Monthly Magazine of jamia Abi Bakar Al Islamia Karachi Pakistan جامعہ ابی بکر الاسلامیہ کراچی کا ماھنامہ مجلہ اسوہ حسنہ

چیف ایڈیٹر: ڈاکٹر مقبول احمد مکی حفظہ اللہ

  • صفحہ اول
  • شمارہ جات 2020
  • شمارہ جات 2019
  • شمارہ جات 2018
  • سابقہ شمارے
    • 2009
    • 2010
    • 2011
    • 2012
    • 2013
    • 2014
    • 2015
    • 2016
    • شمارہ جات 2017
  • فہمِ قرآن کورس

انسان تخلیق اول سے بعثت بعد الموت تک

31 May,2020

کن فیکون (Immediat result)کے تحت معاملات عالم امر(آسمانوں) میں طے کیے جاتے ہیں۔عالم امر میں زمان و مکاں (Time and Space) کی کوئی قید نہیں ہوتی۔اسی لیے وہاں اپنے وجود کی تکمیل پانے والی ہستیاں ، ملائکہ اور ارواحِ انسانیہ بھی زمان ومکاں کی محدودیت سے ماوراء ہیں۔ ان کے لیے شرق و غرب و عرش سے فرش اور فرش سے عرش تک کا سفر کرنے کے لیے وقت اور فاصلہ کوئی معنی نہیں رکھتا۔

 

اسی عالم امر میںروز ازل سے روز ابد تک آنے والی تمام انسانی ارواح کو تخلیق کیا گیا۔ جو اس وقت چیونٹیوں کی صورت میں لشکروں کی مانند تھیں ۔ان کو اللہ تعالیٰ نے بیک وقت زندگی، شعور اور گویائی عطا کی ، ازروئے قرآن حکیم:

 اور اے نبی! لوگوں کو یاد دلاؤ وہ وقت جبکہ تمہارے ربّ نے بنی آدم کی پشتوں سے ان کی نسل کو نکالااور انھیںخود ان پر گواہ بناتے ہوئے پوچھا تھا: ’’ کیا میں تمھارا ربّ نہیں ہوں؟‘‘ انھوں نے بیک وقت کہا: ’’ ضرور آپ ہی ہمارے ربّ ہیں، ہم اس پر گواہی دیتے ہیں۔‘‘( الاعراف 172)

یہ سب سے پہلا دور وہ ہے جب روح انسانی کو پیدا کیا گیا جو مادی جسم سے محروم تھیں۔وہاں صرف روحانی زندگی تھی۔رسول کریمﷺ سے روح کے بارے میں سوال کیا گیا۔ارشاد ربانی ہوا:

وَ يَسْـَٔلُوْنَكَ عَنِ الرُّوْحِ١ؕ قُلِ الرُّوْحُ مِنْ اَمْرِ رَبِّيْ

’’یہ آپ ﷺ سے روح کے بارے میں پوچھ رہے ہیں، آپ فرمادیجیے ، روح میرے ربّ کا امر ہے۔‘‘(الإسراء:85)

اسی عالم امر میںتمام ارواح انسانی سے بندگی کا عہد لے کر…انھیںطویل نیندسلادیا گیا۔اور یہ نیند کا وقفہ ہماری دوسری زندگی ہے۔ نیند اور موت میں زیادہ فرق نہیں ہے ، نیند کی حالت میں انسان کا شعور سلب کر لیا جاتا ہے، جان تو باقی رہتی ہے مگر روح نکل جاتی ہے۔ اسی لیے نیند کو موت کی بہن کہا جاتاہے۔چنانچہ رسول اکرمﷺ نے سو کر اٹھنے پر یہ دعا تلقین فرمائی ہے:

الحَمْدُ لِلَّهِ الَّذِي أَحْيَانَا بَعْدَ مَا أَمَاتَنَا وَإِلَيْهِ النُّشُورُ

’’ تمام شکر اور تعریف اللہ کے لیے ہے جس نے مجھے زندہ کیا، اس کے بعد کہ مجھے مردہ کردیا تھا۔ اور اسی کی طرف مجھے لوٹ کر جانا ہے۔‘‘ ( صحیح البخاری:6312)

زندگی موت اور نشاۃ ثانیہ (بعث بعد الموت) کو سمجھنے میں لوگوں کو اکثر الجھن ہوتی ہے کہ دوبارہ کیسے زندہ کیے جائیں گے، اور اگر ہو بھی گئے تو مادی جسم کے جذباتی غدودوں کے بغیر جذباتی کیفیتوں کا احساس اور عمر ِ رفتہ کے ذہن کے بغیر گزشتہ یادوں کا شعور کیسے ہوگا۔ان دونوں باتوں کو قابل فہم بنانے کے لیے اللہ تعالیٰ نے نیند اور بیداری کی دو کیفیتیں پیدا کیںتاکہ انسان ایک کمتر درجہ کی موت و حیات کے اعادہ کا مشاہدہ رات دن کرتا رہے۔کسی ذی حیات کو نیند سے بے نیاز اور ہمیشہ بیدار رہنے والا بنانا کچھ مشکل نہ تھا۔انسان کے جسم میں بے شمار ایسے عمل جاری ہیں کہ کہیں آرام کرنے کی ذرا مہلت نہیں، ان میں سے اگر کوئی تھوڑی دیر کے لیے بھی رک جائے تو موت واقع ہوجاتی ہے۔

حیات کے پہلے سانس سے لے کر موت کی آمد تک انسان کے اعضاء رئیسہ اور دیگر اعضاء مسلسل اپنے فرائض کی ادائیگی میں منہمک رہتے ہیں، پھر دوسرے چند اعضاء کے لیے یہ ضروری نہ تھا کہ وہ لازمی تھکن محسوس کریں اور آرام کے محتاج ہوں، وہ بھی ایسے بنائے جاسکتے تھے کہ مسلسل مصروف کار رہیں اور آرام کے محتا ج نہ ہوں۔موت کی ایجاد دراصل اللہ تعالیٰ نے اس لیے فرمائی کہ موت کے بعد حیات کو قابل فہم بنایاجائے اور یہ مشاہدہ کرایا جائے کہ موت کے بعد جس حس و شعور کا تجربہ نا قابل تصور خیال کیا جارہا ہے، نیند میں حس و شعور سے محروم انسان وہ سب کچھ خواب کی دنیا میں محسوس و مشاہدہ کر لیتا ہے۔عین اسی طرح جس طرح وہ بیداری میں مشاہدہ کرتا ہے۔

چار ماہ بعد جو روح عالم ارواح سے لا کر ماں کے پیٹ میں پروان پاتے بچہ کے جسم میں پھونک دی جاتی ہے ، تو وہ حیوانی وجود انسان کا روپ دھار لیتا ہے۔روح ایک نورانی چیز ہے اور وہی اسے حیوان سے انسان بناتی ہے۔اور اسی تبدیلی یا تخلیقی مرحلے کو قرآن حکیم میں ’’ ثُمَّ اَنْشَاْنٰهُ خَلْقًا اٰخَرَ ‘‘ (ایک نئی تخلیق) سے تعبیر کیا گیا ہے۔ارشاد خداوندی ہے:

اَللّٰهُ يَتَوَفَّى الْاَنْفُسَ حِيْنَ مَوْتِهَا وَ الَّتِيْ لَمْ تَمُتْ فِيْ مَنَامِهَا١ۚ فَيُمْسِكُ الَّتِيْ قَضٰى عَلَيْهَا الْمَوْتَ وَ يُرْسِلُ الْاُخْرٰۤى اِلٰۤى اَجَلٍ مُّسَمًّى١ؕ اِنَّ فِيْ ذٰلِكَ لَاٰيٰتٍ لِّقَوْمٍ يَّتَفَكَّرُوْنَ۠

’’ اللہ لوگوں کے مرنے کے وقت ان کی روحیں قبض کر لیتا ہے اور جو مرے نہیں ( ان کی روحیں) سوتے میں( قبض کر لیتا ) ہے پھر جن پر موت کا حکم کر چکتا ہے ان کو روک لیتا ہے اور باقی روحوں کو ایک وقت مقرر کے لیے چھوڑ دیتا ہے۔ جو لوگ فکر کرتے ہیں ان کے لیے ان میں نشانیاں ہیں۔‘‘( سورۃ الزمر 42)

سورۃ الانعام کی آیت 60میں فرمایا:

وَهُوَالَّذِيْ يَتَوَفّٰىكُمْ بِالَّيْلِ وَيَعْلَمُ مَا جَرَحْتُمْ بِالنَّهَارِ ثُمَّ يَبْعَثُكُمْ فِيْهِ لِيُقْضٰۤى اَجَلٌ مُّسَمًّى١ۚ ثُمَّ اِلَيْهِ مَرْجِعُكُمْ ثُمَّ يُنَبِّئُكُمْ بِمَا كُنْتُمْ تَعْمَلُوْنَ

’’ اور وہی تو ہے جو رات کو (سونے کی حالت میں) تمہاری روح قبض کرلیتا ہے ۔ اور جو کچھ تم دن میں کرتے ہو اس کی خبر رکھتا ہے پھر تمہیں دن کو اٹھا دیتا ہے تاکہ (یہی سلسلہ جاری رکھ کر زندگی کی) مدت معین پوری کر دی جائے پھر تم (سب) کو اسی کی طرف لوٹ کر جانا ہے(اس روز) وہ تم کو تمہارے عمل جو تم کرتے رہتے ہو(ایک ایک کر کے) بتائے گا۔‘‘

فلاسفہ اور حکمائے اسلام کے خیال کے مطابق اصل روح کی تین قسمیں ہیں ۔ روحِ حیوانی، روحِ طبیعی اور روحِ انسانی۔ اطبّا نے جس روح کی یہ تعریف کی ہے کہ وہ ان لطیف بخارات کا نام ہے جو اخلاط کی بخاریت اور لطافت سے عالم وجود میں آتے اورانسان کی حیات کا موجب بنتے ہیں، یہ ’’ روحِ حیوانی ‘‘ ہے۔اور فیثا غورث اور اس کے پیرو جس کو روح کہتے ہیں وہ’’ روحِ طبعی ‘‘ ہے۔ حکمائے اسلام اور صوفیاء کرام جس کو روح کہتے ہیں وہ ’’ روحِ انسانی ‘‘ ہے اور افعال و اوصاف کی وہی ذمہ دار ہے۔ معاد کا عذاب و ثواب اسی سے متعلق ہے۔ اور قرآنِ کریم میں اسی کو خطاب کیا گیا ہے، وہی دراصل انسان ہے اور اسی کو ’’روحِ انسانی ‘‘کہا جاتا ہے۔

آج کے جدیدیت اورمادہ پرستی کے دور میں جو چیزیں ہمارے مادہ پرستی کے سانچے میں ڈھل نہیں پاتیں ، ہم انھیں قابل اعتنا ہی نہیں سمجھتے اور انھیں رد کر دیتے ہیں۔روح کا بھی یہی معاملہ ہے ۔ حالانکہ روح عالم خلق (دنیا) کی شے ہے ہی نہیں۔ یہ تو عالم امر کی چیز ہے ، جبکہ مادی قوانین( Physical Laws) عالم خلق سے متعلق ہیں۔اس دنیا میں ہمیں جو زندگی ملی ہے یہ روح اور جسم کا مرکب ہے۔  جب کہ اس سے پہلے کی زندگیاں صرف روح کی زندگیاں تھیں۔

عالم امر میں اللہ کا کوئی شریک نہیں۔ مگر عالم خلق میں یہ انسان اللہ تعالیٰ کا سب سے قابل اعتماد شریک بن کر ابھرتا ہے۔روح ہمارے جسم کو اس طور متصرف بنائے لگتی ہے جس طرح تمام عالم فطرت اللہ کے تصرف میں ہوتا ہے۔کائنات کا فعّال عنصر اللہ ہے تو ہمارے پیکر کا فعّال عنصر روح ہے۔روح انسانی وجود کا ایک نقطہ ارتکاز ہے جو اللہ تعالیٰ کی طرح ابدی ہے۔بقول اقبال  ؎

نظر  اللہ  پہ  رکھتا   ہے  مسلمان  غیور

موت  کیا  ہے ؟  فقط  عالم  معنی  کا  سفر

اس کے بعد انسان کی زندگی کا یہ دنیاوی دور شروع ہوتا ہے۔ جس میں ہر انسان ایک مخصوص عمر گزار کر اس دنیا سے رخصت ہوجاتا ہے۔اب یہاں سے اس کی چوتھی زندگی کی شروعات ہوتی ہے۔یہ قبر اور عالم برزخ کی زندگی ہے۔عذاب قبر بر حق ہے ، جو انسان کو اس کے برے اعمال کی بنا پر دیا جاتا ہے۔اور یہ قرآن اور احا دیث سے بھی ثابت ہے۔ اس کےبعد اگلا مر حلہ عالم بر زخ کا ہے۔اس کی صحیح کیفیت کو ہم اس دنیا میں رہ کر نہیں جان سکتے۔

موت دراصل ایک نئی حیات میں داخل ہونے کا ایک دروازہ ہے جو ہمیں اس سکوتی وقفہ کے طور پر نظر آتی ہے۔ حا لانکہ یہ واقعتا سکوت نہیں بلکہ یہ تو ایک زندگی کا دوسری زندگی میں خاموشی کے ساتھ سرک جانا ہے۔گویا یہ اسرار ساکت ایک نوع کا ہنگامِ بقا ہے۔جو انسانی ایغو (Human Ego) کے تکملے کے لیے ہرلمحہ مصروفِ عمل ہے۔

موت اور زندگی کے اس عمل کے بارے میں بعض لوگوں کا خیال ہے کہ موت کے معنی فنائے محض کے نہیں ہیں۔بلکہ محض تبدیلی جسم کے ہیں ۔روح اس جسم سے مفارقت کر نے کے بعد کوئی دوسرا جسم اختیار کر تی ہے، اور وہ دوسرا جسم یا صحیح الفاظ میں دوسرا قالب اس قابلیت کی مناسبت سے ہوتا ہے جو انسان نے اپنی پہلی زندگی میں اپنے اعمال اور اپنے رجحانات سے بہم پہنچائی ہے۔اگر اس کے اعمال برے رہے ہیں اور اس کے اثر سے اس کے نفس میں بری قابلیتیں پیدا ہوگئی ہیں تو اس کی روح ادنیٰ درجہ کے حیوانی یا نبا تی طبقات میں چلی جاتی جائے گی۔اور اگر اچھے اعمال سے اچھی قابلیتیں اس نے بہم پہنچائی ہیں تو روح اعلیٰ طبقوں کی طرف ترقی کرے گی۔غرض اس نظریے کی رو سے جزا اور سزا جو کچھ بھی ہے اس دنیا اور ان ہی اجسام کے عالم میں ہے۔

گویا اس عقیدے کی روح سے ایک شخص جو اس قت انسان ہے وہ اس لیے انسان ہوگیا کہ جب وہ جانور تھا تو اس نے اچھے عمل کیے تھے۔اور ایک جانور جو اس وقت جانور ہے وہ اس لیے جانور ہوگیا کہ انسان کی جون(undergo a change ) میں اس نے برے عمل کیے تھے۔دوسرے الفاظ میں انسان و حیوان او ر درخت ہونا سب دراصل پہلے جنم کے اعمال کا نتیجہ ہے! اور یہی عقیدہ ٔ تناسخ(Metempsychosis )کہلاتا ہے۔مگر عقل سلیم اس نظریے کو قبول نہیں کر سکتی، اور یہی وجہ ہے کہ انسان عقل او ر علم میں جتنی ترقی کرتا گیا، تناسخ کا اعتقاد باطل ہوتا چلا گیا۔

بہرحال اس کے بعد ایک ہولناک زندگی کا آغاز ہوگا اور وہ ہے آخرت کی زندگی (Day of Judgement ) اس کا آغاز صور کے پھونکے جانے سے ہوگا اور اس کی آواز پر سب مرے ہوئے لوگ زندہ ہو جائیں گے۔ہر مردہ انسان اپنی اسی حالت پر اٹھے گا جس حالت میں اس کی موت واقع ہوئی تھی۔ہر انسان کو ایسا محسوس ہوگا کہ اس پر مدہوشی کی سی کیفیت چند گھنٹوں تک طاری رہی ہے۔  اور پھر سب کو ہانک کر میدان حشر میں لایا جائے گا۔اور ہرایک کا حساب و کتاب اور اعمال کا وزن کیا جا ئے گا۔ارشاد باریٔ تعالیٰ ہے:

وَ كُلُّهُمْ اٰتِيْهِ يَوْمَ الْقِيٰمَةِ فَرْدًا

’’ یہ سارے کے سارے قیامت کے دن اکیلے اُس کے پاس حاضر ہوں گے۔‘‘( مریم 95 )

اور اپنے اعمال کے نتیجے میں ہر شخص کے دو ہی انجام ہوں گے ، جنت کی سکون آمیز اور راحت بخش زندگی یا جہنم کی ہولناک سزائیں!

ہماری یہ دنیا کی زندگی دو موتوں کے درمیان ہے۔ایک وہ موت جب ہم سے ’’ عہد الست‘‘ لینے کے بعد ہمیں گویا ایک طویل عرصے تک سُلادیا گیا ۔ اور دوسری موت وہ جو اس دنیا کی زندگی کے خاتمہ پر آتی ہے۔ہماری یہ زندگی ہماری طویل سفر حیات کا ایک مختصر سا وقفہ ہے۔اور یہ وقفہ ہماری آزمائش کا دورانیہ ہے۔ قرآن حکیم میں ارشاد ہے:

ا۟لَّذِيْ خَلَقَ الْمَوْتَ وَ الْحَيٰوةَ لِيَبْلُوَكُمْ اَيُّكُمْ اَحْسَنُ عَمَلًا

’’ اسی نے موت اور زندگی کو پید اکیا تاکہ تمھاری آزمائش کرے کہ تم میں کون اچھے عمل کرتا ہے۔‘‘(الملک 2)

ہرانسان زندگی میں ان پانچ ادوار سے گزرتا ہے۔چنانچہ برے اعمال کی بناپر دوزخ کی آگ میں ڈالے جانے والے اللہ سے فریاد کریں گے:

رَبَّنَاۤ اَمَتَّنَا اثْنَتَيْنِ وَ اَحْيَيْتَنَا اثْنَتَيْنِ فَاعْتَرَفْنَا بِذُنُوْبِنَا فَهَلْ اِلٰى خُرُوْجٍ مِّنْ سَبِيْلٍ

’’ اے ہمارے پروردگار! تونے ہمیں دو بار مارا اور دو بار ہی زندہ کیا، اب ہم اپنے گناہوں کے اقراری ہیں،تو کیا اب کوئی نکلنے کی را ہ بھی ہے؟ (المؤمن 11)

ان کے اس سوال کا جواب سوائے اس کے اور کیا ہوسکتا ہے کہ:

’’ اللہ پر ایمان اسی وقت ایمان ہوتا ہے جب وہ غیب میں ہو۔ اب مرنے کے بعد سب باتوں کا مشاہدہ کرلیا، اب آخرت اور قیامت سب کچھ نظروں کے سامنے آچکا، تو اب ایمان کی کوئی صورت ممکن ہی نہیں رہی۔ درحقیقت نصیحت صرف وہی حاصل کرتا ہے جو اللہ کی طرف رجوع کرے اور جب تم نے اپنی زندگی میں اللہ  کی طرف کبھی رجوع ہی نہیں کیا ، تو بتاؤ تمھیں کس طرح ہدایت مل سکتی ہے۔‘‘

انسان کی اخروی زندگی میں محاسبہ کی پانچ بنیادیں ہیں، کیونکہ اس کو جن صلاحیتوں سے نواز کر دنیا میں بھیجا گیا تھا اس بنا پر وہ مکلف ہے اپنی پوری زندگی کے محاسبہ کا!

محاسبہ کی پہلی بنیاد یہ ہے کہ ، اللہ تعالیٰ نے انسان کو سماعت و بصارت عطا کی۔

اِنَّا خَلَقْنَا الْاِنْسَانَ مِنْ نُّطْفَةٍ اَمْشَاجٍ١ۖۗ نَّبْتَلِيْهِ فَجَعَلْنٰهُ سَمِيْعًۢا بَصِيْرًا

’’ بے شک ہم نے انسان کو ملے جلے نطفے سے امتحان کے لیے پیدا کیااور اس کو سنتا دیکھتا بنایا۔‘‘ (الدھر 2)

دوسری بنیاد یہ ہے کہ اسے عقل و فہم اور شعور و بصیرت سے نوازا:

وَ لَا تَقْفُ مَا لَيْسَ لَكَ بِهٖ عِلْمٌ١ؕ اِنَّ السَّمْعَ وَ الْبَصَرَ وَ الْفُؤَادَ كُلُّ اُولٰٓىِٕكَ كَانَ عَنْهُ مَسْـُٔوْلًا

’’ جس بات کی تجھے خبر ہی نہ ہو اس کے پیچھے مت پڑ، کیونکہ کان اور آنکھ اور دل ان میں سے ہر ایک سےپوچھ گچھ کی جانے والی ہے۔‘‘ ( بنی اسرائیل 36)

تیسرے یہ کہ ہر نفس انسانی کے اندر نیکی اور بدی کا شعور ودیعت کیا گیا ہے۔نیکی اور بدی کی پہچان فطرت انسانی میں رکھ دی گئی ہے۔

فَاَلْهَمَهَا فُجُوْرَهَا وَ تَقْوٰىهَا

’’ پھر اس کو بدکاری (سے بچنے) اور پرہیزگاری کرنے کی سمجھ دی۔‘‘ ( الشمس 8)

ہر شخص بنیا دی طور پر یہ جانتا ہے کہ جھوٹ بولنا بر اہے اور سچ بولنا اچھاہے۔ ہمدردی اچھی شے ہے اور ظلم بری شے۔یہ چیزیں بنیادی اخلاقیات میں سے ہیں جو انسان کی فطرت میں شامل ہیں۔ اسی لیے قرآن نیکی کو معروف کہتا ہے، یعنی یہ لوگوں کے نزدیک جانی پہچانی چیز ہے۔ اور برائی اور گناہ کو منکر کا نام دیتا ہے۔یعنی اس سے انسان کی فطرت نفرت کرتی ہے ، اگر فطرت مسخ نہ ہو گئی ہو۔

محاسبہ کی چوتھی بنیاد روح میں اللہ کی معرفت ہے۔اللہ تعالیٰ نے عالم ارواح میں سب سے عہد لیا تھا، جب ان سے پوچھا تھا ، کیا میں تمھارا ربّ نہیں ہوں ؟ تمام ارواح نے اقرار کیا تھا ، کیوں نہیں ، تو ہی ہمارا ربّ ہے،( ہم تیری ہی بندگی کریں گے)

محاسبۂ اخروی کی پانچویں بنیا د وہ جذبۂ محبت ہے جو روح میں رکھا گیا ہے۔یہ معرفت اور محبت خوابیدہ ہے، اس کو بیدار کرنے کے لیے اللہ تعالیٰ کی طرف سے کلام ِربانی کی بارش ہوتی ہے۔روح کو کلامِ ربانی کی غذا ملتی ہے تو اس کی صلاحیت ابھر تی ہے۔

انسان کو اللہ نے زمین پر اپنا نائب بنایا اور فرشتوں سے بڑھ کر علم عطا کیا، اور اس کے علم کو فرشتوں کی تسبیح و تقدیس پر ترجیح دی۔

ازروئے قرآن حکیم:

وَاِذْ قَالَ رَبُّكَ لِلْمَلٰٓىِٕكَةِ۠ اِنِّيْ جَاعِلٌ فِي الْاَرْضِ خَلِيْفَةً١ؕ قَالُوْۤا اَتَجْعَلُ فِيْهَا مَنْ يُّفْسِدُ فِيْهَا وَ يَسْفِكُ الدِّمَآءَ١ۚ وَ نَحْنُ نُسَبِّحُ بِحَمْدِكَ وَنُقَدِّسُ لَكَ١ؕ قَالَ اِنِّيْۤ اَعْلَمُ مَا لَا تَعْلَمُوْنَ

’’ اور جب تیرے ربّ نے فرشتوں سے کہا کہ میں زمین میں خلیفہ بنانے والا ہوں ، تو انھوں نے کہا کہ ایسے شخص کو کیوں پیدا کرتا ہے جو زمین میں فساد کرے اور خون بہائے؟ اور ہم تیری تسبیح اور ہم تیری حمداور پاکیزگی بیان کرنے والے ہیں ۔ اللہ نے فرمایا ، جو میں جانتا ہوں تم نہیں جانتے۔‘‘ (البقرہ 30)

سورۃ الحجر کی آیات 28تا31میں ارشاد ربانی ہوا:

وَ اِذْ قَالَ رَبُّكَ لِلْمَلٰٓىِٕكَةِ۠ اِنِّيْ خَالِقٌۢ بَشَرًا مِّنْ صَلْصَالٍ مِّنْ حَمَاٍ مَّسْنُوْنٍ فَاِذَا سَوَّيْتُهٗ وَ نَفَخْتُ فِيْهِ مِنْ رُّوْحِيْ فَقَعُوْا لَهٗ سٰجِدِيْنَ

فَسَجَدَ الْمَلٰٓىِٕكَةُ كُلُّهُمْ اَجْمَعُوْنَ اِلَّاۤ اِبْلِيْسَ١ؕ اَبٰۤى اَنْ يَّكُوْنَ مَعَ السّٰجِدِيْنَ

’’ اور جب تیرے پروردگار نے فرشتوں سے فرمایا کہ میں ایک انسان کو کالی اور سڑی ہوئی کھنکھناتی مٹی سے پیدا کرنے والا ہوں۔ تو جب میں اسے پورا بنا چکوں اور اس میں اپنی روح پھونک دوں تو تم سب اس کے لیے سجدے میں گر پڑنا۔چنانچہ تمام فرشتوں نے سجدہ کر لیا، مگر ابلیس کہ اس نے سجدہ کرنے والوں میں شمولیت کرنے سے (صاف ) انکار کردیا۔‘‘

اللہ کے حکم کے مطابق فرشتوں نے سجدہ کیا،اور اس طرح ملکوتیت بشریت کے آگے سجدہ ریز ہوئی۔مگر ابلیس نے انکار کیا اور اس طرح شیطانی قوتیں انسان کے آگے نہ جھکیں۔اصل میں تو انسان مٹی کا ایک حقیر سا ٹکڑا تھا، مگر اللہ نے اس میں جو روح پھونکی اور اس کو جو علم بخشا تھا اس نے اسے نیابت الٰہی کا اہل بنا دیا۔

یہ ہے وہ مقام جہاں سے اسلام اور مغرب کے فلسفہ کی راہیںایک دوسرے سے جدا ہوجاتی ہیں۔مغربی فلسفہ کی رو سے انسان ایک حیوان ناطق ہے۔مگر اسلا م میں وہ نائب اللہ تعالیٰ کا ہے۔خالق کائنات نے جو کچھ بھی پید ا کیا وہ سب کچھ انسان کی ذات کے لیے ہی ہے۔

ارشاد باری تعالیٰ ہے:

وَ لَقَدْ كَرَّمْنَا بَنِيْۤ اٰدَمَ وَ حَمَلْنٰهُمْ فِي الْبَرِّ وَ الْبَحْرِ وَ رَزَقْنٰهُمْ مِّنَ الطَّيِّبٰتِ وَ فَضَّلْنٰهُمْ عَلٰى كَثِيْرٍ مِّمَّنْ خَلَقْنَا تَفْضِيْلًا

’’ یقیناً ہم نے اولاد آدم کو بڑی عزت دی اور انھیں خشکی اور تری کی سواریاں دیں اور انھیں پاکیزہ چیزوں کی روزیاں دیں، اور بہت سی مخلوق پر انھیں فضیلت عطا کی۔‘‘ (بنی اسرائیل 70)

 سورۃ الحج کی آیت 65میں ارشاد فرمایا:

اَلَمْ تَرَ اَنَّ اللّٰهَ سَخَّرَ لَكُمْ مَّا فِي الْاَرْضِ وَ الْفُلْكَ تَجْرِيْ فِي الْبَحْرِ بِاَمْرِهٖ١ؕ وَ يُمْسِكُ السَّمَآءَ اَنْ تَقَعَ عَلَى الْاَرْضِ اِلَّا بِاِذْنِهٖ١ؕ اِنَّ اللّٰهَ بِالنَّاسِ لَرَءُوْفٌ رَّحِيْمٌ

’’ کیا آپ نے نہیں دیکھا کہ اللہ ہی نے زمین کی تمام چیزیں تمھارے بس میں کر دی ہیں۔اور اس کے فرمان سے پانی میں چلتی ہوئی کشتیاں بھی، وہی آسمان کو تھامے ہوئے ہے کہ زمین پر اس کی اجازت کے بغیر گر نہ پڑے، بے شک اللہ لوگوں پر شفقت و نرمی کرنے والا اور مہر بان ہے۔‘‘

ان آیات میں انسان کو بتایا گیا کہ زمین میں جتنی چیزیں ہیں وہ تیرے فائدے کے لیے ہی مسخر کی گئیں ہیں اور یہی حال آسمانوں کی بہت سی چیزوں کا بھی ہے۔ بقول اقبال :

نہ تو زمیں کے  لیے  ہے  نہ آسماں کے لیے

جہاں ہے تیرے لیے تو نہیں جہاں کے لیے

اس ضمن میں یہ بات بھی ذہن میں واضح ہونی چاہیے کہ اسلامی تعلیمات میں کوئی فرد واحد یا کوئی گروہ نائب الٰہی نہیں ہے، بلکہ پوری نوع انسانی کو یہ فضیلت عطا کی گئی ہے۔گویا اس روئے ارضی پر بسنے والا ہر انسان اللہ تعالیٰ کا ہونے کے اعتبار سے مرتبے میں برابر ہے۔

یہاں جو کچھ بھی ہے اسے اللہ نے انسان کے لیے پیدا کیاہے۔اور انسان چونکہ براہِ راست خالق کے لیے پیدا کیا گیا ہے اس لیے اس کا یہ فرض قرار دیا گیاہے کہ انفرادی اور اجتماعی جس رنگ میں بھی انسانیت پائی جائے اس کے تکریمی اور اکرامی حقوق کو ادا کرتے ہوئے اپنے آپ کو اللہ کے لیے بناتا چلا جائے، تب وہ پائے گا کہ اللہ بھی اس کے لیے بنا ہوا ہے۔اسی سے ہم آہنگی اور توافق کا دائرہ بن جاتا ہے۔لیکن انسان اللہ کے لیے اپنے آپ کو نہ بنائے بلکہ تصادم و تخالف اور ٹکراؤ ہی کے مشغلوں میں زندگی گزار کر مرے گا تو اللہ، اللہ کے ارادے، اللہ کے قوانین کو بھی پائے گا کہ اس کے ہر ارادے اور اس کی ہر خواہش سے ٹکرا رہے ہیں۔

خلیفہ بن کر بندہ بن جانے یعنی سب کچھ رکھتے ہوئے اسی سب کچھ کو اللہ کی مرضی کا تابع بنالینے کی وجہ سے اب اللہ اور اس کی قوتیں بندے کی ہم نوا بن جاتی ہیں، جو آثار و ثمرات و برکات اس راہ سے حاصل ہوتے ہیں ان کے مقابلے میں فرشتہ بنانے والی ریاضتوں اور مجاہدوں کے کارناموں کی کوئی قدر و قیمت باقی نہیں رہتی ہے۔اسلامی نظامِ زندگی کی دعوت دینے والے بزرگوں میںجن کو اس راہ کا سب سے پہلا داعی اور ہادی سمجھا جاتا ہے ، یعنی سیدنا نوح علیہ السلام کی طرف بھی قرآن میں یہ فقرہ منسوب کیا گیا ہے:

وَ لَاۤ اَقُوْلُ لَكُمْ عِنْدِيْ خَزَآىِٕنُ اللّٰهِ وَ لَاۤ اَعْلَمُ الْغَيْبَ وَ لَاۤ اَقُوْلُ اِنِّيْ مَلَكٌ

’’ میں نہیں کہتا کہ میرے پاس اللہ کے خزانے ہیں، اور نہ میں غیب کی باتوں کو جانتا ہوںاور نہ میں کہتا ہوں کہ میں فرشتہ یعنی ملک ہوں۔‘‘ (سورۃ ہود 31)

اور اسی راہ کی آخری ہستی نبوتوں کے خاتم محمد رسول اللہ ﷺ کو بھی یہی حکم دیا گیا ہے کہ:

قُلْ لَّاۤ اَقُوْلُ لَكُمْ عِنْدِيْ خَزَآىِٕنُ اللّٰهِ وَلَاۤ اَعْلَمُ الْغَيْبَ وَلَاۤ اَقُوْلُ لَكُمْ اِنِّيْ مَلَكٌ

’’ کہہ دو! میں نہیں کہتا کہ میرے پاس اللہ کے خزانے ہیں ، اور نہ میں غیب کی باتوں کو جانتا ہوں، اور نہ میں کہتا ہوں کہ میں فرشتہ یعنی ملک ہوں۔‘‘ ( سورۃ الانعام 50)

انسان کے وجود میں اللہ نے نسیان(بھول) کا مادہ بھی رکھا ہے۔جو انسان کو اس کی زندگی میں پیش آنے والی ناخوشگوار یادوں، حادثات اور دلخراش سانحات کو بھلانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ اگر نسیان کا یہ مادہ نہ ہوتا تو انسان کی زندگی اجیرن ہوجاتی، اوروہ بے اختیار پکار اٹھتا، بقول غالب :

یادِ ماضی عذاب ہے یا ربّ       چھین لے مجھ سے حافظہ میرا

زندگی میں کچھ لوگ ایسے ضرور ہوتے ہیں جو اپنے پیاروں کو چھوڑ کر دنیا سے سدھار جاتے ہیں ، تو انھیں دل سے بھلا دینا محال ہوتا ہے۔ان کے ساتھ گزارے ہوئے روز وشب انسان کو پل پل ستا تے ہیں رلاتے ہیں، زندگی بے کیف اور بے معنی لگنے لگتی ہیں اور لاکھ جتن کے باوجود ذہن سے ان کی یادوں کو بھلا دینا مشکل ہوجاتا ہے۔ یادوں کی یہ بارات ذہن و دل کے افق پر بار بار اپنے جلوے بکھیرتی ہے تو دل کی دنیا اُتھل پَتھل ہوکر رہ جاتی ہے۔ ۔ایسے حالات میں ربّ کائنات نے ایک عظیم نعمت سے انسان کو نوازا، جسے’’ نسیان‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔نسیان وہ قوت محرکہ ہے جو انسان کے بکھرے جذبات اور یادوں کے گہرے نقوش کو دھندلا دیتی ہے، وقت کا مرہم ہر رستے زخم کو مندمل کر دیتا ہے۔اور انسان پھر سے اس دنیا کی ہوش ربا اور دلفریب رنگینیوں میں کھو جاتا ہے۔ بقول فیض  ؎

دنیا  نے  تیری  یاد  سے  بیگانہ کردیا

تجھ سے بھی دلفریب ہیں غم روزگار کے

چنانچہ انسانوں کی اکثریت دنیا کی ان رنگینیوں اور رنگ ونور کی چکاچوند میں گم ہو کر اپنے ربّ سے کیے ہوئے اس عہد کو بھی بھول جاتی ہے جو اس نے اس وقت کیا تھا جب وہ عالم ارواح میں تھے ۔جس طرح نو زائیدگی کی عمر کا ایک بڑ ا حصہ بچے کے ذہن میں نہیں رہتا اسی طرح ایک بالغ انسان کا کیا ہوا وہ ’’عہداَلَسْتُ بِرَبِّكُمْ‘ ‘ ذہن کی اتھاہ گہرائیوں میں اتر جا تا ہے۔اس بھولی ہوئی داستاں کو شعور و ادراک کی سطح پر لانے کے لیے ٖصرف ایک ہی ذریعہ ہے اور وہ ہے، اللہ سبحانہ تعالیٰ کے کلام کو گہرائی میں اتر کر سمجھنا۔قرآن جب دل و دماغ کی پہنائیوں میں جگہ بنالے تو انسان پر تمام عقدے کھلتے چلے جاتے ہیں اور نسیان کا وہ غبار جس نے ذہن کی سطح کو ڈھانپا ہوتا ہے، ہوا بن کر اڑ جاتا ہے۔

اور جونہی انسان معصیت اور اس کے غلط اثرات کو اپنے ذہن و قلب سے دھولیتا ہے، پھر انابت الی اللہ کے مراحل طے کر نے لگتا ہے۔تطہیری عمل جس کے ذریعے ایک عاصی انسان اپنے نفس کو پاک کرتا ہے وہ توبہ یا رجوع الی اللہ کہلا تا ہے۔

خالق حقیقی کی صفاتِ حسنہ پر تجدید ایمان اور اس حقیقت کا یقین کہ اس کا مربی اور اس کی خودی کو بالیدگی اور نشو و نما دینے والا سوائے اللہ تعالیٰ کے کوئی اور نہیں ہے ، تو وہ اسی سے عفو و درگزر کا خواستگارہوتا ہے اور سمجھتا ہے کہ اس کی خوشنودی اور رضاکے ساتھ ہر شخص اپنی اگلی زندگی میں اپنی ذہنی سطح ور کیفیت کے مطابق اپنی جنت اور دوزخ خود بنائے گا۔ اس سلسلے میں اصل اہمیت اِس مادی دنیا میں کمائے ہوئے اعمال کی ہوگی جس کے اثرات اِ س کے لا شعور میں جمع ہوتے رہتے ہیں اور جس کی پوٹلی باندھ کر وہ اگلی زندگی میں قدم رکھے گا۔اس ابدی زندگی میں اسے اپنے کسب شدہ اعمال کے نتائج بھگتنے ہوں گے۔یا تو مثبت طور پر وہ اس کے کام آئیں گے یا پھر سخت تکلیف دہ عواقب برداشت کر نا ہوں گے۔وہاں پر اسے ان تمام لوگوں سے واسطہ پڑے گا جن کے حقوق اس دنیا میں اس نے غصب کیے ہوں گے، خود اس کے اعضاء و جوارح کو زبان دے دی جائے گی جو اس کے خلاف شہادت دیں گے۔ گویا وہی معاملہ ہوگا کہ

جن پتھروں کو ہم نے عطا کی تھیں دھڑکنیں

ان کو زباں ملی تو ہم ہی پر برس پڑے

اگر دنیا میں انسان کے اعمال اس کی فطرت ِ سلیمہ اور خالق کائنات کی مر ضیّات کے مطابق ہوں گے تو اسے اگلی دنیا میں نہایت خوشگوار لوگوں کی معیّت اورنہایت دیدہ زیب اور دل فریب مناظر و اشیا ء سے نوازا جائے گا۔کسی شخص نے جس درجے میں اپنے خالق حقیقی کی صفت حسن کو اپنے اخلاق و اعمال میں اپنایا ہوگا وہ اسی قدر نعمتوں کا مستحق ہوگا۔ اور آخرت کی زندگی میں بھی اس کی خودی کی بالیدگی اور ترفع کا عمل جاری رہے گا۔ارشاد ربانی ہے:

وَمَنْ يَّعْمَلْ سُوْٓءًا اَوْ يَظْلِمْ نَفْسَهٗ ثُمَّ يَسْتَغْفِرِ اللّٰهَ يَجِدِ اللّٰهَ غَفُوْرًا رَّحِيْمًا

’’ اور جو شخص کوئی برا کام کرے یا اپنی جان پر ظلم کرے پھر اللہ سے مغفرت طلب کرےتو وہ اللہ کو بڑا مغفرت کرنے والا اور بڑا رحم والا پائے گا۔‘‘ ( سورۃ النساء 110)

اور اگر اِس زندگی میں کسی شخص کے اعمال اس کی فطرتِ سلیمہ اور خالق کائنات کے احکام کے خلاف ہوں گے تو اسے اپنے اعمالِ بد کو انتہائی کریہہ صورتوں میں متشکل دیکھنا پڑے گا۔ مثلاً آگ کی لپٹ، انتہائی گندہ اور نا پسندیدہ پانی، ناکارہ اور بد ذائقہ غذا ، جسمانی تعذیب ، سانپ ، بچھو وغیرہ۔جنت اور دوزخ اور ان کی تفاصیل صرف استعارے نہیں بلکہ واقعی اور حقیقی مقامات ہیں۔جو اگرچہ متشکل ان اعمال کے نتیجے میں ہوں گے، جو ہم اس دنیوی زندگی میں کرتے ہیںاور جن کے اثرات ہمارے لا شعور میں جمع ہوتے رہتے ہیں، یہی اعمال حیاتِ اخروی میں معروضی کیفیات اور مقامات کا روپ دھار لیں گے جو یا تو انتہائی آرام دہ اور خوش کن ہوں گے یا انتہائی تکلیف دہ اور مضرت بخش۔ارشاد باری تعالیٰ ہے:

وَ كُلَّ اِنْسَانٍ اَلْزَمْنٰهُ طٰٓىِٕرَهٗ فِيْ عُنُقِهٖ١ؕ وَ نُخْرِجُ لَهٗ يَوْمَ الْقِيٰمَةِ كِتٰبًا يَّلْقٰىهُ مَنْشُوْرًا اِقْرَاْ كِتٰبَكَ١ؕ كَفٰى بِنَفْسِكَ الْيَوْمَ عَلَيْكَ حَسِيْبًا مَنِ اهْتَدٰى فَاِنَّمَا يَهْتَدِيْ لِنَفْسِهٖ١ۚ وَ مَنْ ضَلَّ فَاِنَّمَا يَضِلُّ عَلَيْهَا١ؕ وَ لَا تَزِرُ وَازِرَةٌ وِّزْرَ اُخْرٰى١ؕ وَ مَا كُنَّا مُعَذِّبِيْنَ حَتّٰى نَبْعَثَ رَسُوْلًا۰

’’ اور ہم نے ہر انسان کے اعمال کو (بصورت کتاب) اس کے گلے میں لٹکا دیا ہے اور قیامت کے روز (وہ) کتاب اسے نکا ل کر دکھائیں گے جسے وہ کھلا ہوا دیکھے گا، (کہا جائے گا کہ) اپنی کتاب پڑھ لے تو آج اپنا خود ہی محاسب کافی ہے۔جو شخص ہدایت اختیار کر تا ہے تو اپنے لیے اختیار کر تا ہے اور جو گمراہ ہوتا ہے تو گمراہی کا ضرر بھی اسی کو ہوگا۔اور کوئی شخص کسی دوسرے کا بوجھ نہیں اٹھا ئے گا۔اور جب تک ہم پیغمبر نہ بھیج لیں عذاب نہیں دیا کرتے۔‘‘ (سورۃ بنی اسرائیل 13.14.15)

نفس اور روح کی مکمل تطہیر اس وقت تک ممکن ہی نہیں جب تک انسان ان تمام خواہشات، تمناؤں اور افعال سے اجتناب نہیں کر لیتا جو اس کی فطرتِ سلیمہ کے خلاف ہیں ۔اورہر طرف سے منہ موڑ کر اس حسنِ ازلی کی طرف رخ نہیں کرلیتا جس کی عبادت و محبت کی

خواہش اس کے وجود کی گہرائیوں سے پھوٹ رہی ہے۔ازروئے قرآن حکیم:

وَ تَبَتَّلْ اِلَيْهِ تَبْتِيْلًا

’’ اور سب سے کٹ کر اسی کے ہو رہو‘‘(سورۃ المزمل 08)

خدا فروشی انسان کو خود فراموشی کے ذہنی عذاب میں مبتلا کردیتی ہے۔ازروئے قرآنِ حکیم:

وَ لَا تَكُوْنُوْا كَالَّذِيْنَ نَسُوا اللّٰهَ فَاَنْسٰىهُمْ اَنْفُسَهُمْ١ؕ اُولٰٓىِٕكَ هُمُ الْفٰسِقُوْنَ۔ (سورۃ الحشر 19)

’’ اور ان لوگوں جیسے نہ ہونا جنھوں نے اللہ کو بھلا دیا تو اللہ نے انھیں ایسا کر دیا کہ خود اپنے تئیں بھول گئے ۔ یہ بد کردار لوگ ہیں۔‘‘

انسان کے جسمانی وجود کے اجزائے ترکیبی کیا ہیں ؟ مٹی اور پانی سے گندھا گارا جو بدبو دار اور لیسدار تھا اور جو خشک ہوکر بجنے لگاتھا۔ اس اعتبار سے انسان کوئی قابل ذکر چیز تھا ہی نہیں۔ مگر جب خالق کائنات ربّ عظیم نے اپنی روح اس وجود خاکی میں پھونکی ، اسی لمحہ وہ قابل ذکر شے بن گیا ، اور اس کو مسجود ملائک کا اعزاز بھی حاصل ہوگیا۔پھر اسی ربّ کائنات نے اسے اختیار و ارادے کی آزادی دے کر اس فانی اور ناپائدار دنیا میں بھیج دیا۔مقصد صرف ایک تھا ، اس بدن و روح سے مرکب وجود کا امتحان لیناکہ وہ اپنے ربّ اور خالق کی وفاداری کس حد تک نبھاتا ہے۔اس کے اس امتحان کے لیے مرغوبات نفس، شہوات و لذات ، جام و مینا کی گردشیں ، اور گمراہیوں کے جال ہر سو پھیلادئے گئے… تو دوسری طرف ربّ کائنات نے سماعت، بصارت، عقل و فہم کے ہتھیار بھی انسان کو ودیعت کر دیے کہ جب دنیا کی رنگینوں کے خوابیدہ ماحو ل میں اس کے قدم لڑ کھڑانے لگیں، ہوش و خرد کی دنیا تہ و بالا ہونے لگے تو وہ ان ہتھیاروں سے اپنا د فاع کر سکے۔ان ہتھیاروں کو متحرک کرنے کے لیے اللہ نے اپنی ہدایت کو بھی انسان کے ساتھ ساتھ کر دیا۔ ارشاد ہوا:

فَاِمَّا يَاْتِيَنَّكُمْ مِّنِّيْ هُدًى فَمَنْ تَبِعَ هُدَايَ فَلَا خَوْفٌ عَلَيْهِمْ وَلَا هُمْ يَحْزَنُوْنَ

’’ جب تمھارے پاس میری طرف سے ہدایت پہنچے تو ( اس کی پیروی کرنا کہ) جنھوں نے میری ہدایت کی پیروی کی ان کو نہ کچھ خوف ہوگا اور وہ غمناک ہوں گے‘‘ (سورۃ البقر ہ 38)

دنیا کی زندگی کا راستہ خواہشات و ترغیبات اور نفس کو مغلوب و مائل کرنے والی خاردار جھاڑیوں سے ہو کر گزرتا ہے۔ ربّ چاہتا ہے انسان اس راستہ پر اپنا دامن بچاکر اُس تک پہنچنے کی سعی و جہد کرے۔اور اپنے اس عہد کو پورا کرنے کی فکر کرے جو وہ اپنے ربّ سے کر چکا ہے ۔ انسان جب مادیت کی سطح سے بلند ہوکر اپنی عبادات و معاملات میں تقویٰ کی روش اختیار کرتا ہے تو اس کی روح میں بیداری پیدا ہوتی ہے، جو اس کی بد اعمالیوں کے سبب اضمحلال کا شکار ہوچکی تھی ۔ اور دنیوی لذتیں اور طاؤس و رباب کی حلاوتو ں کا احساس نیم جان ہونے لگتا ہے، آسودگی اور احساس طمانیت حاصل ہوجاتا ہے۔خدا شناسی ، خود فراموشی کے احساس کو زائل کردیتی ہے۔ ربّ کی معرفت ہی اپنی ذات کی معرفت کے حصول کا واحد راستہ ہے۔کلام الٰہی کا گہرا مطالعہ علوم و معرفت کے وہ تمام در کھول دیتا ہے جو انسان زیغ و ضلال کی روش اختیار کر کے خود اپنے لیے بند کر چکا ہوتا ہے۔اور آفاق و انفس میں بکھری حق و صداقت کی نشانیوں کا شعور و ادراک بھی ان آیات قرآنیہ کے بین السطور اسے نمایاں طور پر نظر آجاتا ہے۔اس لیے کہ ان آیات بینات میں اسی(انسان) کا تو ذکر ہے۔ ارشاد ربانی ہے:

’’ہم نے تمھاری طرف ایسی کتاب نازل کی ہے جس میں تمھارا تذکرہ ہے، کیا تم نہیں سمجھتے؟ ‘‘ (سورۃ الانبیاء10)

This email address is being protected from spambots. You need JavaScript enabled to view it.

کتابیات

1۔قرآنِ حکیم ترجمہ: مولانا فتح محمد خان جالندھریؒ

2۔اسلامی نظریہ ٔ حیات ازپروفیسر خورشید احمد

3۔تفسیرمعار ف القرآن ازمفتی محمد شفیع ؒ

4۔سیرتِ خیر الانام ﷺازڈاکٹر اسرار احمد ؒ

5۔منشور اسلام ازڈاکٹر محمد رفیع الدینؒ

6۔رسولِ عربی ؐ اور عصر جدیدازسید محمد اسماعیل

7۔تفسیر معارف القرآن (جلد پنجم)مولانا محمد ادریس کاندھلویؒ

8۔حجۃ اللہ البالغہ (حصہ اول)ازشاہ ولی اللہ محدث دہلویؒ

Read more...

تخلیق آدم علیہ السلام کے مراحل اور عقیدۂ توحید

15 Sep,2019

اللہ تعالیٰ نے سیدنا آدم  علیہ السلام  کو مٹی سے پیدا کیا اور مٹی کو مختلف مراحل سے گزار کر انسانِ اوّل کا ڈھانچہ تیار کیا اس لیے جب سیدنا آدم ان کی تخلیق کاذکر ہوتا ہے تو کبھی ایک مرحلہ سے اس کا آغاز کیا جاتا ہے اورکبھی دوسرے مرحلہ سے ابتداء کی جاتی ہے۔ ایک جگہ فرمایا کہ ہم نے انسان کو مٹی سے پیدا کیا، دوسری جگہ کھڑکھڑاتی ہوئی مٹی کا ذکر کیا ہے، پھر فرمایا۔ ہم نے انسان کو بدبودار مٹی سے پیدا کیا۔ کبھی فرمایا کہ ہم نے انسان کو مٹی کے جوہر سے پیدا کیا۔ گویا کہ تخلیقی ترتیب کی مناسبت اور اس کی دلچسپی کے باعث اس کے مختلف تخلیقی مراحل کا ذکر کیا جاتا ہے۔ تاکہ انسان اپنی تخلیق کو یاد کرکے اپنے آپ، اپنے مالک اور خالق کو پہچاننے کی کوشش کرے اور اس کی بندگی کا حق ادا کرتا رہے۔ چنانچہ ارشاد ہوتا ہے:

 

وَ اِذْ قَالَ رَبُّكَ لِلْمَلٰٓىِٕكَةِ اِنِّيْ جَاعِلٌ فِي الْاَرْضِ خَلِيْفَةً قَالُوْا اَتَجْعَلُ فِيْهَا مَنْ يُّفْسِدُ فِيْهَا وَ يَسْفِكُ الدِّمَآءَ وَ نَحْنُ نُسَبِّحُ بِحَمْدِكَ وَ نُقَدِّسُ لَكَ قَالَ اِنِّيْ اَعْلَمُ مَا لَا تَعْلَمُوْنَ (البقرہ: 30)

’’اور جب آپ کے رب نے فرشتوں سے فرمایا کہ میں زمین میں نائب بنانے والا ہوں، انہوں نے عرض کی۔کیا آپ زمین میں اُسے بنائیں گے جو اس میں فساد کرے گااور خون بہائے گا۔ ہم حمد و ثناء کے ساتھ تیری تسبیح و تقدیس بیا ن کرتے ہیں، فرمایا:جو میں جانتا ہوں تم نہیں جانتے۔ ‘‘

ربِ کائنات نے زمین و آسمان کو بنانے اور سجانے کے بعد کائنات کی اعلیٰ ترین مخلوق ملائکہ کے باوقار اور پر شکوہ اجتماع میں پورے جاہ و جلال کے ساتھ سیدنا آدم علیہ السلام  کی تخلیق اور خلافت کا اعلان فرمایا۔اللہ، اللہ۔ کیا احترام و مقام ہے جناب آدم علیہ السلام  کا۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں اپنے ہاتھ سے پیدا کیا۔ اس کو بہترین سانچے میں استوار فرمایا۔اپنی طرف سے روح کو اس میں القاء کیا اور پھر خلافت کے منصب پر فائزفرماکراعلیٰ ترین مخلوق سے سجدہ کروایا۔سیدنا آدم علیہ السلام  کی خلافت کا اعلان سنتے ہی ملائکہ نے اللہ کے حضور اس خدشہ کا اظہار کیا کہ یہ تو ایسی مخلوق ہے کہ جو زمین میں قتل و غارت اور دنگا فساد کرے گی جب کہ ہم آپ کے لائق تیری حمد وستائش کرتے ہیں۔ خلافت سے مراد اللہ تعالیٰ کی خلافت نہیں بلکہ سیدنا آدم علیہ السلام  کی حکمرانی ہے یا پھر آدم علیہ السلام  جنات کے خلیفہ ہیں کیونکہ آدم علیہ السلام  سے پہلے زمین کا نظام جنات کے سپرد تھا ۔

اِذْ قَالَ رَبُّكَ لِلْمَلٰٓىِٕكَةِ اِنِّيْ خَالِقٌۢ بَشَرًا مِّنْ طِيْنٍ فَاِذَا سَوَّيْتُهٗ وَنَفَخْتُ فِيْهِ مِنْ رُّوْحِيْ فَقَعُوْا لَهٗ سٰجِدِيْنَ

’’جب آپ کے رب نے فرشتوں سے فرمایا: میں مٹی سے ایک بشر پیدا کرنے والا ہوں۔ جب میں اسے پوری طرح بنا دوں اور اس میں اپنی طرف سے روح پھونک دوں، تواس کے سامنے سجدے میں گرجانا۔ ‘‘(صٓ: 71۔72)

1 تراب (Inorganic matter):

خالقِ کائنات نے انسان اوّل کے وجود کو غیر متحرک اور بے جان مادے سے تخلیق کیا۔ جو بذاتِ خود اس کی قدرت کا عظیم معجزہ ہے۔

هُوَ الَّذِيْ خَلَقَكُمْ مِّنْ تُرَابٍ  (المومن: 67)

’’وہی ہے جس نے تمہیں مٹی سے پیدا فرمایا۔‘‘

2  ماء (Water):

خالقِ کل کا ارشاد ہے کہ ہم نے ہر جاندار چیز کی ابتدا پانی سے کی ہے:

وَ جَعَلْنَا مِنَ الْمَآءِ كُلَّ شَيْءٍ حَيٍّ اَفَلَا يُؤْمِنُوْنَ (الانبیاء: 30)

’’اور ہم نے ہر زندہ چیز کی نمود پانی سے کی ہے تو کیا وہ پھر بھی ایمان نہیں لاتے؟‘‘

انسان کی تخلیق میں بطور خاص پانی کا ذکر کیا ہے:

وَ هُوَ الَّذِيْ خَلَقَ مِنَ الْمَآءِ بَشَرًا  (الفرقان: 54)

’’اور وہی ذات ہے جس نے آدمی کو پانی سے پیدا کیا۔‘‘

3  طین (Clay):

انسان کی تخلیق میں ’’مٹی‘‘ اور ’’پانی‘‘ بنیادی اجزاء ہیں۔ ان کے ملاپ سے ’’طین‘‘  یعنی گارا بنا،  انسان کی تخلیق کے حوالے سے ربِ کائنات نے اس کا یوں ذکر فرمایاہے:

هُوَ الَّذِيْ خَلَقَكُمْ مِّنْ طِيْنٍ   (الانعام: 2)

’’اسی ذات نے تمہیں مٹی کے گارے سے پیدا فرمایا۔‘‘

یاد رہے کہ قارئین اور سامع کی سہولت کے لئے طین کا معنٰی گارا کیا جاتا ہے جبکہ تراب خشک مٹی کو کہتے ہیں، امام راغب اصفہانی فرماتے ہیں:

’’التراب الارض نفسہا‘‘

تراب سے مراد زمین ہے۔‘‘

طین اس مٹی کو کہتے ہیں جس کے ساتھ پانی ملا ہوا ہو۔ (المفردات)

4 طین لازم (Adsorbable Clay) :

انسانِ اوّل کی تخلیق کا چوتھا مرحلہ یوں ذکر ہواہے:

اِنَّا خَلَقْنٰهُمْ مِّنْ طِيْنٍ لَّازِبٍ (الصافات: 11)

’’بے شک ہم نے انہیں چپکتے گارے سے پیدا کیا ہے۔‘‘

جب گارا گاڑھا ہو جائے اور اس میں پانی کی مقدار نہ ہونے کے برابر رہ جائے  تو اسے عربی میں ’’طین لازب‘‘ کہا جاتا ہے۔

5 صلصال من حماء مسنون (Old physically  and chemically altered mud) :

مٹی اور پانی سے مل کر بنا ہوا گارا جب خشک ہونے لگا تو اُس سے  بو پیدا ہو گئی۔ اس بودار مادے کو اللہ رب العزت نے ’’صلصال من حماء مسنون‘‘ کا نام دیاہے۔

وَ لَقَدْ خَلَقْنَا الْاِنْسَانَ مِنْ صَلْصَالٍ مِّنْ حَمَاٍ مَّسْنُوْنٍ (الحجر: 26)

’’اور بے شک ہم نے انسان کی تخلیق بجنے والے گارے سے کی ہے۔‘‘

المنجد کے مؤلف لکھتے ہیں:

اَلْصَلْصَالُ: اَلطِّیْنُ الیَابِسُ اَلذِّی یَصِلُ مَنْ یَسْبُہٗ أَیْ یَصُوْتُ

’’صلصال سے مراد وہ خشک مٹی ہے جو اپنی خشکی اور سختی کی وجہ سے بجتی ہے یعنی آواز دیتی ہے۔‘‘

صلصال کی حالت گارے کے خشک ہونے کے بعد آتی ہے کیونکہ عام مٹی جسے تراب کہا گیا ہے وہ اپنے اندر بجنے اور آواز پیدا کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی۔ لہٰذا صلصال کا مرحلہ ’’طین لازب‘‘ یعنی چپکنے والے گارے کے بعد آیا۔ پانچواں مرحلہ جس کی وضاحت﴿مِنْ حَمَاٍ مَّسْنُوْنٍ﴾ سے کے الفاظ سے ہو تی ہے۔

’’حمی‘‘ حرارت اور بخار کو کہتے ہیں۔ ’’حمی‘‘ میں اس سیاہ گارے کا ذکر ہے جس کی سیاہی، تپش اور حرارت کی وجہ سے وجود میں آئی ہو، گویا یہ لفظ جلنے اور سڑنے کے مرحلے کی نشان دہی کر تاہے۔

’’مسنون‘‘ سے مراد متغیر اور بدبودار ہے۔ یہ لفظ ’’سن‘‘ سے نکلا ہے جس کے معنی صاف کرنے، چمکانے کے بھی ہیں، لیکن یہاں اس سے مراد تبدیل ہونا ہے۔ جس کے نتیجے میں کسی شے میں بو پیدا ہو جاتی ہے۔

جب گارے ’’طین لازب‘‘ پر طویل زمانہ گزرا اور اُس نے جلنے سڑنے کے مرحلے عبور کر لیے تو ا سکا رنگ بدل  کر سیاہ ہو گیا اور جلنے کے اثر سے اُس میں بو بھی پیدا ہو گئی۔ اِسی کیفیت کا ذکر ﴿حَمَاٍ مَّسْنُوْنٍ﴾ میں کیا جا رہا ہے۔

لفظِ ’’صلصال‘‘ واضح کر رہا ہے کہ اس مرحلے تک پہنچتے پہنچتے مٹی کی سیاہی اور بدبو وغیرہ سب ختم ہو چکی تھی اور اس کی کثافت بھی کافی حد تک ختم ہو چکی تھی۔

6 صلصال کالفخار (Dried and Highly purified caly) :

انسان کی تخلیق کا چھٹا اور آخری مرحلہ ’’صلصال کالفخار‘‘ ہے جس کے بارے میں ارشادِ باری تعالیٰ ہے:

خَلَقَ الْاِنْسَانَ مِنْ صَلْصَالٍ كَالْفَخَّارِ(الرحمن: 14)

’’اس نے انسان کو ٹھیکرے کی طرح بجنے والی مٹی سے پیدا کیا۔‘‘

جب تپانے اور جلانے کا عمل مکمل ہوا تو گارا پک کر خشک ہو گیا، اُس حالت کو ﴿كَالْفَخَّارِ﴾ کہا گیا ہے اس میں دو اشارے ہیں:

1ٹھیکرے کی طرح پک کر خشک ہو جانا۔

2کثافتوں سے پاک ہو کر نہایت لطیف اور عمدہ حالت میں آجانا۔

لفظ ’’فخار‘‘ کا مادّہ فخر ہے، جس کے معنٰی بہتر اور فضیلت کے ہیں۔ یہ فاخر سے مبالغے کا صیغہ ہے، یعنی بہت فخر کرنے والا۔ ’’فخار‘‘ گھڑے کو بھی کہا جاتا ہے اور بعض اہل علم نے اس کا مطلب ٹھیکرا اور گھڑا لیا ہے۔ کیونکہ گھڑا پک کر بجتا اور آواز دیتا ہے، وہ اپنی گونج سے اپنے پکنے اور پختہ ہونے کی ترجمانی کرتا ہے اس لیے اسے فخر کرنے کے ساتھ تشبیہ دی گئی ہے

یُعَبّر عَنْ کُلِّ نَفِیْسِ بِالْفَاخِرِ، یُقَالُ ثُوْبٌ فَاخِرَۃً وَ نَاقَۃَ فَخُوْرٌ (المفردات: 276)

’’ہر نفیس اور عمدہ چیز کو فاخر کہتے ہیں، اس لیے نفیس کپڑے کو ثوبِ فاخر اور عمدہ اونٹنی کو ناقۃ فخور کہا جاتا ہے۔‘‘

’’فَخَّار‘‘ اسی سے مبالغے کا صیغہ ہے ، صاحب المحیط بیان کرتے ہیں:

الفاخِر: اِسم فاعلِ والجید من کل شیء(القاموس المحیط)

’’الفاخر اسم فاعل ہے اور ہر شے کا عمدہ حصہ ہے۔‘‘

گویا کہ انسانی تخلیق کا اصل میٹریل کثافتوں سے پاک ہو کر نہایت لطیف اور عمدہ مادّے کی حالت اختیار کر چکا تھا۔ تاکہ اُس ےبشریت کا خمیر بنایا جا سکے۔ انسان اور جن کی تخلیق میں یہی فرق ہے کہ ’’جِنّ‘‘ کی خلقت ہی آگ سے ہوئی مگر انسان کی خلقت میں ’’صلصال‘‘ کی پاکیزگی، طہارت اور لطافت کے حصول کے لئے تپش کو محض استعمال کیا گیا، اسے تخلیقِ انسانی کا اصل مادہ نہیں بنایا گیا جیسا کہ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:

خَلَقَ الْاِنْسَانَ مِنْ صَلْصَالٍ كَالْفَخَّارِ وَخَلَقَ الْجَآنَّ مِنْ مَّارِجٍ مِّنْ نَّارٍ  (الرحمان: 14۔15)

’’اُسی نے انسان کو ٹھیکرے کی طرح بجنے والی مٹی سے پیدا کیا اور جنات کو آگ کے شعلے سے پیدا کیا۔‘‘ دوسرے مقام پر فرمایا:

وَالْجَآنَّ خَلَقْنٰهُ مِنْ قَبْلُ مِنْ نَّارِ السَّمُوْمِ (الحجر: 27)

’’اور اُس سے پہلے ہم نے جنوں کو شدید جلانے والی آگ سے پیدا کیا، جس میں دُھواں نہیں تھا۔‘‘ لہٰذا خلقت ِ انسانی کی تخلیق میں آگ کو ایک حد تک دخل ہے، مگر وہ جنات کی طرح انسان کا مادہ تخلیق نہیں۔

عَنْ عَائِشَۃَ  رضی اللہ عنہا  قَالَتْ قَالَ رَسُولُ اللہِ صلی اللہ علیہ و سلم  خُلِقَتِ الْمَلاَ ئِکَۃُ مِنْ نُورٍ وَخُلِقَ الْجَانُّ مِنْ مَارِجٍ مِنْ نَارٍ وَخُلِقَ آدَمُ مِمَّا وُصِفَ لَکُمْ (رواہ مسلم: باب فِی أَحَادِیثَ مُتَفَرِّقَۃٍ)

’’سیدہ عائشہ  رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں اللہ کے رسول  صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا: ملائکہ کو نور سے پیدا کیا گیا ہے اور جنوں کو بھڑکتی ہوئی آگ سے اور آدم کو مٹی سے پیدا کیا گیا ہے ۔‘‘

7 سلالۃ من طین (Extract purified calay) :

انسان کی تخلیق کے دوران پیش آنے والے آخری مرحلے کے بارے میں ارشاد ربانی ہے:

وَ لَقَدْ خَلَقْنَا الْاِنْسَانَ مِنْ سُلٰلَةٍ مِّنْ طِيْنٍ (المؤمنون: 12)

’’اور بے شک ہم نے انسان کی تخلیق کی ابتدا مٹی کے جوہر سے فرمائی۔‘‘

اس آیت کریمہ میں گارے کے مصفّٰی اور خالص ہونے کی طرف اشارہ ہے، جس میں اصل جوہر کو چن لیا جاتا ہے، یہاں انسانی زندگی کا کیمیائی ارتقا ’’طین لازب‘‘ کے تزکیہ و تصفیہ کا بیان ہے۔ ’’سلالۃ‘‘ کے معنی ہیں نکالنا، چننا اور میل کچیل سے اچھی طرح صاف کرنا ۔

گویا کہ ’’سلالۃ‘‘ کا لفظ کسی چیز کی اس لطیف ترین شکل پر دلالت کرتا ہے جو اُس چیز کا نچوڑ، خلاصہ اور جوہر کہلاتی ہے۔اس طرح صاف، شفاف اور پاکیزہ جوہر سے سیدنا  آدم علیہ السلام  کا ڈھانچہ تیار کیا گیا۔

فَاِذَا سَوَّيْتُهٗ وَ نَفَخْتُ فِيْهِ مِنْ رُّوْحِيْ فَقَعُوْا لَهٗ سٰجِدِيْنَ (صٓ: 72)

’’جب میں اسے پوری طرح بنا دوں اور اس میں اپنی طرف سے روح پھونک دوں، تواس کے سامنے سجدے میں گرجانا۔ ‘‘

عَنْ اَنَسٍt اَنَّ رَسُوْلَ اللّٰہ صلی اللہ علیہ و سلم  قَالَ لَمَّاصَوَّرَ اللّٰہُ اٰدَمَ فِیْ الْجَنَّۃِ تَرَکَہٗ مَا شَاءَاللّٰہُ اَنْ یَتْرُکَہٗ فَجَعَلَ اِبْلِیْسُ یُطِیْفُ بِہٖ یَنْظُرُ مَا ھُوَفَلَمَّارَاٰہُ اَجْوَفَ عَرَفَ اَنَّہٗ خُلِقَ خَلْقًا لَایَتَمَالَکُ (رواہ مسلم: باب خُلِقَ الإِنْسَانُ خَلْقًا لاَ یَتَمَالَک)

’’سیدنا انس t بیان کرتے ہیں کہ رسول اکرم  صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا: اللہ تعالیٰ نے جب سیدناآدم  علیہ السلام  کی جنت میں شکل و صورت بنائی تواس کے پیکر کو جب تک چاہا جنت میں اسی طرح رہنے دیا ۔ ابلیس نے اس کے گرد گھومنا شروع کیا وہ غور کرتا رہا کہ یہ کیا چیز پیدا کی جا رہی ہے؟ جب اس نے پیکر آدم کو دیکھا کہ یہ اندر سے کھوکھلا ہے ‘ تو سمجھ گیا کہ یہ ایسی مخلوق تخلیق کی جارہی ہے، جو مستقل مزاج نہیں ہو گی۔ ‘‘

عَنْ أَبِی ہُرَیْرَۃَ t أَنَّ رَسُولَ اللہِ   صلی اللہ علیہ و سلم  قَالَ  قَدْ أَذْہَبَ اللہُ عَنْکُمْ عُبِّیَّۃَ الْجَاہِلِیَّۃِ وَفَخْرَہَا بِالآبَاءِ مُؤْمِنٌ تَقِیٌّ وَفَاجِرٌ شَقِیٌّ وَالنَّاسُ بَنُو آدَمَ وَآدَمُ مِنْ تُرَابٍ (رواہ الترمذی :باب فی فضل الشام والیمن(حسن))

’’سیدناابوہریرہ t  بیان کرتے ہیں اللہ کے رسول  صلی اللہ علیہ و سلم  نے فرمایا: اللہ تعالیٰ نے تم سے جاہلیت کے فخروغرور کو مٹا دیا ہے جو تم اپنے آباء اجداد کے نام پر کیا کرتے تھے۔ مومن پرہیز گار ہوتا ہے اورفاجر بدبخت ہوتا ہے ،تمام لوگ آدم کی اولاد ہیںاور آدم مٹی سے پیدا کئے گئے تھے۔‘‘

عَن أَبِیْ مُوسَی الْأَشْعَرِیِ t قَالَ قَالَ رَسُولُ اللہِ  صلی اللہ علیہ و سلم  إِنَّ اللّٰہَ خَلَقَ آدَمَ مِنْ قَبْضَۃٍ قَبَضَہَا مِنْ جَمِیعِ الْأَرْضِ فَجَاءَ بَنُو آدَمَ عَلٰی قَدْرِ الْأَرْضِ جَاءَمِنْہُمْ الْأَحْمَرُ وَالْأَبْیَضُ وَالْأَسْوَدُ وَبَیْنَ ذٰلِکَ وَالسَّہْلُ وَالْحَزْنُ وَالْخَبِیثُ وَالطَّیِّبُ (ابو داود کتاب السنۃ (صحیح)

’’سیدنا ابو موسیٰ اشعری t بیان کرتے ہیں اللہ کے رسول  صلی اللہ علیہ و سلم  نے فرمایا: بلاشبہ اللہ تعالیٰ نے آدم کو مٹی کی ایک مٹھی سے پیدا کیا جو پوری زمین سے لی گئی لہٰذا آدم کی اولاد زمین کے مطابق ہے ،ان میں سرخ ، سفید ، سیاہ اور درمیانی رنگت کے لوگ ہیں۔ کچھ سخت اورکچھ نرم طبیعت ہیں اسی طرح کچھ نیک اور کچھ بد ہیں۔ ‘‘

عَنِ ابْنِ مَسْعُودٍt فِي قِصَّةِ خَلْقِ آدَمَ  علیہ السلام قَالَ: " فَبَعَثَ جِبْرِيلَ علیہ السلام إِلَى الْأَرْضِ لِيَأْتِيَهُ بِطِينٍ مِنْهَا، فَقَالَتِ الْأَرْضُ: إِنِّي أَعُوذُ بِاللهِ مِنْكَ أَنْ تَنْقُصَ مِنِّي أَوْ تُشِينَنِي. فَرَجَعَ وَلَمْ يَأْخُذْهُ، وَقَالَ: رَبِّ إِنَّهَا عَاذَتْ بِكَ فَأَعَذْتُهَا، فَبَعَثَ مِيكَائِيلَ علیہ السلام  فَعَاذَتْ مِنْهُ فَأَعَاذَهَا، فَرَجَعَ فَقَالَ كَمَا قَالَ جِبْرِيلُ، فَبَعَثَ مَلَكُ الْمَوْتِ فَعَاذَتْ مِنْهُ فَقَالَ: وَأَنَا أَعُوذُ بِاللهِ أَنْ أَرْجِعَ وَلَمْ أُنْفِذْ أَمَرَهُ. فَأَخَذَ مِنْ وَجْهِ الْأَرْضِ، وَخَلَطَ فَلَمْ يَأْخُذْ مِنْ مَكَانٍ وَاحِدٍ، وَأَخَذَ مِنْ تُرْبَةٍ حَمْرَاءَ وَبَيْضَاءَ وَسَوْدَاءَ. فَلِذَلِكَ خَرَجَ بَنُو آدَمَ مُخْتَلِفَيْنَ، وَلِذَلِكَ سُمِّيَ آدَمَ لِأَنَّهُ أُخِذَ مِنْ أَدِيمِ الْأَرْضِ، فَصَعِدَ بِهِ فَبَلَّ التُّرَابَ حَتَّى عَادَ طِينًا لَازِبًا (الاسماء والصفات للبیہقی: بَابُ مَا جَاءَ فِي تَفْسِيرِ الرُّوحِ وَقَوْلِهِ عَزَّ وَجَلَّ)

’’سیدنا ابن مسعودt سیدناآدم  علیہ السلام کا واقعہ بیان کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے جبریل علیہ السلام  کو زمین پر بھیجا کہ وہ مٹی لے کر آئے۔ زمین نے کہا میں تجھ سے اللہ کی پناہ چاہتی ہوں کہ آپ مجھ میں کچھ لیں یا مجھ میں کمی واقع کریں۔ جبرائیل علیہ السلام  مٹی نہ لی اور واپس گئے ۔ عرض کی اے رب! زمین نے آپ کی پناہ چاہی تو میں نے اسے چھوڑ دیا۔ پھر اللہ تعالیٰ نے میکائیل کو بھیجا، زمین نے اس سے بھی پناہ چاہی اُنہوں نے بھی اُسے رہنے دیا اور واپس چلے گئے۔ اللہ تعالیٰ کے حضور وہی عرض کی جو جبرائیل علیہ السلام نے کی تھی۔ اللہ تعالیٰ نے ملک الموت کو بھیجا زمین نے اُن سے بھی پناہ مانگی اس نے کہا: میں اللہ کی پناہ چاہتا ہوں کہ میں اللہ کا حکم نافذ کیے بغیر واپس جائوں۔ اُس نے زمین سے کچھ مٹی اُٹھائی اور اُسے آپس میں ملا یا اس نے ایک جگہ سے مٹی نہیں لی بلکہ سرخ، سفید، سیاہ مٹی لی۔ اسی وجہ سے ابن آدم مختلف رنگوں کے ہیں اور آدم علیہ السلام کا نام اسی لیے رکھا گیا کیونکہ اُن کی مٹی سطح زمین سے لی گئی عزرائیل علیہ السلام مٹی لے کر چلے گئے پھر مٹی کو تر کیا گیا یہاں تک کہ وہ چپکتا ہوا گارا بن گیا۔‘‘

اس کے بعد آدم علیہ السلام  کے جسم میں روح پھونکی جس کا قرآن مجید نے ان الفاظ میں تذکرہ کرتا ہے:

فَاِذَا سَوَّيْتُهٗ وَ نَفَخْتُ فِيْهِ مِنْ رُّوْحِيْ فَقَعُوْا لَهٗ سٰجِدِيْنَ فَسَجَدَ الْمَلٰٓىِٕكَةُ كُلُّهُمْ اَجْمَعُوْنَ اِلَّا اِبْلِيْسَ اِسْتَكْبَرَ وَ كَانَ مِنَ الْكٰفِرِيْنَ قَالَ يٰاِبْلِيْسُ مَا مَنَعَكَ اَنْ تَسْجُدَ لِمَا خَلَقْتُ بِيَدَيَّ اَسْتَكْبَرْتَ اَمْ كُنْتَ مِنَ الْعَالِيْنَ (ص: 72تا 75)

’’جب میں اسے پوری طرح بنا دوں اور اس میں اپنی طرف سے روح پھونک دوں تم اس کے سامنے سجدے میں گرجانا۔ سب کے سب فرشتے سجدے میں گر گئے۔ مگر ابلیس نے تکبر کیا اور وہ کافروں میں ہو گیا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا اے ابلیس تجھے کس چیز نے اسے سجدہ کرنے سے روکاہے جسے میں نے اپنے ہاتھوں سے بنایا ہے توتکبر کرتا ہے یا تو اپنے آپ کو بڑوں میں سمجھتا ہے۔‘‘

یاد رہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہر چیز کو ’’کن‘‘ کہہ کر پیدا فرمایا ہے لیکن انسانِ اوّل کو اپنے مبارک ہاتھوں سے پیدا فرمایا۔

اَوَ لَيْسَ الَّذِيْ خَلَقَ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضَ بِقٰدِرٍ عَلٰى اَنْ يَّخْلُقَ مِثْلَهُمْ بَلٰىۗ وَهُوَ الْخَلّٰقُ الْعَلِيْمُ اِنَّمَآ اَمْرُهٗ اِذَا اَرَادَ شَيْـًٔا اَنْ يَّقُوْلَ لَهٗ كُنْ فَيَكُوْنُ  (یٰس: 81۔82)

’’ کیا جس نے آسمانوں اور زمین کو پیدا کیا ہے وہ اسے دوبارہ پیدا کرنے پر قادر نہیں ؟کیوں نہیں وہ تو سب کچھ جاننے والا اور خلّاق ہے۔جب کسی چیز کا ارادہ کرتا ہے تو  اسے حکم دیتا ہے کہ ہو جا تو وہ ہو جاتی ہے۔‘‘

علمی برتری، ملائکہ کو سجدہ کا حکم :

وَعَلَّمَ اٰدَمَ الْاَسْمَآءَ كُلَّهَا ثُمَّ عَرَضَهُمْ عَلَى الْمَلٰٓىِٕكَةِ فَقَالَ اَنۢبِـُٔوْنِيْ بِاَسْمَآءِ هٰؤُلَآءِ اِنْ كُنْتُمْ صٰدِقِيْنَ قَالُوْا سُبْحٰنَكَ لَا عِلْمَ لَنَا اِلَّا مَا عَلَّمْتَنَا اِنَّكَ اَنْتَ الْعَلِيْمُ الْحَكِيْمُ قَالَ يٰاٰدَمُ اَنْۢبِئْهُمْ بِاَسْمَآىِٕهِمْ فَلَمَّا اَنْۢبَاَهُمْ بِاَسْمَآىِٕهِمْ قَالَ اَلَمْ اَقُلْ لَّكُمْ اِنِّيْ اَعْلَمُ غَيْبَ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ وَاَعْلَمُ مَا تُبْدُوْنَ وَمَا كُنْتُمْ تَكْتُمُوْنَ وَاِذْ قُلْنَا لِلْمَلٰٓىِٕكَةِ اسْجُدُوْا لِاٰدَمَ فَسَجَدُوْا اِلَّا اِبْلِيْسَ اَبٰى وَ اسْتَكْبَرَ وَكَانَ مِنَ الْكٰفِرِيْنَ وَقُلْنَا يٰاٰدَمُ اسْكُنْ اَنْتَ وَزَوْجُكَ الْجَنَّةَ وَكُلَا مِنْهَا رَغَدًا حَيْثُ شِئْتُمَا وَلَا تَقْرَبَا هٰذِهِ الشَّجَرَةَ فَتَكُوْنَا مِنَ الظّٰلِمِيْنَ فَاَزَلَّهُمَا الشَّيْطٰنُ عَنْهَا فَاَخْرَجَهُمَا مِمَّا كَانَا فِيْهِ وَقُلْنَا اهْبِطُوْا بَعْضُكُمْ لِبَعْضٍ عَدُوٌّ وَلَكُمْ فِي الْاَرْضِ مُسْتَقَرٌّ وَّمَتَاعٌ اِلٰى حِيْنٍ فَتَلَقّٰى اٰدَمُ مِنْ رَّبِّهٖ كَلِمٰتٍ فَتَابَ عَلَيْهِ اِنَّهٗ هُوَ التَّوَّابُ الرَّحِيْمُ

’’اور اللہ تعالیٰ نے آدم کو تمام چیزوں کے نام بتلا ئے پھر ان کو فرشتوں کے سامنے پیش کیا اور فرمایا اگر تم سچے ہو تو مجھے ان چیزوں کے نام بتاؤ؟ انہوں نے عرض کی اے اللہ تیری ذات پاک ہے ہمیں تو اتنا ہی علم ہے جتنا آپ نے ہمیں سکھایا ہے ۔یقیناً تو علم و حکمت والا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایااے آدم! تم ان چیزوں کے نام بتاؤ۔ جب آدم نے انہیں ان چیزوں کے نام بتا دیے تو اللہ تعالیٰ نےفرمایا کہ کیا میں نے تمہیں نہیں فرمایا تھا کہ زمین اور آسمانوں کے غیب میں ہی جانتا ہوں اور میرے علم میں ہے جو تم ظاہر کر رہے ہو اور جو تم چھپاتے ہو۔اور جب ہم نے فرشتوں کو حکم دیا کہ آدم کو سجدہ کرو تو ابلیس کے سوا سب نے سجدہ کیا۔ اس نے انکار اور تکبر کیا اور وہ کافروں میں سے ہو گیا۔ اور ہم نے فرمایا کہ اے آدم تم اور تمہاری بیوی جنت میں رہو اور جہاںسے چاہو وافر کھاؤ اور اس درخت کے قریب نہ جانا ورنہ تم ظالموں میں شمار ہوگے۔لیکن شیطان نے ان کو پھسلا کر وہاں سے نکلوا دیا اور ہم نے فرمایا کہ اتر جاؤ تم ایک دوسرے کے دشمن ہو اور اب ایک وقت مقرر تک تمہارے لیے زمین میں ٹھہرنا اور فائدہ اٹھانا ہے۔سیدنا آدم نے اپنے رب سے چند کلمات سیکھ لیے پھر اللہ تعالیٰ نے ان پر توجہ فرمائی بے شک وہ توبہ قبول کرنے والا ، رحم فرمانے والا ہے۔‘‘  (البقرۃ:31 تا 38)

سیدناآدم علیہ السلام  کو پیدا کرنے کے بعد اسے علمی برتری کے ذریعے فرشتوں پر مزید مرتبت عطا فرمائی۔

عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَt قَالَ: أَخَذَ رَسُولُ اللهِ صلی اللہ علیہ و سلم  بِيَدِي فَقَالَ: خَلَقَ اللهُ عَزَّ وَجَلَّ التُّرْبَةَ يَوْمَ السَّبْتِ، وَخَلَقَ فِيهَا الْجِبَالَ يَوْمَ الْأَحَدِ، وَخَلَقَ الشَّجَرَ يَوْمَ الِاثْنَيْنِ، وَخَلَقَ الْمَكْرُوهَ يَوْمَ الثُّلَاثَاءِ، وَخَلَقَ النُّورَ يَوْمَ الْأَرْبِعَاءِ، وَبَثَّ فِيهَا الدَّوَابَّ يَوْمَ الْخَمِيسِ، وَخَلَقَ آدَمَ عَلَيْهِ السَّلَامُ بَعْدَ الْعَصْرِ مِنْ يَوْمِ الْجُمُعَةِ، فِي آخِرِ الْخَلْقِ، فِي آخِرِ سَاعَةٍ مِنْ سَاعَاتِ الْجُمُعَةِ، فِيمَا بَيْنَ الْعَصْرِ إِلَى اللَّيْلِ (رواہ مسلم: بَابُ ابْتِدَاءِ الْخَلْقِ وَخَلْقِ آدَمَ علیہ السلام  )

’’سیدنا ابو ہریرہ t بیان کرتے ہیں کہ رسولِ اکرم  صلی اللہ علیہ و سلم  نے میرا ہاتھ پکڑ کر فرمایا اللہ تعالیٰ نے ہفتہ کے دن زمین کو پیدا کیا۔ اتوار کے دن پہاڑ بنائے‘ پیر کے روز درخت اگائے، منگل کے دن ناپسندیدہ چیزیں پیدا کیں‘بدھ کے روز روشنی بنائی‘ جمعرات کے روز زمین پر چارپایوں کو پھیلایا اور جمعہ کے دن عصر کے بعد سب سے آخر میں سیدنا آدم علیہ السلام  کو پیدا کیا یہ آخری تخلیق دن کے آخری حصے میں عصر اور مغرب کے درمیان عمل میں لائی گئی۔ ‘‘

عَنْ أَبِی ہُرَیْرَۃَ tعَنِ النَّبِیِّ صلی اللہ علیہ و سلم قَالَ خَلَقَ اللہُ آدَمَ عَلَی صُورَتِہِ ، طُولُہُ سِتُّونَ ذِرَاعًا ، فَلَمَّا خَلَقَہُ قَالَ اذْہَبْ فَسَلِّمْ عَلَی أُولَئِکَ النَّفَرِ مِنَ الْمَلاَئِکَۃِ جُلُوسٌ ، فَاسْتَمِعْ مَا یُحَیُّونَکَ ، فَإِنَّہَا تَحِیَّتُکَ وَتَحِیَّۃُ ذُرِّیَّتِکَ فَقَالَ السَّلاَمُ عَلَیْکُمْ فَقَالُوا السَّلاَمُ عَلَیْکَ وَرَحْمَۃُ اللہِ فَزَادُوہُ وَرَحْمَۃُ اللہِ ، فَکُلُّ مَنْ یَدْخُلُ الْجَنَّۃَ عَلَی صُورَۃِ آدَمَ ، فَلَمْ یَزَلِ الْخَلْقُ یَنْقُصُ بَعْدُ حَتَّی الآنَ ( رواہ البخاری:باب بَدْءِ السَّلاَمِ)

’’سیدنا ابو ہریرہ t نبی کریم  صلی اللہ علیہ و سلم سے بیان کرتے ہیں آپ صلی اللہ علیہ و سلم  نے فرمایا: اللہ تعالیٰ نے آ دم  علیہ السلام  کواپنی صورت کے مطابق بنایااور اس کا قد ساٹھ ہاتھ تھا۔ آدم کی تخلیق ہوچکی تو اللہ تعالیٰ نے آ دم  علیہ السلام  کو حکم دیاکہ فرشتوںکی جماعت کے پاس جائو اور انہیں سلام کہواور وہ جو جواب دیں اسے سنووہی تیرا اور تیری اولاد کا سلام ہوگا۔آدم  علیہ السلام  نے فرشتوںکو سلام کہا ۔ فرشتوں نے سلام کا جواب دیتے ہوئے رحمۃاللہ کااضافہ کیا۔ نبی معظم  صلی اللہ علیہ و سلم  نے فرمایا: ہر انسان کی جنت میں آدم کی شکل و صورت ہو گی۔اس وقت سے لے کر اب تک آدم کی اولاد کے قد، قامت میں کمی واقع ہوتی رہی  یہاں تک کہ اب اس کا قد ٹھہر گیا ہے۔

وَاِذْ اَخَذَ رَبُّكَ مِنۢ بَنِيْ اٰدَمَ مِنْ ظُهُوْرِهِمْ ذُرِّيَّتَهُمْ وَاَشْهَدَهُمْ عَلٰى اَنْفُسِهِمْ اَلَسْتُ بِرَبِّكُمْ قَالُوْا بَلٰی شَهِدْنَا اَنْ تَقُوْلُوْا يَوْمَ الْقِيٰمَةِ اِنَّا كُنَّا عَنْ هٰذَا غٰفِلِيْنَ (الاعراف: 172)

’’اورجب آپ کے رب نے آدم کی اولاد سے ان کی پشتوں میں سے ان کی اولاد کو نکالا اور انہیں خود ان کی جانوں پر گواہ بنایا کیا میں واقعی تمہارار ب نہیںہوں؟ انہوں نے کہاکیوں نہیں ہم شہادت دیتے ہیں ایسا نہ ہو کہ قیامت کے دن کہو بے شک ہم اس سے غافل تھے۔‘‘

خالق کائنات نے سیدناآدم  علیہ السلام کو پیدا فرماکر اس کی پشت پر اپنا دست مبارک رکھا جس سے قیامت تک نسل در نسل پیدا ہونے والے بنی نوع انسان حاضر ہو گئے۔ یہاں اللہ تعالیٰ نے سب سے استفسار فرمایا کہ کیا میں تمھارا رب ہوں ؟ سیدنا آدم  علیہ السلام اور اس کی ساری اولاد نے اپنے رب کے حضور شہادت دی کیوں نہیں ! آپ ہی ہمارے خالق ، مالک ، اور معبود ہیں ارشاد ہوا کہ اس پر قائم رہنا کہیں قیامت کے دن یہ بہانہ نہ بنانا کہ ہمیں تو اس عہد اور شہادت کا علم ہی نہیں تھا یا تم یہ کہو کہ ہم اس لیے شرک کے مرتکب ہوئے کہ ہمارے آباء و اجداد شرک کرتے تھے اور ہم تو ان کے بعد آنے والے، ان کی اولاد تھے لہٰذا ہمارا کوئی گناہ نہیں جو کچھ کیا ہم سے پہلے لوگوں نے کیا اس لیے ہمیں کسی قسم کی سزا نہیں ہونی چاہیے ۔ اللہ تعالیٰ نے اس وقت بنی نوع انسان کو یہ سمجھا دیا تھا کہ اس عہد کو بھول جانا یا اپنے سے پہلے لوگوں کے طریقے کا بہانہ بنانا قیامت کے دن اس کی کوئی حیثیت نہیں ہوگی۔

عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍw عَنِ النَّبِیِّ صلی اللہ علیہ و سلم  قَالَ أَخَذَ اللّٰہُ الْمِیثَاقَ مِنْ ظَہْرِ آدَمَ بِنَعْمَانَ یَعْنِی عَرَفَۃَ فَأَخْرَجَ مِنْ صُلْبِہٖ کُلَّ ذُرِّیَّۃٍ ذَرَأَہَا فَنَثَرَہُمْ بَیْنَ یَدَیْہٖ کَالذَّرِّ ثُمَّ کَلَّمَہُمْ قُبُلًا قَالَ أَلَسْتُ بِرَبِّکُمْ قَالُوا بَلٰی شَہِدْنَا أَنْ تَقُولُوا یَوْمَ الْقِیَامَۃِ إِنَّا کُنَّا عَنْ ہَذَا غَافِلِینَ أَوْ تَقُولُوا إِنَّمَا أَشْرَکَ آبَاؤُنَا مِنْ قَبْلُ وَکُنَّا ذُرِّیَّۃً مِنْ بَعْدِہِمْ أَفَتُہْلِکُنَا بِمَا فَعَلَ الْمُبْطِلُونَ (رواہ احمد:باب مسند ابن عباسw(صحیح))

’’سیدنا عبداللہ بن عباس wنبی اکرم  صلی اللہ علیہ و سلم سے بیان کرتے ہیں آپ  صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا: اللہ تعالیٰ نے آدم کی پشت سے تمام اولاد نکالی پھر ان سے نعمان یعنی عرفہ کے مقام پر عہد لیا اور ان کو اپنے سامنے چیونٹیوں کی طرح پھیلایا پھر ان سے کلام فرمایا۔ کیا میں تمھارا رب نہیں ہوں؟ انھوں نے کہا کیوں نہیں ہم اس کی گواہی دیتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: کہیں قیامت کے دن یہ نہ کہنا کہ ہم اس عہدسے غافل تھے یا تم کہو کہ شرک تو ہمارے آبائو اجداد نے کیا تھا اور ہم ان کی اولاد تھے کیا تو ہمیں باطل پرستوں کی وجہ سے ہلاک کرتا ہے۔‘‘

۔۔۔

 

 

Read more...

good hits

 

  • sitemap
Copyright © جملہ حقوق بحق ماھنامہ اسوہ حسنہ محفوظ ہیں 2021 All rights reserved. Custom Design by Youjoomla.com
صفحہ اول