قارئین کرام ! ہم نے اپنی سابقہ معروضات میں رسول اللہ کے وہ فرامین پیش کیے تھے جن میں آپ نے : والذی نفسی بیدہ کے الفاظ کے ساتھ قسم کھا کر بات بیان کی تھی ۔

اور زیر نظر مضمون میں ہم آپ کے سامنے وہ احادیث بیان کرنے کی سعادت حاصل کر رہے جن میں آپ نے : من کان يؤمن بالله واليوم الآخر کی تاکید کے بعد بعض اشیاء بیان فرمائیں ہیں ۔ یہ کون سی نصیحتیں اور احکام ہیں ؟ آئیں ملاحظہ فرمائیں ۔

1 پڑوسی کے حقوق

سيدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ نے فرمایا :

مَنْ كَانَ يُؤْمِنُ بِاللہ وَالْيَوْمِ الْآخِرِ فَلَا يُؤْذِي جَارَهُ

جو شخص اللہ تعالیٰ اور قیامت کے دن پر ایمان رکھتا ہے وہ اپنے پڑوسی کو تکلیف نہ پہنچائے ۔(صحيح بخاري : 6018)

2 مہمان کے حقوق

سیدنا ابو شریح کعبی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ نے فرمایا :

مَنْ كَانَ يُؤْمِنُ بِاللَّهِ وَالْيَوْمِ الْآخِرِ فَلْيُكْرِمْ ضَيْفَهُ .

جو شخص اللہ تعالیٰ اور قیامت کے دن پر ایمان رکھتا ہے اسے چاہیے کہ وہ اپنے مہمان کا اکرام کرے ۔(سنن ابي داؤد : 3748)

3 صلہ رحمی کی اہمیت

سيدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم نے فرمایا :

وَمَنْ كَانَ يُؤْمِنُ بِاللہ وَالْيَوْمِ الْآخِرِ فَلْيَصِلْ رَحِمَهُ .

جو شخص اللہ تعالیٰ اور قیامت کے دن پر ایمان رکھتا ہے اسے چاہیے کہ وہ صلہ رحمی کرے۔(صحيح بخاري : 6138)

4 زبان کی حفاظت

سيدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ نے فرمایا :

وَمَنْ كَانَ يُؤْمِنُ بِاللَّهِ وَالْيَوْمِ الْآخِرِ  فَلْيَقُلْ خَيْرًا أَوْ لِيَصْمُتْ .

جو شخص اللہ رب العزت اور قیامت کے دن پر ایمان رکھتا ہے اسے چاہیے کہ جب بھی بات کرے تو اچھی بات کرے یا خاموش رہے ۔(صحيح بخاري : 6018)

5 مال غنیمت میں احتیاط

سيدنا رویفع بن ثابت رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ نے فرمایا :

مَنْ كَانَ يُؤْمِنُ بِاللہ وَبِالْيَوْمِ الْآخِرِ فَلَا يَرْكَبْ دَابَّةً مِنْ فَيْءِ الْمُسْلِمِينَ حَتَّى إِذَا أَعْجَفَهَا رَدَّهَا فِيهِ، ‏‏‏‏‏‏وَمَنْ كَانَ يُؤْمِنُ بِاللہ وَبِالْيَوْمِ الْآخِرِ فَلَا يَلْبَسْ ثَوْبًا مِنْ فَيْءِ الْمُسْلِمِينَ حَتَّى إِذَا أَخْلَقَهُ رَدَّهُ فِيهِ(سنن ابي داؤد : 2708)

جو شخص اللہ تعالیٰ اور یوم آخرت پر ایمان رکھتا ہے وہ مسلمانوں کی غنیمت کے کسی جانور پر سوار نہ ہو کہ اسے جب دبلا کر ڈالے تو مال غنیمت میں واپس لوٹا دے، اور جو شخص اللہ اور یوم آخرت پر ایمان رکھتا ہو تو وہ مسلمانوں کی غنیمت سے کوئی کپڑا نہ پہنے کہ جب اسے پرانا کر دے تو اسے غنیمت کے مال میں واپس کر دے ۔

6 حاملہ لونڈی سے جماع کرنے کی ممانعت

سيدنا رویفع بن ثابت رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ

رسول اللہ نے فرمایا :

مَنْ كَانَ يُؤْمِنُ بِاللہ وَالْيَوْمِ الْآخِرِ فَلَا يَسْقِ مَاءَهُ وَلَدَ غَيْرِهِ (سنن الترمذی :1131)

جو شخص اللہ تبارک وتعالیٰ اور یوم آخرت پر ایمان رکھتا ہے وہ اپنا پانی کسی غیر کے بچے کو نہ پلائے۔

7 مکہ مکرمہ کی اہمیت

سيدنا شریح کعبی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ نے فرمایا :

إِنَّ اللہ حَرَّمَ مَكَّةَ وَلَمْ يُحَرِّمْهَا النَّاسُ،‏‏‏‏ مَنْ كَانَ يُؤْمِنُ بِاللہ وَالْيَوْمِ الْآخِرِ فَلَا يَسْفِكَنَّ فِيهَا دَمًا،‏‏‏‏ وَلَا يَعْضِدَنَّ فِيهَا شَجَرًا (سنن الترمذی 1406)

مکہ کو اللہ نے حرمت والا ( محترم ) بنایا ہے، لوگوں نے اسے نہیں بنایا، پس جو شخص اللہ اور یوم آخرت پر ایمان رکھتا ہو وہ اس میں خونریزی نہ کرے، نہ اس کا درخت کاٹے ۔

8 قضائے حاجت کا ادب

سيدنا جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم نے فرمایا :

مَنْ كَانَ يُؤْمِنُ بِالله وَالْيَوْمِ الْآخِرِ فَلَا يَدْخُلِ الْحَمَّامَ بِغَيْرِ إِزَارٍ (سنن الترمذی : 2801)

جو شخص اللہ پر اور قیامت کے دن پر ایمان رکھتا ہو وہ تہہ بند باندھے بغیر غسل خانہ میں داخل نہ ہو ۔

9 شراب کی قباحت

سيدناجابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم نے فرمایا :

وَمَنْ كَانَ يُؤْمِنُ بِاللہ وَالْيَوْمِ الْآخِرِ فَلَا يَجْلِسْ عَلَى مَائِدَةٍ يُدَارُ عَلَيْهَا بِالْخَمْرِ  (سنن الترمذی : 2801)

جو شخص اللہ پر اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتا ہو وہ ایسے دستر خوان پر نہ بیٹھے جہاں شراب کا دور چلتا ہو ۔

0 عورتوں سے خلوت نشینی کی ممانعت

سيدنا جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی كريم نے فرمایا :

مَنْ كَانَ يُؤْمِنُ بِاللَّهِ وَالْيَوْمِ الْآخِرِ، فَلَا يَخْلُوَنَّ بِامْرَأَةٍ لَيْسَ مَعَهَا ذُو مَحْرَمٍ مِنْهَا، فَإِنَّ ثَالِثَهُمَا الشَّيْطَانُ

جو شخص اللہ پر اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتا ہو اسے چاہیے کہ وہ کسی عورت سے خلوت اختیار نہ کرے ، الا یہ کہ اس کا محرم موجود ہو کیونکہ عورت سے خلوت اختیار کرنے سے تیسرا شیطان ہوتا ہے ۔(مسند احمد:14651 )

!  مرد کو ریشم اور سونا پہننے کی ممانعت

سيدنا ابوامامہ باہلی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی نے فرمایا :

مَنْ كَانَ يُؤْمِنُ بِاللَّهِ وَالْيَوْمِ الْآخِرِ فَلَا يَلْبَسْ حَرِيرًا وَلَا ذَهَبًا (سلسلة الأحاديث الصحيحة : 337)

جو شخص اللہ اور آخرت کے دن پر یقین رکھتا ہو وہ ریشم اور سونا نہ پہنے ۔

@@ سونے کو سونے کے بدلے کمی پیشی سے فروخت کرنا

سيدنا رویفع بن ثابت رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی نے فرمایا :

مَنْ كَانَ يُؤْمِنُ بِاللَّهِ وَالْيَوْمِ الْآخِرِ فَلَا يَبْتَاعَنَّ ذَهَبًا بِذَهَبٍ، إِلَّا وَزْنًا بِوَزْنٍ وَلَا يَنْكِحْ ثَيِّبًا مِنَ السَّبْيِ حَتَّى تَحِيضَ (مسند احمد : 16998)

جو شخص اللہ اور آخرت کے دن پر یقین رکھتا ہو وہ وہ سونے کو سونے کے بدلے برابر وزن کرکے ہی بیچے اور قیدیوں میں سے کسی شوہر دیدہ سے ہمبستری نہ کرے یہاں تک کہ اسے ایام آجائیں ۔

۔۔۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے