اسلام دین کامل اور دین فطرت ہے اس بات کا سادہ سا مفہوم کچھ یوں بیان کیا جا سکتا ہے کہ اسلام اپنے ماننے والوں کی فطری  حاجات کی تکمیل میں کہیں بھی کسی بھی انداز میں رکاوٹ نہیں بنتا خواہ ان حاجات و ضروریات کا تعلق اس کے دنیاوی امور سے ہی کیوں نہ ہو ۔یہی وجہ ہے کہ اسلام اعتدال پرستی کو بہت پسند کرتا ہے اور اسے اختیار کرنے کی تاکید و تلقین بار بار کرتا ہے جبكه افراط وتفریط سے بچتے ہوئے میانہ روی اختیارکرنے پر زور دیتاہے ۔ اسلام نے اعتدال کو اس حد تک پسند کیا کہ اس نے عبادات میں بھی افراط و تفریط پر مبنی رویوں کو ناپسندکیا اور میانہ روی اختیار کرنے کے لیے کہا اس حوالے سے تین صحابہ کا قصہ ایک واضح دلیل ہے۔ لیکن عبادات میں اس افراط و تفریط کے بارے میں رسول اللہ ﷺنے سنا تو اسے ناپسند کرتے ہوئے صراحت کے ساتھ یہ کہہ دیا کہ :

  مَنْ عَمِلَ عَمَلًا لَيْسَ عَلَيْهِ أَمْرُنَا فَهُوَ رَدٌّ (صحیح مسلم:1718)

اور اس میں بنیادی قاعدہ یہ بتا دیا گیا کہ ’’ عبادات میں اصل منع ہے‘‘یعنی  جب تک شارع سےکوئی عبادت یا طریقہ عبادت ثابت نہ ہو اس وقت تک کوئی عمل ’’عبادت ‘‘نہیں بن سکتا۔ عبادت  میں مسلمان عدد، کیفیت، نوعیت میں پابند ہے اور اس میں اس کی مرضی  یا پسند و ناپسند کا کوئی عمل دخل نہیں ہے جو عبادت جس طرح جس کیفیت میں اور جتنی بتائی گئی اسے ویسے ہی اد اکرنا  لازمی ہے۔

لیکن اس کے برخلاف  ’’معاملات میں اصل جواز و اباحت‘‘ ہےیعنی انسانی زندگی میں کام آنے والی اشیاء اور چیزیں مثلاً کھانے کی اشیاء، برتن،کپڑے ،اور دیگر چیزیں اس وقت تک مباح اور جائز وحلال مانی جائیں گی جب تک شریعت ان سے منع نہ کردے۔

وَالْعَادَاتُ الْأَصْلُ فِيهَا الْعَفْوُ، فَلَا يُحْظَرُ مِنْهَا إلَّا مَا حَرَّمَهُ اللہُ وَإِلَّا دَخَلْنَا فِي مَعْنَى قَوْلِهِ: قُلْ اَرَءَيْتُمْ مَّاۤ اَنْزَلَ اللّٰهُ لَكُمْ مِّنْ رِّزْقٍ فَجَعَلْتُمْ مِّنْهُ حَرَامًا وَّ حَلٰلًا (يونس: 59]  وَلِهَذَا ذَمَّ اللہُ الْمُشْرِكِينَ الَّذِينَ شَرَّعُوا مِنْ الدِّينِ مَا لَمْ يَأْذَنْ بِهِ اللہُ

’’اور عادات (اشیاء ) میں اصل عفو و مباح ہے ، ان میں سےکوئی چیز اس وقت تک ممنوع نہیں جب تک اللہ تعالی اس سے منع نہ کردے،اگر ہم عادات و اشیاء کو اصلاً حلال و مباح نہیں سمجھیں گے تو اللہ تعالی کے بیان کردہ ان لوگوں میں شمار ہوں گے جن کے متعلق فرمایا :“آپ پوچھئے کہ تمہارا کیا خیال ہے، اللہ نے تمہارے لیے جو روزی بھیجی ہے اس میں سے کسی کو حلال بناتے ہو اور کسی کو حرام، آپ پوچھئے کہ کیا اللہ نے تمہیں اس کی اجازت دی ہے، یا تم اللہ پر افترا پردازی کرتے ہو۔‘‘ (الفتاوی الکبریٰ طبع دار الکتب العلمیہ ،جلد چہارم ص13)

یہی قاعدہ ہمیں اس بات کی اجازت دیتا ہے کہ جدید ایجادات سے استفادہ کیا جا سکتا ہے اور جدید ایجادات میں وسائل اتصال کی اہمیت سے شاید ہی کوئی انکار کر سکے ۔ یہ بات واضح رہے کہ گو معاملات میں اصل جواز و اباحت کا ہے لیکن یہ جواز و اباحت بھی کچھ شرعی و فقہی قواعد کا پابند ہے یعنی یہ جواز جب شریعت کی مخالفت  میں ہو یا کسی شرعی حکم سے متصادم ہو تو یہ جواز خود بخود ختم ہو جاتا ہے۔ لہذا اسلام نے انسان کی جائز خواہشات کی تکمیل کے لیے ہر خواہش کی مناسبت سے کچھ قواعد و ضوابط وضع کر دیئے جس کے بعد اس خواہش کا حصول و تکمیل اس کے لیے آسان ہو جاتی ہے بلکہ اس پر اسے اجر ملتا ہے ۔لہذا جدید وسائل کا استعمال بھی انہی قواعد کے ضمن میں طے کیا جا سکتا ہے۔

لہذا جدید ایجادات و وسائل اتصال کےبارے میں حکم اس کے استعمال کی مناسبت سے دیا جا سکتا ہے اگر استعمال مفید ہے تو جائز ہے اور اگر اس کا استعمال ضرر رساں ہے تو حرام ہے۔لہذا کوئی بھی موبائل ایپلی کیشن انسٹال کرنے سے قبل اس امر کا بخوبی جائزہ لے لیا جائے کہ آپ کے موبائل کی پرائیویسی محفوظ رہے اور آپ کی ذاتی تفصیلات اور اشیاء کسی اور کے پاس نہ جائیں۔کیونکہ  ایسی موبائل ایپلی کیشنز موجود ہیں جن کو موبائل فون میں ڈاؤن لوڈ اور استعمال کرنے سے اس ایپلی کیشن کے تخلیق کار کے پاس آپ کی ساری معلومات جانا شروع ہو جاتی ہیں۔ اب اس پر منحصر ہے کہ وہ ان معلومات  کا  مثبت استعمال کرے یا منفی ۔

اصل میں ایپلی کیشنز جن کو ڈاؤن لوڈکیا جاتا ہے وہ مختلف قسم کی معلومات تک رسائی کی اجازت لیتی ہیں اور ہم آنکھ بند کر کے رسائی دیتے ہیں، مثال کے طور پر اکثر ایپس  موبائل میں موجود نمبرز، تصاویر، کیمرا اور مائک وغیرہ تک بھی رسائی حاصل کرتی ہیں اور ہم ڈاؤن لوڈ کرتے ہوئے ایسی تمام شرائط کو پڑھے بغیر خود رسائی فراہم کرتے ہیں ۔ ہمارے اس عمل سے ایپلی کیشن کا ایڈمن آسانی سے ہمارے موبائل میں موجود ڈیٹا تک رسائی حاصل کر سکتا ہے۔لیکن جب ہم کوئی بھی ایپلی کیشن ڈاؤن لوڈ کرتے ہیں تو کبھی اس بات کے بارے میں سوچنے کی کوشش نہیں کرتے کہ موبائل ایپلی کیشن کو ہماری لوکیشن، گیلری، مائک یا کیمرا تک رسائی کی کیا ضرورت ہے اور ہم اس کو اپنی ذاتی معلومات تک رسائی کیوں فراہم کریں؟

