قارئین کرام ! آپ موبائل فون سے کیسے فائدہ حاصل کر سکتے ہیں اس کے متعلق کچھ معلومات اور تجاویز پیش خدمت ہیں !

آئیں ملاحظہ فرمائیں ۔

1 موبائل فون سے قرآنی فائدہ حاصل کریں

آپ موبائل فون پر آسانی سے قرآن مجید کی تلاوت کر سکتے ہیں پہلے دور میں تلاوت کرنے کے لیے مصحف کا ہونا ضروری تھا اس لیے یا تو مسجد جانا پڑتا تھا یا گھر کا مخصوص کمرہ جس میں قرآن مجید کا نسخہ رکھا ہوا ہوتا تھا وہاں جاکر تلاوت کرنی پڑتی تھی ۔ہم دفتر ، سفر یا بستر پر بیٹھے تلاوت نہیں کر سکتے تھے ۔

لیکن اب یہ مسئلہ بہت آسان ہو گیا ہے آپ کو اگر دفتر میں ٹائم ملتا ہے اور آپ تلاوت کرنا چاہتے ہیں تو اپنا موبائل کھول لیں اور قرآن مجید ایپلی کیشن کھول کر تلاوت کر لیں ۔

اگر آپ تجوید سے قرآن مجید پڑھنا چاہتے ہیں تو تجوید والا رنگین نسخہ بھی پلے اسٹور پر موجود ہے آپ وہاں سے ڈاؤن لوڈکر لیں اور تجوید سے قرآن مجید کی تلاوت کریں ۔

اگر آپ قرآن مجید کے حافظ ہیں اور حفظ کرنے کے بعد دنیا کے کاموں میں اور تلاش معاش میں مصروف ہوگئے ہیں ، قرآن مجید کو دہرانے کا ٹائم نہیں ملتا ، دکان یا دفتر پر فارغ اوقات میں قرآن مجید دہرانا چاہیں تو آپ اپنی جیب سے اپنا موبائل فون نکال لیں اور قرآن مجید ایپلی کیشن  کھول کر دہرا لیں ۔

جمعے کا دن ہے اس دن سورۃ الکہف پڑھنے کی بڑی فضیلت وارد ہوئی ہے آپ اپنی دکان پر ہیں یا آفس میں یا گاڑی پر دوران سفر چاہ رہے ہیں کہ سورۃ الکہف کی تلاوت کریں تو اپنا موبائل فون نکال لیں اور قرآن مجید ایپلی کیشن کھول کر سورۃ الکہف تلاوت کرلیں ۔

رات کو سوتے ہوئے آیت الکرسی ، معوذتین ، اور سورہ ملک وغیرہ پڑھنے کی ترغیب دی گئی ہیں آپ مذکورہ سورتیں پڑھنا چاہتے ہیں لیکن قرآن مجید کا نسخہ دستیاب نہیں تو پریشان نہ ہوں اپنی جیب سے  موبائل فون نکال لیں اور قرآن مجید ایپلی کیشن کھول کر مذکورہ سورتیں تلاوت کرلیں ۔

2 موبائل فون پر تلاوت سماعت کریں

آپ اپنے موبائل فون پر اپنے پسندیدہ قاری صاحب یا قراء حضرات کی آواز میں قرآن کریم کی تلاوت سن سکتے ہیں پلے اسٹور پر ایسے بہت سے سافٹ ویئر موجود ہیں جہاں مختلف قراء کی ایک لمبی فہرست موجود ہوتی ہے آپ جس قاری صاحب کی آواز میں تلاوت سننا چاہیں بآسانی سن سکتے ہیں ۔

مثلا : پلے اسٹور پر ایک سافٹ ویئر’’قرآن الکریم کامل بصوت جمیع القراء ‘‘ موجود ہے جس میں درج ذیل چالیس سے زائد قراء حضرات کی آواز میں پورا قرآن کریم موجود هے مثلا : قاری هزاع البلوشي ، الشیخ عبد الرحمان السديس، الشیخ سعود الشريم ، أحمد بن علي العجمي ، ماهر المعيقلي ، عبدالباري محمد ، مشاري العفاسي  عبدالبارئ الثبيتي ، عبدالباسط عبدالصمد عبد الهادي كنكري ، أدوكالي محمد العالم ، عادل الكلباني، عادل ريان ، احمد الحواشي ، احمد الطرابلسي ، أحمد ناوينا ، أحمد عامر ، أحمد صابر ، أكرم العلقمي ، العشري عمران ، عيون الكوشي ، الفاتح الزبير ، القاري ياسين ، الزين محمد احمد ، حاتم فريد الواعر ، إبراهيم الأخضر  إبراهيم الدوسري ، خالد عبدالكافي ، خالد المهنا ، خالد القحطاني ، خليفة الطنيجي ، رامي الدعيس ، سعد الغامدي ، صابر عبدالحكم ، سهل ياسمين ، صالح الصاهود ، سيد رمضان ، شيخ أبو بكر الشاطري ، شيرازاد طاهر ، طارق عبدالغني دعوب ، يحيى حوا ، ياسر الدوسري ، يعقوب الحضرمي ، ياسر القرشي ، يوسف الشويعي  يوسف بن نوح احمد ، زكي داغستاني وغیرہ

3 موبائل فون پر اذکار کریں

دعا مومن کا اسلحہ ہے ۔دعاؤں پر بہت سے کتابیں لکھی گئی ہیں اور تاقیامت لکھی جائیں گی ۔لیکن جس قدر تلقی بالقبول حصن المسلم کو حاصل ہے وہ کسی اور کتاب کو نہیں !یہ کتاب اپنے موضوع کے حساب سے مختصر اور جامع ہیں ۔

اگر آپ دعائیں پڑھنا اور دہرانا چاہتے ہیں یا دور طالب علمی میں یاد کی گئی دعائیں بھول جانے کا خطرہ ہے ، لیکن آپ کے پاس جیب میں ہر وقت حصن المسلم موجود نہیں ہوتی تو آپ پریشان نہ ہوں یہ کتاب پلے اسٹور پر موجود ہے آپ  اپنے موبائل فون میں انسٹال کر لیں اور جب چاہے جہاں چاہیں کھول کر دعائیں پڑھ لیں ، صبح وشام کے اذکار کر لیں ۔

اس ایپلی کیشن میں بہت سی سہولیات بھی موجود ہیں ، آپ فہرست کھولیں اور جو دعا پڑھنا چاہ رہے ہیں اس پر انگلی رکھیں آناً فاناً وہی صفحہ کھلے گا اور چند منٹ میں وہ دعا کھل جائے گی ۔

اورحصن المسلم کی بعض ایسی ایپلی کیشن بھی پلے اسٹور پرموجود ہیں جس کی مدد سے دعا آواز میں بھی سنی جاسکتی ہے لہذا یہ ایپلی کیشن ابتدائی مرحلے کے طالب علم کیلئے گویا کہ ایک استاد ہے ۔

4 موبائل فون سے کتابی فائدہ حاصل کریں

اگر آپ کوئی کتاب پڑھنا چاہتے ہیں لیکن آپ اسے خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے یا وہ کتاب نایاب ہے اب کسی کتب خانہ میں دستیاب نہیں یا آپ کو وہ کتاب عارضی طور پر مطلوب ہے  یا آپ چاہتے ہیں کہ وہ کتاب ہر وقت آپ کے پاس موجود ہوتوآپ انٹرنیٹ پر جاکر اس کی پی ڈی ایف فائل ڈاؤن لوڈکرلیں ۔اب وہ کتاب آپ کی جیب میں ہے جب چاہیں کھول کر پڑھ لیں ۔

معزز علماء و طلباء ! بسا اوقات آپ کو اپنی تحریر میں کسی کتاب کا حوالہ دینا ہوتا ہے لیکن وہ کتاب آپ کے پاس موجود نہیں ہوتی۔ آپ صرف حوالہ دینے کیلئے وہ کتاب خریدنا چاہتے ہیں لیکن آپ کے قریب کوئی مکتبہ بھی موجود نہیں کہ آپ وہ کتاب خرید سکیں ۔

یا آپ نے کسی مکتبہ کو اپنی مطلوبہ کتاب کا آرڈر دے دیا ہے لیکن مکتبہ والے نے جواب دیا کہ :  جناب ! کتاب آپ تک پہنچنے میں کم سے کم ایک ہفتہ لگ سکتا ہے ۔ادھر آپ کو مقالہ فائنل کرنے کی جلدی ہے تو آپ ایک حوالے کے لیے ایک ہفتہ کیسے انتظار کر سکتے ہیں؟

یا آپ کسی مجلہ کیلئے مضمون ترتیب دے رہے ہیں آپ کو ایک حوالہ دینا ہے اور مطلوبہ کتاب آپ کے پاس موجود نہیں ، آپ صرف حوالہ دینے کے لیے کتاب خریدنا چاہتے ہیں ، لیکن کتاب کی قیمت دس ہزار روپے ہے جبکہ آپ کی تنخواہ ہی دس ہزار روپے ہے ، تو اب آپ صرف ایک حوالہ دینے کے لیے اپنی پوری تنخواہ تو صرف نہیں کر سکتے !

لہذا اس مشکل کا حل بھی آپ کے موبائل فون میں موجود ہے آپ اپنا موبائل نکالیں انٹرنیٹ سے اس کتاب کی پی ڈی ایف فائل ڈاؤن لوڈ کرلیں اور مطلوبہ صفحہ کھول کر حوالہ تحریر کر لیں ۔

قارئین کرام ! مجھے گزشتہ دنوں اپنی ایک تحریر میں محمد اسحاق بھٹی صاحب کی «ارغمان حنیف» کا حوالہ دینا تھا میں نے  اس کے حوالے سے ایک اقتباس کہیں پڑھا تھا اور اسے اپنی تحریر میں بطور حوالہ ذکر کرنا تھا اب مجھے مذکورہ کتاب مطلوب تھی کہ اس حوالے کو ایک نظر دیکھ کر اطمینان کرنا تھا کہ واقعتاً وہ بات اصل کتاب میں موجود ہے ؟ لہذا میں نے فورا انٹرنیٹ سے وہ کتاب ڈاؤن لوڈ کرلی اور حوالہ دیکھ کر اطمینان کے بعد وہ اقتباس اپنی تحریر میں ذکر کر دیا۔

اسی طرح اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کے موبائل میں پورا ایک مکتبہ موجود ہو اور جب چاہیں جہاں چاہیں اپنی مطلوبہ کتاب کھول کر پڑھ لیں تو اپنی پسندیدہ کتب کی پی ڈی ایف فائل ڈاؤن لوڈ کرکے اپنے موبائل میں ڈال لیں پھر جب چاہیں جہاں چاہیں اپنی مطلوبہ کتاب کھول کر پڑھ لیں ۔

اگر آپ کتب کو ترتیب سے رکھنا اور دیکھنا چاہتے ہیں تو  «ای بک ریڈر» سافٹ ویئر ڈاؤن لوڈ کرلیں جب آپ اس ایپلی کیشن  کو کھولیں گے تو اس میں ایک مکتبہ کی طرح باقاعدہ الماریاں بنی ہوئی ہوں گی اور ہر کتاب کا ٹائٹل سامنے آ جائے گا پھر آپ جس کتاب پر انگلی رکھیں گے وہ کھل جائے گی اور اس سافٹ ویئر میں یہ سہولت بھی موجود ہے کہ جس صفحہ پر آپ جانا چاہتے ہیں اسی صفحے کا نمبر لگا کر انٹر کریں پس وہ صفحہ کھل جائے گا ۔

اور اس سافٹ ویئر کی یہ خاصیت بھی بہت مفید ہے کہ آپ اگر کسی کتاب کو دوبارہ کھولنا چاہیں گے تو وہ ادھر سے ہی کھلے گی جہاں آپ نے آخری بار اسے چھوڑا تھا ۔

اس میں آپ کو یہ فائدہ بھی ہے کہ آپ کسی بھی وقت کسی بھی جگہ مطالعہ کر سکتے ہیں ۔ ایسا سمجھیں کہ ایک مکتبہ آپ کی جیب میں موجود ہے ۔

بطورِ مثال آپ سفر میں ہیں کسی سائل نے فون کرکے کوئی سوال پوچھ لیا۔ اب آپ چاہتے ہیں کہ مذکورہ مسئلہ میں شیخ البانی رحمہ اللہ کا موقف جانیں؟ یا شیخ ابن باز رحمہ اللہ وغیرہ کا۔ تو آپ اپنے موبائل فون میں موجود مکتبہ کھول لیں اور شیخ البانی یا شیخ ابن باز رحمہم اللہ کی کتب کھول کر ان کا موقف دیکھ لیں ۔

اگر وہ مسئلہ آپ کے علم میں نہیں ہے تو آپ نے اپنے موبائل میں جو فتاوی کی کتب ڈال رکھی ہیں وہ کھول کر علماء کا جواب دیکھ لیں اور سائل کو جواب دے دیں ۔ اس طرح آپ کو اپنے گھر کے مکتبہ تک پہنچنے کا انتظار نہیں کرنا پڑے گا ۔

آپ خطیب ہیں خطبہ کی تیاری کرنی ہے لیکن جمعہ کے دن آپ کو دفتر بھی جانا ہوتا ہے ، مکتبہ میں بیٹھنے کا ٹائم نہیں ملتا تو پریشان نہ ہوں اپنے موبائل میں مستند علماء کے خطبات کی کتب  ڈال لیں اور پھر دفتر میں ، گاڑی میں یا سفر میں جہاں چاہیں خطبہ و درس کی تیاری کر لیں ۔

5 عربی  لغت کا فائدہ حاصل کریں

آپ اپنے موبائل سےلغوی فائدہ بھی حاصل کر سکتے ہیں یعنی اگر آپ کا واسطہ اکثر عربی عبارتوں سے پڑتا ہے اور اسی باعث اکثر آپ کو عربی لغت کی کتابوں کی ضرورت پڑتی ہے لیکن آپ لغت کی ضخیم ضخیم کتابیں اپنے ساتھ اٹھا کر پھرنے سے قاصر ہیں تو پریشان نہ ہوں ۔

اپنے موبائل میں عربی لغت کی کتابوں کی ایپلی کیشن ڈاؤن لوڈکرلیں پھر جب اورجہاں چاہیں اپنے موبائل پر ہی اپنے مطلوبہ لفظ کے معانی دیکھ لیں ۔

آپ درج ذیل کتابیں پلے اسٹور سے بآسانی ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں : معجم الوسیط ، لسان العرب ، القاموس المحیط، معجم المفردات والاضداد ، المنجد ، قاموس الجدید ، معجم المعانی وغیرہ ۔

اس کے علاوہ اور بھی بہت سی لغوی کتب تلاش کرنے سے پلے اسٹور پر آپ کو بآسانی مل جائیں گی ۔

6 اردو لغت کا فائدہ حاصل کریں

اسی طرح اگر آپ کو اردو لغت کی ضرورت پڑتی رہتی ہے تو پلے اسٹور پر اردو لغت کی بہت سی کتابیں سافٹ ویئرکی شکل میں موجود ہیں اردو زبان کی سب سے زیادہ استعمال ہونے والی مشہور کتاب «فیروز اللغات» بھی دستیاب ہے ۔ اس میں حروف تہجی کے حساب سے مطلوبہ لفظ تک پہنچنے کا آپشن بھی موجود ہے یعنی جس طرح آپ اصل کتاب میں فہرست پر اپنے مطلوبہ لفظ کا حرف دیکھ کر پھر وہ صفحہ کھولتے ہیں اس طرح یہاں بھی فہرست دی ہوئی ہے اور آپ کی انگلی رکھنے سے وہ مطلوبہ لفظ ظاہر ہو جاتا ہےجس سے آپ کا وقت بھی بچ جاتا ہے اور آپ اپنے مطلوبہ لفظ تک جلدی پہنچ جاتے ہیں ۔

7 سندھی لغت کا فائدہ حاصل کریں

اسی طرح اگر آپ کو سندھی لغت کی ضرورت پڑتی رہتی ہے تو پلے اسٹور پر مشہور سندھی محقق ڈاکٹر نبی بخش خان بلوچ کی کتاب «جامع سندھی لغات» دستیاب ہے  ۔ اس سافٹ ویئر میں یہ بہترین آپشن رکھا گیا ہے کہ آپ سرچ کے آپشن میں جاکر اپنا مطلوبہ لفظ سرچ کریں چند سیکنڈوں میں آپ کا مطلوبہ لفظ آپ کے سامنے ہوگا یہ سہولت تو مذکورہ بالا فیروز اللغات میں بھی نہیں ہے ۔

8 موبائل فون پر کمپوزنگ کریں

آپ موبائل فون پر کمپوزنگ کا فائدہ بھی حاصل کر سکتے ہیں آپ پلے اسٹور سے «سمپل نوٹ پیڈ» سافٹ ویئر ڈاؤنلوڈ کریں اس پر آپ اپنے مضامین اور مقالے آسانی سے کمپوز کر سکتے ہیں ، چاہے آپ کی فائل کتنی ہی طویل ہو اور کمپور شدہ مواد میں Edit یعنی ترمیم بھی کر سکتے ہیں اس سے ایک تو آپ کمپوزنگ کا خرچہ برداشت کرنے سے بچیں گے دوسرا آپ کا وقت بھی بچے گا ۔آپ کو گھر آفس یا سفر میں اگر تھوڑا سا بھی وقت ملتا ہے تو آپ اپنا موبائل نکال کر کمپوز کرنا شروع کر دیں ۔

قارئین کرام ! میں کافی عرصے سے اپنے مضامین اور مقالے موبائل پر ہی کمپوز کرتا آرہا ہوں اس سے آگے بڑھ کر اپنی کچھ کتابیں بھی موبائل پر کمپوز کر لیں لہذا آپ احباب بھی اگر موبائل پر کمپوز کرنا چاہیں تو آسانی سے کر سکتے ہیں ۔

اس معاملے میں مزید آسانی کے لیے آپ اپنے موبائل میں جامع الکتب التسعہ ، اسلام  360 ، اسلام ون یا ايزی قرآن وحدیث ایپلی کیشن  ڈاؤن لوڈ کر لیں اورقرآن مجید کی کوئی ایسی ایپلی کیشن  ڈاؤن لوڈ کرلیں جس سے عبارت کاپی کرنا ممکن ہو اس سے یہ فائدہ ہوگا کہ آپ کو حدیث نبوی یا قرآن کریم کی آیات و ترجمہ کی لمبی عبارتیں کمپوز کرنے کی تکلیف بھی نہیں اٹھانی پڑےگی اور آپ بآسانی سے مذکورہ سافٹ ویئرز سےعبارت کاپی کرکے اپنی تحریر میں لگا سکتے ہیں اور عربی عبارتیں کاپی کرنے کا یہ فائدہ بھی ہوگا کہ آپ کو عربی عبارتیں اعراب لگی ہوئی ملیں گی ۔

اس سافٹ ویئر یعنی “simple notepad” میں یہ سہولت بھی موجود ہے کہ اس پر کمپوز کرنے سے آپ کی فائل آپ کے ڈاکومنٹس کی جگہ خود بخود محفوظ ہو جاتی ہے خدانخواستہ اگر آپ کی فائل سمپل نوٹ پیڈ سے حذف بھی ہو جائے تو بیک اپ میں یعنی آپ کے موبائل مینیجر میں ڈاکومنٹس کے حصے میں محفوظ ہوگی آپ وہاں سے اٹھا سکتے ہیں ۔

اب جب آپ نے فائل مکمل کمپوز کرلی ہے تو اب اسی سافٹ ویئر میں اوپر شیئر کا آپشن بھی موجود ہے اب آپ یہ فائل آگے شیئر بھی کر سکتے ہیں آپ email  اورفیس بک پر رکھ سکتے ہیں۔

اگر آپ اپنی فائل کو اور بھی اچھا بنانا چاہتے ہیں تو یہاں سے اپنے لیب ٹاپ یا کمپیوٹر میں بھیج کر ایم ایس آفس وغیرہ میں اس کے فونٹس ، عبارتوں کا سائز وغیرہ صحیح کرلیں اور اگر پی ڈی ایف فائل وغیرہ بنانا چاہیں تو بنا لیں ۔

9 اپنے موبائل پر آیات کی تخریج کریں

قارئین کرام ! سابقہ دور میں تخریج کا فن کسی حد تک مشکل اور ٹائم طلب تھا اب موبائل آنے سے یہ امر بھی آسان ہوگیا ہے ۔

آپ اپنے موبائل میں آسانی سے قرآن کریم کی آیات کی تخریج کر سکتے ہیں ۔ اگر آپ قرآن کریم کے حافظ نہیں ہیں اور آپ آیات کی تخریج کرنا چاہتے ہیں تو مندرج بالا سافٹ ویئر یعنی اسلام : 360 اسلام ون ، ایزی قرآن وحدیث میں یہ سہولت موجود ہے ۔ ان سے استفادہ کرلیں یا پلے اسٹور سے ’’ayah ‘‘سافٹ ویئر ڈاؤن لوڈ کرلیں یہ سافٹ ویئر آیت تلاش کرنے کے حوالے سے بہت مفید ہے اور رزلٹ دینے کے حساب سے اس قدر تیز ہے کہ پروسس کے چند سیکنڈ بھی نہیں لیتا۔ اوپر آپ اپنی مطلوبہ آیت کے الفاظ لکھیں نیچے آپ کا جواب آ جائے گا کہ آپ کی مطلوبہ آیت کس سورت میں ہے اور پارہ و آیت نمبر کیا ہے۔ اب اگر آپ یہ آیت کاپی کرنا چاہیں تو آسانی سے کاپی کر سکتے ہیں اور اگر آپ نص کی بجائے تصویر بنانا چاہیں تو خوبصورت تصویر بناکر آگے شیئر کر سکتے ہیں ۔

10 اپنے موبائل پر احادیث کی تخریج کریں

آپ اپنے موبائل میں قرآن کریم کی طرح حدیث نبوی کی تخریج بھی کر سکتے ہیں ۔ آپ اپنے موبائل میں مکتبہ شاملہ ، جامع کتب التسعہ ڈاؤن لوڈ کرلیں مکتبہ شاملہ میں فن حدیث کی تقریبا تمام کتب موجود ہیں (میرے موبائل میں موجود مکتبہ شاملہ میں فن حدیث کی 175 کتابیں موجود ہیں ) آپ مکتبہ شاملہ میں بحث کے آپشن پر جاکر مطلوبہ حدیث کے کچھ الفاظ لکھیں اور چند سیکنڈ میں پوری لسٹ آپ کے سامنے آ جائے گی کہ آپ کی مطلوبہ حدیث کس کتاب میں کس مقام پر موجود ہے ۔ اسی طرح شاملہ میں  اِذھب إلی الحديث (حدیث کی طرف جائیں) کی سہولت بھی موجود ہیں کہ آپ حدیث نمبر لکھ کر کتاب سلیکٹ کریں پھر اسی کتاب کی مذکورہ حدیث نمبر آپ کے سامنے آ جائے گا۔

یہی سہولت جامع کتب التسعہ میں بھی موجود ہے ، اس سافٹ ویئر میں حدیث کی نو کتابیں موجود ہیں مثلا : صحیح بخاری ، صحیح مسلم ، سنن ابی داود، سنن ترمذی ، سنن نسائی ، سنن ابن ماجہ ، موطا مالک ، سنن دارمی ، مسند احمد ۔ ان میں آپ حدیث سرچ کر سکتے ہیں اور پھر مذکورہ ہر کتاب کے ساتھ اس کی شرح بھی دستیاب ہے ۔ مثلا : مؤطا کے ساتھ اس کی شرح المنتقى،صحیح بخاری کے ساتھ اس کی شرح فتح الباری،صحیح مسلم کے ساتھ اس کی شرح المنهاج للنووی،سنن ابی داود کے ساتھ اس کی شرح عون المعبود، سنن ترمذی کے ساتھ اس کی شرح تحفۃ الأحوذی، سنن نسائی کے ساتھ اس کی شرح حاشیۃ  السندی وغیرہ یعنی آپ اپنی مطلوبہ حدیث کی شرح بھی دیکھ سکتے ہیں ۔

اسی طرح اگر آپ حدیث کا ترجمہ ڈھونڈھنا چاہیں تو اسلام : 360، اسلام ون ، ایزی قرآن و حدیث میں سرچ کر سکتے ان میں بھی یہ سہولت دستیاب ہے ۔

اسی حوالے سے ایک اور ایپلی کیشن  بھی حد درجہ مفید ہے وہ ہے ’’الباحث الحدیثی ‘‘اس میں آپ اپنی مطلوبہ حدیث لکھ کر سرچ کریں آپ کی مطلوبہ حدیث جس کتاب میں ہوگی فوراً تحقیق و تخریج کے ساتھ آپ کے سامنے آ جائے گی یا آپ کسی لفظ سے حدیث سرچ کریں گے تو اسی لفظ سے جتنی احادیث ہوں گی آپ کے سامنے ظاہر ہو جائیں گی اگرچہ وہ صحیح ہوں یا ضعیف اگر آپ صرف صحیح احادیث سرچ کرنا چاہیں تو صحیح کی تحدید لگا کر سرچ کریں اس سےصرف صحیح حدیثیں آپ کی سامنے ظاہر ہوں گی۔

اس کے علاوہ آپ گوگل کے بک سرچ سے بھی فائدہ حاصل کر سکتے ہیں یعنی جو حدیث آپ کو مطلوب ہے وہ جب آپ گوگل پر لکھیں گے تو آپ کے سامنے چند آپشن ظاہر ہوں گے مثلا : امیج ، ویڈیو ، نیوز اور بک وغیرہ ۔ آپ بک والے آپشن میں جائیں آپ کی مطلوبہ حدیث کتابی شکل میں ظاہر ہو جائی گی اور باقاعدہ سے وہ کتاب کھل جائی گی اور ساتھ اس کا سر ورق بھی ظاہر ہو جائے گا اگر آپ سر ورق دیکھنا چاہیں تو کھول کر دیکھ لیں جہاں کتاب کا نام ، مصنف و محقق اور طباعتی ادارے کا نام ظاہر ہو جائے گا۔

11 اپنے موبائل پر احادیث کی صحت دیکھیں

اگر آپ اپنے موبائل پر احادیث کی صحت دیکھنا چاہتے ہیں تو وہ بھی آسانی سے دیکھ سکتے اس لیے اپنے موبائل میں موجود مکتبہ شاملہ میں تحقیق شدہ نسخے ڈاؤن لوڈ کرلیں مثلاً : اگر آپ مسند احمد میں علامہ شعیب ارناؤوط رحمہ اللہ کا حکم دیکھنا چاہتے ہیں تو شعیب ارناؤوط کا تحقیقی نسخہ ڈاؤنلوڈ کرلیں اسی طرح اپنے مکتبہ شاملہ میں حدیث کے وہ نسخے ڈاؤن لوڈ کریں جو علماء و محققین کی تحقیق سے ہوں اس طرح آپ اپنے موبائل میں حدیث کی صحت بھی دیکھ سکتے ہیں اور اگر علامہ البانی رحمہ اللہ کا حکم دیکھنا چاہتے ہیں تو مکتبہ شاملہ میں علامہ البانی  کا الگ سے ایک فولڈر بنا ہوا ہے جہاں علامہ البانی  کی تقریباً سب کتابیں موجود ہیں آپ ڈاؤن لوڈ کرلیں اور وہاں آسانی سے البانی رحمہ اللہ کا حکم دیکھ لیں ۔

اسی طرح شیخ رحمہ اللہ کا حکم دیکھنے کے لیے ایک الگ ایپلی کیشن  بھی «الالبانی للحدیث» کے نام سے  موجود وہ آپ پلے اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کرلیں اور آسانی سے علامہ البانی رحمہ اللہ کا حکم دیکھ لیں اس سافٹ ویئر میں علامہ البانی کی تحقیق سے درج ذیل کتب موجود ہیں:  سنن أبی داود، إرواء الغلیل ، صحیح و ضعیف الجامع الصغیر ، سنن ابن ماجه ، سنن نسائي ، جامع الترمذي ، مشكاة المصابيح ، صحيح الترغيب والترهيب ، ضعيف الترغيب والترهيب، السلسلة الضعيفة ، السلسلة الصحيحة ، ظلال الجنة ، الأدب المفرد ،  أداء ما وجب ، آداب الزفاف ، إزالة الدهش والوله ، إصلاح المساجد ، اقتضاء العلم والعمل ، الأجوبة النافعة ، الاسراء والمعراج ،الآيات البينات ، الإيمان لابن تيمية ، الإيمان لابن سلام ، الاحتجاج بالقدر ، التوسل، الثمر المستطاب ، الحديث حجة بنفسه ، الرد المفحم ، الكلم الطيب ، المسح علی الجوربين، بداية السول ، تحذير الساجد ، تحريم آلات الطرب ، تخريج الطحاوية ، تخريج مشكلة الفقر ، تلخيص احكام الجنائز ، تلخيص صفة الصلاة ، تمام المنة، جلباب المرأة المسلمة ، حجاب المرأة ، حجة النبي ، حديث إفطار الصائم ، حقوق النساء فی الإسلام ، حکم تارک الصلاة ، خطبة الحاجة ، دفاع عن الحدیث النبوی ، رفع الأستار ، ریاض الصالحین ، شرح العقیدة الطحاوية ، صحيح ابن خزيمة ، صحيح السيرة النبوية ، صفة الصلاة ، صفة الفتوی ، صفة التراويح ، صلاة العيدين في المصلی ، غاية المرام ، فضائل الشام والدمشق، فضل الصلاة علی النبي ، فقه السيرة ، قصة المسيح الدجال ، قيام رمضان ، كتاب العلم ، كلمة الإخلاص ، مختصر الشمائل ، مختصر العلو، مساجلة علمية ، مناسك الحج والعمرة ، منزلة السنة في الإسلام ، نصب المناجيق آپ کی مطلوبہ حدیث اگر ان کتب میں موجود ہوگی یا علامہ البانی لائے ہوں گے تو آپ کو اس کا حکم آسانی سے مل جائے گا ۔

12 مکتبہ شاملہ سے فائدہ حاصل کریں

قارئین کرام ! مکتبہ شاملہ میں درج ذیل عنوانات کے فولڈر بنے ہوئے ہیں مثلا : العقیدۃہ، التفاسیر ، متون الحدیث ، شروح الحدیث ، کتب التخریج والزوائد ، کتب البانی ، فقه حنبلي ، فقه عام ، الفتاوی ، كتب ابن تيمية ، كتب ابن القيم ، الآداب والأذكار ، السيرة والشمائل ، التاريخ، الطبقات ، البلدان والجغرافيا والرحلات ، كتب اللغة وغيره۔  ان میں سے ہر فولڈر میں اپنے فن کی تقریبا تمام امہات الکتب موجود ہیں جنہیں آپ پڑھ اور کاپی کر کے اپنی مطلوبہ چیز سرچ بھی کر سکتے ہیں ۔

13 موبائل کيمرا سے فائدہ اٹھائیں

معزز علماء و طلباء ! لکھنے پڑھنے اور حوالہ جات وغیرہ کے حوالے سے آپ موبائل کیمرا سے بھی فائدہ اُٹھا سکتے ہیں مثلا : آپ کسی مکتبہ میں بیٹھے ہیں اور آپ کسی کتاب کے چند صفحات نقل کرنا چاہتے ہیں لیکن آپ کے پاس وقت نہیں اور کتاب بھی ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں ، تو آپ پریشان نہ ہوں اپنا موبائل نکال لیں اور ان صفحات کی تصاویر بنالیں پھر گھر جا کر آرام سے وہ نقل کرلیں ۔

یا آپ کو کوئی کتاب پسند آتی ہے اور آپ اس کتاب کے سرورق کی تفصیل لکھنا چاہ رہے ہیں لیکن آپ کے پاس قلم و کاغذ نہیں یا آپ جلدی میں ہیں تو پریشان نہ ہوں اپنا موبائل نکال لیں اور اس کے سرورق کی تصاویر بنالیں ۔

یا آپ کو کوئی کتاب پسند آتی ہے اور آگے چل کر آپ وہ کتاب خرید کرنا چاہتے ہیں تو اس کتاب کی تصویر بنالیں اور پھر اس طرح کا ایک الگ فولڈر بنائیں جہاں ایسی کتابوں کی تصویریں پڑی ہوں جو آپ کو خریدنی ہیں ۔ پھر جب آپ کسی مکتبے کو آرڈر دینا چاہیں تو وہ سب کتب کی تصاویر انہیں واٹس اپ کر دیں کہ جناب ! یہ کتب ارسال کر دیں اس طرح لسٹ وغیرہ بنانے کی تکلیف سے آپ بچ جائیں گے اور مکتبے والا بھی تحریر کے مقابلے میں تصویر کو صحیح سمجھ پائے گا ۔

14 فیس بک اور واٹس اپ سے فائدہ اٹھائیں

معزز طلباء ! جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ فیس بک اور واٹس اپ پر بسااوقات بہت اچھی اچھی تحریریں سامنے آتی ہیں وہ آپ کاپی کر کے رکھ لیں یہ آگے چل کر آپ کے کام آئیں گی اور فیس بک پر تو انہیں محفوظ کرنے کی سہولت بھی موجود ہے آپ وہاں محفوظ کرلیں ۔ نیز فیس بک پر کبار علماء کرام موجود ہیں جو بظاہر تو آپ سے ہزاروں میل دور بیٹھے ہیں لیکن فیس بک پر آپ کے سامنے موجود ہیں ان سے استفادہ کریں۔ واٹس اپ گروپس میں کبار علماء کرام موجود ہیں اور وہ اپنے رشحات بھیجتے رہتے ہیں ان تحریروں سے استفادہ کریں اور انہیں محفوظ کرکے رکھیں اگر ممکن ہو تو ان کے علمی مواد کو اپنی زبان میں ترجمہ کرکے کسی مجلے میں شائع کروائیں یا فیس بک واٹس اپ پر شیئر کریں جس سے آپ کے ہم زبان بھائی بھی فائدہ حاصل کریں ۔

15 موبائل فون پر شیخ زبیر علی زئی کی رشحات ملاحظہ کریں

محدث العصر شیخ زبیر علی زئی رحمہ اللہ کا مؤقر رسالہ ’’الحدیث‘‘ بلاشبہ اپنے دور میں بڑا مفید رہا ہے لوگ اسے بڑے شوق سے پڑھتے اور اس کے شمارے محفوظ رکھتے اب ان تمام شماروں کو یکجا کرکے ایک سافٹ ویئر کی شکل میں ’’اشاعت الحدیث‘‘ کے نام سے پلے اسٹور پر رکھ دیا گیا ہے ۔ آپ مذکورہ ایپلی کیشن  ڈانلوڈکرکے ماہوار’’الحدیث‘‘کے تمام شمارے آسانی سے پڑھ سکتے ہیں ۔ اسی طرح اس ایپلی کیشن  میں سرچ کا آپشن بھی رکھا گیا ہے کہ آپ وہاں جاکر کوئی بھی عنوان سرچ کریں وہ جس شمارے میں موجود ہوگا چند سیکنڈ میں آپ کے سامنے کھل جائے گا۔ مثلا : آپ لفظ ’’وضو‘‘ لکھیں گے تو وضو سے متعلق جو مضمون جس شمارے میں ہوگا آپ کے سامنے آ جائے گا ۔ اسی طرح شیخ رحمہ اللہ کی تقریبا تمام کتب اس سافٹ ویئر پر موجود ہیں جنہیں آپ آسانی سے پڑھ سکتے ہیں ۔

16 موبائل فون میں مکتبات و محاضرات سےفائدہ حاصل کریں

اسی طرح پلے اسٹور پر کبار علماء کرا م کی مجموعہ تصانیف پر مشتمل مکتبات موجود ہیں آپ ان کو ڈاؤن لوڈ کرکے ان سے استفادہ کر سکتے ہیں جو مکتبات پلے اسٹور پر موجود ہیں ان میں سے بعض درج ذیل ہیں :

 مکتبة ابن القيم  ،مکتبة ابن تيمية ، مكتبة العلامة المحدث الألباني ، مکتبة الشيخ عبدالعزيز بن باز ، مکتبة الشيخ مقبل هادي الوداعي ، مکتبة الشيخ محمد بن عبدالوھاب، مکتبة الشيخ ابن عثیمین ، مکتبة الشيخ صالح الفوزان ، مجموعة كتب الشيخ عبدالقادر الجيلاني ، مؤلفات السعدي

اسی طرح بعض شیوخ کے صوتی دروس  پر مشتمل ایپلی کیشن  بنے ہوئے ہیں آپ وہ ڈاؤن لوڈ کرکے اپنے پسند کے عنوان سن سکتے ہیں شیخ  العثیمین رحمہ اللہ کے دروس  «دروس شیخ العثیمین» کے نام سے اور شیخ الالبانی رحمہ اللہ کے دروس «محاضرات الشيخ الألباني» کے نام سے موجود ہیں ۔

ایک ضروری وضاحت : قارئین کرام ! موبائل فون پر قرآن مجید تلاوت کرنے سے میری مراد یہ ہرگز نہیں کہ آپ مصحف پر تلاوت کرنا ترک کر دیں یقینا مصحف پر تلاوت کرنے میں اپنی ہی ایک روحانیت اور تاثیر ہے میرا مطلب یہ ہے کہ اگر آپ کے پاس مصحف موجود نہیں تو آپ موبائل فون سے فائدہ حاصل کر سکتے ہیں ۔

اور موبائل پر کتاب پڑھنے ، تخریج و تحقیق کرنے سے  میری یہ مراد ہرگز نہیں کہ آپ اصل کتب اور مکتبات کو ترک کر دیں کتاب تو اصل ہے موبائل فون کمپیوٹر تو بس ایک سہارا ہے ۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے