Monthly Magazine of jamia Abi Bakar Al Islamia Karachi Pakistan جامعہ ابی بکر الاسلامیہ کراچی کا ماھنامہ مجلہ اسوہ حسنہ

  • صفحہ اول
  • شمارہ جات 2018
  • شمارہ جات 2017
  • شمارہ جات 2016
  • سابقہ شمارے
    • 2009
    • 2010
    • 2011
    • 2012
    • 2013
    • 2014
    • 2015

مدینہ منورہ میں دہشت گردی

28 Aug,2016

مسجد نبوی میں جہاں اونچی آواز سے بولنا ادب واحترام کے منافی ہے وہاں 29 رمضان المبارک 1437ھ کو افطاری کے وقت زور دار دھماکہ ہوا۔ سعودی سیکورٹی فورس کی بروقت کارروائی نے مسجد نبوی کے تقدس اور نمازیوں کی ممکنہ دہشت گردی سے بچالیا۔ یہ تربیت اور تزکیہ کا ثمر ہے کہ انہوں نے جان کا نذرانہ دے کر فرض شناسی کا ثبوت فراہم کیا اللہ سبحانہ وتعالیٰ اُن کو روزِ جزا شافع محشر ﷺ کی صحبت نصیب فرمائے۔آمین
ریاض الجنۃ میں محو استراحت ہستیوں سے محبت وعقیدت رکھنے والے افسوس ناک خبر سن کر غم سے نڈھال ہوگئے اور بر ملا اظہار کیا کاش یہ بم ہمارے سینوں پر گرتا ، ہماری اولاد پر پڑتا یا ہمارے ماں باپ کی قبروں پر برستا لیکن مدینہ منورہ محفوظ رہتا۔
سعودی حکومت نے یمن کے حوثی باغیوں کے جارحانہ عزائم دیکھ کر پاکستان سے عسکری تعاون طلب کیا تو پاکستان کی پارلیمنٹ نے سعودی سرحد کی حفاظت سے معذرت کر لی اور حرمین شریفین پر ممکنہ خطرہ کی صورت میں تعاون کا یقین دلایا ، قابل غور پہلو ہے۔
افغانستان پر روسی یلغار کے دوران پاکستان نے افغانیوں سے عسکری تعاون کیا، نائن الیون کے بعد امریکہ نے افغانستان پر حملہ کیا تو حکومت پاکستان نے پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر امریکہ سے تعاون جاری رکھا۔ اقوام متحدہ نے دنیا بھر میںدہشت گردی کے خاتمہ کے لیے فوج طلب کی تو پاکستان نے فراہم کی۔ سری لنکا نے دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے مدد طلب کی پاکستان نے فراہم کی، سعودی عرب جس نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی تکمیل اور میزائیلوں کی تیاری کے لیے خزانوں کے منہ کھول دیئے جب اس نے اپنے ملک کی حفاظت اور دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے فوج طلب کی تو حکومت کی پارلیمنٹ کے دروازہ پر دستک دینا کیوں یاد آئی؟
امریکہ یورپ میں صیہونی نہایت قلیل تعداد میں ہیں لیکن اُن کی منظوری کے بغیر اسمبلی میں کوئی قرار داد پاس نہیں ہوسکتی یہی صورت حال پاکستان میں ہے۔ سعودی عرب کے حق میں عوامی اپیل کے باوجود پارلیمنٹ میں قرار داد منظور نہ ہوسکی۔
سعودی حکومت نے جس خطرہ کے پیش نظر فوجی تعاون طلب کیا تھا عرصہ نہیں گزرا کہ دہشت گردوں نے مدینۃ الرسول کو نسانہ بنایا۔ پرنٹ میڈیا کے مطابق حکومت پاکستان نے حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے خدمات پیش کردیں پاک فوج کے جوان اللہ کی مدد سے حالات پر کنٹرول کر لیں گے۔ ان شاء اللہ
حج کے بعد رمضان المبارک آخری عشرہ کے دوران حرمین شریفین میں مسلمانوں کا دوسرا عظیم اجتماع ہوتا ہے طاغوتی قوتوں کی دہشت گردی کا ممکنہ مقصد یہ تھا کہ مختلف ملکوں سے آئے ہوئے زائرین متأثر ہوں پھر میڈیا کے ذریعے سعودی حکومت کی نا اہلی کا واویلا مچایا جائے۔ قانون قدرت ہے کہ جو قوم اللہ کے دین کی نصرت کرتی ہے اللہ اس کی مدد کرتاہے۔ آزمائش میں ضرور ڈالتا ہے مگررسوا نہیں کرتا ۔ عالم اسلام میں سعودی عرب کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ سرکاری سطح پر امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔ اللہ کی مدد سے سعودی انٹیلی جنس کی بروقت مخبری اور سیکورٹی فورس کی فوری کارروائی سے مسجد نبوی کے تقدس کو مجروح نہ ہونے دیا ، سعودی حکومت بدنام نہیں ہوئی بلکہ حج کے ایام قریب ہیں وہ پہلے کی نسبت مزید محتاط ہوگئی۔
دہشت گرد اور اُن کے سرغنہ وہی لوگ ہوسکتے ہیں جو حرمین شریفین کے تقدس کو پہلے بھی پامال کرتے رہے ہیں اور اپنے مذموم مقاصد کو بروئے کار لانے کی دھمکی دیتے رہے ہیں ، سعودی حکومت نہایت محبت اور جانفشانی سے حرمین شریفین کے تحفظ اور حجاج کرام کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے میں متحرک وفعال ہے،سعودی عرب کے گردونواح ایسی حکومتیں قائم کی جارہی ہیں جن کا سعودی حکومت سے نظریاتی اختلاف ہے ، طاغوتی قوتوں کی منشا ہے کہ سعودی عرب کے حالات عراق،شام اور یمن کی طرح ابتر ہوجائیں اور ان کو حرمین شریفین پر تسلط جمانے میں مزاحمت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
سعودی حکومت اور اس کے اتحادی دہشت گردوں کے خلاف نبردآزماہیں تاریخ شاہد ہے کہ صحابہ کرام نے قیصروکسریٰ کے ایوانوں پر کھڑے ہوکر اذان دی،بہتے دریاؤں میں بے خطر کود کر دشمن کا تعاقب کیا،ساٹھ صحابہ کرام نے گھس کر ساٹھ ہزار کے لشکر کو گوریلا کارروائیوں سے تتر بتر کردیا۔ صحابہ کرام کی اولادعرب دھرتی پر موجود ہے وہ اسلاف کی جرأت،حمیت کی پاسبان بن کر طاغوتی چیلوں کے خلاف دعوت وجہاد کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔ملت اسلامیہ کی عزت ،جان ،مال اور آبرؤ حرمین شریفین پر قربان ہے خدانخواستہ کسی نے میلی آنکھ سے دیکھا تو وہ آہنی ہاتھوں سے اسے نوچ لیں گے۔ ان شاء اللہ
الٰہی حرمین شریفین اور سعودی عرب کی سالمیت ووحدت کو طاغوتی قوتوں اور صیہونی چیلوں کے شر سے محفوظ فرما اور امت مسلمہ کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونے کی توفیق دے۔ آمین
۔۔۔۔۔

Read more...

good hits

 

  • sitemap
YJSG_LINKS_YOUJOOMLA_BRANDING
صفحہ اول