لہذا کسی بھی  ایپ کو انسٹال کرتے وقت اس کی نوعیت کو دیکھا جائے کہ کیا اس کو آپ کی لوکیشن، نمبرز، تصاویر وغیرہ تک رسائی کی  ضرورت ہے؟ لیکن اگر اس کو ڈاؤن لوڈ کرتے ہوئے رسائی مانگی جاتی ہے تو سمجھ لیں کہ یہ ایپ قابل اعتبار نہیں ہے۔

اس کے لیے لازم ہے کہ ایسی ایپس کو ڈاؤن لوڈ کرنے سے گریز کریں جو غیر ضروری طور پر آپ کی ذاتی معلومات تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کریں۔ صرف ضرورت کے مطابق ایپس کو ڈاؤن لوڈ کریں اور ضرورت نہ رہے تو ان کواَن انسٹال کردیں۔ اور ایپس ڈاؤن لوڈ کرنے سے پہلے نیچے موجود تبصروں پر ایک نظر ضرور ڈالیں اور جاننے کی کوشش کریں کہ جن لوگوں نے اس ایپ کو پہلے استعمال کیا ہے ان کی کیا رائے ہے؟ زیادہ تر وائرس زدہ اور غیر تصدیق شدہ ایپس کے نیچے صارفین کے تبصرے (Comments)موجود ہوتے ہیں ۔ یہ تبصرے آپ کو ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کرنے میں مدد دیتی ہیں ۔

لہذاموبائل ایپس اسلامی ہوں یا غیر اسلامی اس میں یہ بنیادی بات مدنظر رکھیں کہ غیر ضروری ایپس سے آپ کے موبائل کی کارکردگی متاثر ہو تی ہے اور اس میں بیٹری وغیرہ کے معاملات بھی شروع ہو جاتے ہیں لہذا حسب ضرورت ایپس رکھیں باقی ان انسٹال کر دیں وہ آپ کی لائبریری میں باقی رہتی ہیں جب ضرورت ہو دوبارہ کر لیں ۔

 اس اعتبار سے اس کا مفید پہلو ہمارے پیش نظر ہے کہ جدید ایجادات جن کی بنیاد انٹر نیٹ ہے اس کا مفید استعمال زندگی کے مختلف شعبہ جات میں ممکن ہے اور اہمیت کے اعتبار سے اس کےمفید استعمالات میں سے ایک اہم استعمال فہم دین اسلام کا ہے ۔جس کی مدد سے جہالت کا ازالہ ممکن ہے ۔ اس میں سب سے اہم ترین عنصر’’ کتاب‘‘ ہے جس کا عملا حصول  بسااوقات بہت مشکل بلکہ ناممکن ہو جاتا ہے۔لیکن انٹر نیٹ نے اس کمی کو بخوبی پورا کیا کہ بے شمار آن لائن مکتبات اور آف لائن مکتبات  اپنی مطبوعات اور دیگر طباعتی اداروں کی مطبوعات کا پی ڈی ایف اپنے اپنے مکتبات میں اپلوڈ کر دیتے ہیں جس کے بعد ان کتب سے استفادہ آسان تر ہو جاتا ہے ۔اس حوالے سے  استاد، محقق،  باحث،  ریسرچ اسکالر، مصنف، مؤلف  سب اپنے اپنے ذوق اور ضرورت کے مطابق مختلف مکتبات سے استفادہ کرتے ہیں جن میں سے معروف مکتبات جن کی باقاعدہ کمپیوٹر اور موبائل ایپلی کیشن بنائی جا چکی ہیں درج ذیل ہیں :

المکتبة الشاملة: (اسلامی علوم پر کتب کا ایک بہت بڑاذخیرہ جس کا کمپيوٹر ورژن  تقریبا 17000 سے زائد کتب پر مشتمل ہے البتہ موبائل ورژن اس سے کم ہے ۔اس میں کتب ڈاون لوڈ کی جا سکتی ہیں اور تلاش کا آپشن سب سے زیادہ مفید ہے اور مختلف کتب کا یونی کوڈ نکالنا ممکن ہے )  یہ سوفٹ وئیر عربی میں ہے۔

جامع الکتب التسعة ( اس سوفٹ وئیر کا تعلق حدیث کی معروف 9 کتب سے ہے اور اس کا موبائل ورژن بہت کامیاب ہے کم وزن جسے انسٹال کرنا بہت آسان اور استعمال کرنا بھی نہایت آسان ہے اس میں کسی بھی حدیث کے رواۃ پر مختصر بحث اور حکم کے ساتھ ساتھ اس کی شرح اور مکمل تخریج کا آپشن اس کی افادیت میں اضافہ کر دیتا ہےاور اس کا سب سے اہم ترین پہلو کتب احادیث کا موضوعاتی فہرست کے اعتبار سے ترتیب دیا جاناہے یعنی کسی بھی موضوع پر کتب تسعہ میں موجود تمام احادیث انتہائی مختصر وقت میں تلاش کرنا ممکن ہے اس کا سرچ آپشن اپنی تیز رفتاری کی وجہ سے اسے دیگر موبائل سوفٹ وئیرز پر فوقیت دیتا ہے۔  یہ سوفٹ وئیر عربی میں ہے

المتدبر: اس سوفٹ وئیر کا تعلق قرآن مجید سے ہے اس میں موجود قرآن مجید دونوں ترتیب کے اعتبار سے ہے یعنی ترتیب توقیفی اور ترتیب نزولی جس کی وجہ سے اس کی افادیت بڑھ جاتی ہے اور مختلف کلمات کے معانی اور متعلقہ تفاصیل بآسانی تلاش کی جا سکتی ہیں۔ یہ سافٹ وئیر عربی میں ہے ۔

تدبر و عمل قرآن مجید: فہم قرآن مجید کے حوالے سے یہ تفسیر اپنی مثال آپ ہے کیونکہ اس میں فہم قرآن کے علمی اور عملی دونوں پہلو مفصل پائے جاتے ہیں یعنی کسی بھی آیت کاتجزیاتی فہم، معانی المفردات، اور سب سے اہم ترین پہلو جس کی وجہ سے یہ تفسیر علماء کو لازمی اپنے مطالعہ میں رکھنی چاہیے کہ کسی بھی آیت پر عمل کیسے ممکن ہے یہ ایک ایسا امر ہے جو میری معلومات کے مطابق کسی مفسر نے بیان نہیں کیا ۔ اسی اہمیت کے پیش نظر اس تفسیر کا انڈیا کے ایک عالم دین نے مکمل ترجمہ کیا ہے جو عنقریب شائع کیا جائے گا۔ یہ سوفٹ وئیر عربی میں ہے ۔

قرآن لائبریری: اس موبائل سوفٹ وئیرمیں تقریبا 25 تفاسیر ہیں اور یہ تفاسیر مختلف مکاتب فکر سے ہیں گو کہ مکتب اھل حدیث کی عصری تفاسیر نہ ہونے کے برابر ہیں لیکن پھر بھی اس کی افادیت سے انکار نہیں کیا جا سکتاکیونکہ لفظی ترجمہ کا حصہ تقریبا نامکمل ہی ہے جبکہ اس کے بالمقابل تفاسیر کا حصہ بہت مفید ہے ۔یہ سوفٹ وئیر اردو میں ہے۔

موسوعة الدررالسنیة: علوم اسلامیہ کی دنیا میں یہ سب سے مفید ویب سائٹ ہے جس  پر مکمل تبصرہ تو باقاعدہ ایک مقالہ یا کتاب کا متقاضی ہے ۔ اس میں سب سے اہم ترین حصہ تفسیر قرآن، حدیث و شروحات اور فقہی مسائل کا جامعیت کے ساتھ ذکر کیا جانا ہے۔یہ سوفٹ وئیرعربی میں ہے (dorar.net)۔ اس کے ہر حصہ کی الگ سے موبائل ایپلی کیشن بھی بنائی جا چکی ہے جس میں اہم ترین اخلاق انسائیکلوپیڈیا  پر ایپلی کیشن ہے۔

المعانی: علم لغت کی دنیا میں گو کہ ہر لغت پر موبائل اپلیکیشن بنائی جا چکی ہے لیکن صرف (almaani)  کے نام سے موجود موبائل ایپلی کیشن میں دنیا کی اہم ترین 10 مختلف زبانوں کے باہم درمیان ترجمہ کی سہولت یعنی عربی سے اردو ، اردو سے عربی وغیرہ  اور اس میں قرآن مجید کے کلمات کے ترجمہ و توضیح پر مشتمل ایپلی کیشن خاصی اہم ہے۔

المکتبة الوقفیة: دنیائے تحقیق میں پی ڈی ایف کتب کا سب سے بڑا ذخیرہ جو کہ بوقت ضرورت ڈاون لوڈ بھی کیا جا سکتا ہے۔ موضوعاتی اعتبار سے ہر فن پر سینکڑوں کتب کی موجودگی اس موبائل سوفٹ وئیر کو ہر محقق کے موبائل میں ہونا چاہیے۔

موسوعة الحدیث: https://hadith.maktaba.co.in اس ویب سائٹ کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ اس میں  مختلف اسلامی علوم پر 18 موضوعات کے تحت 1400 کتب پائی جاتی ہیں  جس میں تقریبا 42517 راویوں کے بارے میں مکمل تفصیلات ملتی ہیں کہ حدیث کے رواۃ پر مختلف ویب سائٹس میں اہم ہے لیکن اس میں ان رواۃ کی 753192 احادیث جو کہ مخَرَّج اور محقق ہیں اور مزید یہ کہ مختلف مفید ویب سائٹس کو اس کے ساتھ ملا دیا گیا ہے۔

اذکار الباقیات: ذکر الہی کے حوالے سے انتہائی مفید موبائل ایپلی کیشن جس میں  صبح وشام اور سونے کے اذکار سمیت دیگر اہم مواقع کی مناسبت سے دعائیں موجود ہیں ۔

ادارہ محدث لاہور کی سب سے معرکۃ الآراء ویب سائٹ جس نے اردو داں طبقے کے لیے مختلف مکاتب فکر کی کتب  پی ڈی ایف میں فراہم کرکے ان کا حصول ممکن بنا دیا ۔قدیم و جدید اردو کتب کی پی ڈی ایف تیار کر کے انہیں اس ویب سائٹ پر اپلوڈ کر دیا جاتا ہے جس کا عنوان (kitabosunnat.com ) ہے اس میں موضوعاتی فہرست  کے اعتبار سے کتب اپلوڈ کی گئی ہیں جیسا کہ بیان کیا گیا کہ اس میں بریلوی، دیوبندی اور اھل حدیث مکتبہ فکر کی کتب شیئر کی گئی ہیں ۔

Mohaddis.com : حدیث کی سرچ اور اردو ترجمہ کے لیے مفید ویب سائٹ ہے

Sunnah.com: کسی بھی حدیث کا اردو اور انگریزی میں ترجمہ و تشریح پانے کے حوالے سے مفید ویب سائٹ ہے جس کا استعمال محققین کے لیے انتہائی مفید ہے بالخصوص مترجم حضرات ان دونوں ویب سائٹس سے استفادہ کر سکتے ہیں اور یہ دونوں ویب سائٹس آن لائن کام کرتی ہیں۔

Islamhouse.com: یہ دنیا کی وہ عظیم ویب سائٹ ہے جس میں دنیا کی تقریبا 114 زبانوں میں دین اسلام کے حوالے سے دعوتی اور دینی لٹریچر موجود ہے  جسے موضوعاتی اعتبار سے بھی تلاش کیا جا سکتا ہے اور نوعیت کے اعتبار سے بھی تلاش کیا جا سکتا ہے۔ یعنی آرٹیکلز، کتب، آڈیو لیکچرز، ویڈیو لیکچرز وغیرہ جس میں پورے قرآن کی تفسیر اور مختلف اصلاحی موضوعات پر انتہائی مفید مواد موجود ہے واضح رہے کہ اس کی موبائل ایپلی کیشن بھی موجود ہے۔

Islamweb.net: اسلام ویب کے نام سے یہ ویب سائٹ مدارس کے طلباء کے لیے مفید ہے کیونکہ اس میں تقریبا کم و بیش ایک لاکھ سے زائد آڈیو لیکچرز موجود ہیں بالخصوص کتب احادیث ، کتب فقہ و عقیدہ اور تفسیر قرآن کے ساتھ ساتھ مختلف اسلامی فنی علوم کی دقیق کتب کی شرح پر مشتمل عربی میں عرب علماء کے لیکچرز موجود ہیں ۔

اس کے علاوہ فہم قرآن مجید کے حوالے سے چند ایپلی کیشنز جن سے عام لوگ بھی استفادہ کر سکتے ہیں ان میں سے سرفہرست (mufradat ul quran) ،(mualam ul quran urdu) ، (misbah-ul-quran urdu complete) ، ( tafseer ul quran- hafiz abdul salam bhutwi)، قابل ذکر ہیں ۔

Role model institute: کراچی کا ایک ادارہ جس کی موبائل ایپلی کیشن RMI کے نام سے ہے اردو داں عام طبقے کی دینی تعلیم و تربیت کے حوالے سے اس ایپلی کیشن پر مکمل تفسیر قرآن، احادیث و فقہ کی مختلف کتب کی اردو شروحات جو معروف علماء نے کیں موجود ہیں ، اس کے علاوہ عربی زبان سیکھنے کے حوالے سے معروف کتاب ’’ العربیة بین یديك‘‘ پر مکمل ویڈیو لیکچرز موجود ہیں ۔سیرت النبیﷺ اور سیرت خلفائے راشدین رضی اللہ عنہم وغیرہ پر لیکچرز بھی موجود ہیں ۔اس ایپلی کیشن کی امتیازی خوبی یہ ہے کہ اس میں عام اصلاحی موضوعات پر لیکچرز بھی موجود ہیں جیسا کہ مثالی ازدواجی زندگی کیسے گزاری جا سکتی ہے ، ازدواجی زندگی کے مسائل کیسے حل کیے جا سکتے ہیں، تربیت اولاد، قرآنک گرائمر پر مختلف ورکشاپس  جو اس ایپلی کیشن میں اور اسی نام سے یوٹیوب چینل پر بھی موجود ہیں ۔

اسلام 360 : اردو دان طبقہ کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل اورنہایت مفید ایپلی کیشن ہے ، جس میں قرآن وحدیث مختلف اذکار ، نماز اور رموز واوقاف وغیرہ کا طریقہ ٔ استعمال نہایت آسان وسہل ہے۔

قرآن مجید کا ترجمہ وتفسیر تو ہے ہی اس کے علاوہ آڈیو تلاوت سننے کی سہولت بھی دستیاب ہے اسی طرح اردو وانگلش شرح کے ساتھ ساتھ نمبر اور راوی کے اعتبار سے تلاش بھی ممکن ہے ۔ آجکل موبائل پر یہ ایپلی کیشن  اسلام کے متعلق کئی کچھ سکھانے میں مدد فراہم کرتی ہے۔

موبائل سوفٹ وئیر ز میں سے یہ چند کا ذکر کیا ہے ممکن ہے اس کے علاوہ بھی بے شمار سوفٹ وئیرز ہوں گے لیکن ان کا بطور مثال ذکر کرنا صرف اس قصد سے ہے کہ انٹر نیٹ کا مفید استعمال جو ہمارے لیے باعث خیر ہو نہ کہ ہمارے اوپر حجت بن جائے ۔فَمَنْ يَّعْمَلْ مِثْقَالَ ذَرَّةٍ خَيْرًا يَّرَهٗؕ۰۰۷ وَ مَنْ يَّعْمَلْ مِثْقَالَ ذَرَّةٍ شَرًّا يَّرَهٗؒ۰۰۸ کی آیت سے ہمیں موبائل کے مفید استعمال کا سبق ملتا ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے