردگی میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے