پاک ہے وہ اللہ جس کی بادشاہت ہمیشہ سے زمین وآسمان پر قائم ہے ، اسی کے لئے اعلی صفات اور بلندی وپاکیزگی ہیں۔ وہ ہرعیب سے پاک اور تمام قسم کی خوبیوں کا مالک ہے۔جس طرح وہ ساتوں آسمان اس کے اختیار وقدرت میں ہیں ،ان میں جس طرح چاہتا تصرف کرتا ہے اسی طرح ساتوں زمین پر بھی اسی کی بادشاہت ہے ۔ بظاہرزمین پر ہمیں انسانوں میں بھی ملکوں کے بادشاہ وحاکم نظر آتے ہیں مگر وہ وقتی بادشاہ ہیں حقیقی بادشاہ تو زمین وآسمان کا خالق اللہ رب العالمین ہی ہے،وہی خالق کائنات زمین پر جسے چاہتا ہے بادشاہت عطا کرتا ہے اور جس سے چاہتا ہے حکومت چھین لیتا ہے ۔ اللہ کا فرمان ہے :

قُلِ اللّٰهُمَّ مٰلِكَ الْمُلْكِ تُؤْتِي الْمُلْكَ مَنْ تَشَآءُ وَ تَنْزِعُ الْمُلْكَ مِمَّنْ تَشَآءُٞ  وَتُعِزُّ مَنْ تَشَآءُ وَ تُذِلُّ مَنْ تَشَآءُ١ؕ بِيَدِكَ الْخَيْرُ١ؕ اِنَّكَ عَلٰى كُلِّ شَيْءٍ قَدِيْرٌ۰۰۲۶ (آل عمران:26)

’’آپ کہہ دیجئے اے اللہ! اے تمام جہان کے مالک! تو جسے چاہے بادشاہی دے جس سے چاہے سلطنت چھین لے اور تو جسے چاہے عزت دے اور جسے چاہے ذلت دے ، تیرے ہی ہاتھ میں سب بھلائیاں ہیں بیشک تو ہرچیز پر قادر ہے۔‘‘

یہ آیت بتلاتی ہے کہ لوگوں کی بادشاہت زائل ہونے والی ہے ،آج کسی کو اللہ بادشاہ ہونے کا موقع دیتا ہے تو کل اس کی جگہ کسی اور کو مقررکردیتاہےجبکہ خود ہمیشہ سے بادشاہ ہے ۔ وہ زمین وآسمان میں جس طرح چاہتا ہے تصرف کرتا ہے اور اپنی تدبیرسے سارے جہان کا نظام چلاتا ہے ۔تاریخ اور مشاہدہ سے معلوم ہوتا ہے کہ جب سے دنیا بنی اس وقت سے لیکرآج تک کوئی ایسا انسان نہیں گزراجو ازآدم تاایں بادشاہ بنابیٹھا ہو، اس کی بادشاہت ختم نہ ہوئی ہو۔بہت بڑی سچائی یہ ہے کہ انسان کی زندگی محدود ہے ، وہ اپنے حصے کی دنیا کاٹ کر اللہ کے حکم سے مرجاتا ہے ، موت کی وجہ سے پھر اس انسان کا دنیاوی رشتہ کٹ جاتا ہے ، وہ بادشاہ رہا ہوتو اس کی بادشاہت ختم ، زمین وجائیداد کا مالک رہا ہو تو اس کی ملکیت ختم بلکہ مال ومنال کے ساتھ تمام انسانوں سے اس کا رشتہ منقطع ہوجاتا ہے بھلا اس حقیقت کا انسان دنیا کا حقیقی بادشاہ کیسے ہوسکتا ہے ؟اس بات کو ایک مثال سے یوں بھی سمجھیں کہ سلمان کو سعودی عرب کی بادشاہت نصیب ہوئی تو اس کے دو احوال ہوسکتے ہیں ۔ ایک حال تو یہ ہوسکتا ہے کہ اس کی زندگی میں ہی اس کی بادشاہت ختم ہوجائےگی یا دوسرا حال یہ ہوگا کہ موت سے اس کی بادشاہت ختم ہوجائے ۔ یہ دوحالت دنیا کے تمام گزشتہ حاکم وبادشاہ کی رہی ہے اور آئندہ بھی یہی حالت سارے دنیاوی بادشاہ وحاکم کی رہے گی ۔قرآن میں اللہ کے لئے مُلْك (بادشاہت) اور مَالِك، مَلِك ، مليك بادشاہ کے معنی میں آیا ہے ،آپ کی خدمت میں قرآن مجید سے چند آیات پیش کرتا ہوں جن میں اللہ تعالی بیان کرتا ہے کہ زمین وآسمان کا بادشاہ وہی ہے ، فرمان الہی ہے :

اَلَمْ تَعْلَمْ اَنَّ اللّٰهَ لَهٗ مُلْكُ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ١ؕ وَ مَا لَكُمْ مِّنْ دُوْنِ اللّٰهِ مِنْ وَّلِيٍّ وَّلَا نَصِيْرٍ۰۰۱۰۷ (البقرۃ:107)

’’کیا تجھے علم نہیں کہ زمین اور آسمان کی بادشاہت اللہ ہی کے لئے ہے اور اللہ کے سوا تمہارا کوئی ولی اور مددگار نہیں ۔‘‘

اللہ تعالی فرماتا ہے:
وَلِلّٰهِ مُلْكُ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ١ؕ وَاللّٰهُ عَلٰى كُلِّ شَيْءٍ قَدِيْرٌؒ۰۰۱۸۹ (آل عمران:189)

’’اور آسمانوں اور زمین کی بادشاہی اللہ ہی کے لئے ہے اور اللہ تعالٰی ہرچیز پر قادر ہے ۔‘‘

اللہ تعالی فرماتا ہے:

وَ لِلّٰهِ مُلْكُ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ وَمَا بَيْنَهُمَا١ٞ وَاِلَيْهِ الْمَصِيْرُ۰۰۱۸ (المائدۃ:18)

’’اور زمین و آسمان اور ان کے درمیان کی ہرچیز اللہ تعالٰی کی ملکیت ہے اور اسی کی طرف لوٹنا ہے۔‘‘

اللہ تعالی فرماتا ہے

: تَبٰرَكَ الَّذِيْ بِيَدِهِ الْمُلْكُ١ٞ وَ هُوَ عَلٰى كُلِّ شَيْءٍ قَدِيْرُۙ۰۰۱(الملک:1)

’’ بہت بابرکت ہے وہ (اللہ) جس کے ہاتھ میں بادشاہی ہے اور ہرچیز پر قدرت رکھنے والا ہے ۔‘‘

فرعون لوگوں سے کہتا تھا «الیس لی ملک مصر» کیا مصرپر میری بادشاہت نہیں ہے ؟ذرا سوچیں کہ کیا مصر پر آج بھی فرعون کی بادشاہت قائم ہے ؟ موسی علیہ السلام کے زمانے میں ہی اللہ نے فرعون کو ڈبوکر موت دیدی اور اس کی حکومت کا خاتمہ کردیا ، اس وقت سےلیکر آج تک مصر پر نہ جانے کتنے لوگوں نے حکومت کی ؟ لوگ آتے رہے اور جاتے رہے ، کسی کی بادشاہت ہمیشہ نہیں چلی اور نہ ہی چل سکتی ہے۔ کہاں گئے؟نمرودوشدادوہامان، سب دنیا سے مٹ گئے۔

اللہ کا فرمان ہے :

اِنِ الْحُكْمُ اِلَّا لِلّٰهِ(يوسف:40)

’’فرمانروائی صرف اللہ تعالی کی ہے۔‘‘

اللہ تعالی دنیا کے بادشاہوں کو آسمان پر بادشاہت کرنے کا اختیار نہیں دیتا ، ان کو زمین پر ہی محدوداختیار دیتا ہےاور اختیار کی مدت بھی محدودہوتی ہےیعنی چند دنوں کے لئےمعمولی اختیاردیا جاتا ہے۔ زمین کے بادشاہ چلتی ہوا ،برستے پانی ، گرجتی بجلی اور رونما ہونے والا زلزلہ وطوفان نہیں روک سکتا کیونکہ ان سب چیزوں پر بادشاہت اللہ کی ہے۔ اللہ ہی سیدناآدم علیہ السلام کے زمانے میں بارش برساتا تھا، آفتاب کو طلوع وغروب کرتا تھا، رات ودن کو لاتا تھا، زندگی و موت دیتا تھااور آج بھی وہی بارش لاتا ہے ، سورج طلوع وغروب کرتا ہے ، رات ودن کو لاتا ہے اور زندگی وموت دیتا ہے ،اس لئے تو وہی دنیا کا حقیقی بادشاہ ہے۔زمین وآسمان کے سارے خزانے بھی اسی کے ہیں،انسان کی نہ زمین اپنی ہے، نہ سونے چاندی اپنے ہیں حتی کہ اس کا اپنا جسم وبدن بھی اپنا نہیں ۔ذرا غور کریں اور اللہ کی بادشاہت پر ایمان پختہ کریں۔ انسان کاپورا جسم اللہ کا دیا ہوا ہے پھر اس جسم کے تمام اعضاء اور تمام حرکات وسکنات پر اللہ کی بادشاہت ہے۔ آنکھوں سے دیکھنے پر اللہ کی بادشاہت ہے، کانوں سے سننے پر اللہ کی بادشاہت ہے، ناک سے سونگھنے اور سانس لینے پر اللہ کی بادشاہت ہے ، ہاتھ وپیر سے حرکت کرنے ، دل ودماغ سے سوچنے اور سونے جاگنے تمام چیزوں پر اللہ کی بادشاہت ہے۔ انسان بادشاہ کیا مجبور محض ہے۔ اس کو ہرلمحہ اپنے خالق ومالک کی مہربانی چاہیے ورنہ اس کے جسم کا کوئی کل پرزہ کسی کام کا نہیں ۔ اللہ چند لمحوں کے لئے آنکھوں سے بصارت چھین لے اندھا بن جائے گا، کانوں سے سماعت لے لے بہرہ ہوجائے گا ، دل ودماغ سے سوچ وفکر سلب کرلے پاگل ہوجائے گا اور جسم سے روح نکال لے مردہ قرارپائے گا۔پاک ہے وہ پروردگار جو ہمیں گوناگوں نعمتوں سے نوازاہے مگر کم ہی لوگ ہیں جو اپنے رب کی نعمتوں کی قدر کرتے ہیں اور اس کا کہا مانتے ہیں ۔

اللہ تعالی فرماتا ہے :

وَ لِلّٰهِ خَزَآىِٕنُ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ وَ لٰكِنَّ الْمُنٰفِقِيْنَ لَا يَفْقَهُوْنَ۰۰۷

’’اور آسمان و زمین کے کل خزانے اللہ تعالٰی کی ملکیت ہیں لیکن یہ منافق بے سمجھ ہیں۔ ‘‘(المنافقون:7)

اور حدیث قدسی میں اللہ تعالی فرماتا ہے :

’’اے میرے بندو! اگر تمہارے اگلے اور پچھلے، انسان اور جنات سب ایک میدان میں کھڑے ہوں، پھر مجھ سے مانگنا شروع کریں اور میں ہر ایک کو جو مانگے سو دوں تب بھی میرے پاس جو کچھ ہے وہ کم نہ ہو گا مگر اتنا جیسے دریا میں سوئی ڈبو کر نکال لو۔‘‘(مسلم:2577)

سبحان اللہ ،اللہ سارے خزانوں کا مالک ہے اور جتنا چاہے کسی کو دے اس کے خزانے میں کچھ بھی کمی نہیں ہوتی پھربھی مسلمانوں کی اکثریت غیراللہ سے مانگتی ہے۔ ایسے میں اللہ کا عذاب ان  پر نہیں آئے گا تو کیا آئے گا؟آج اللہ بادشاہ ہے ساتھ ہی انسانوں کو اچھائی اور برائی کرنے کی مہلت بھی دے رکھی ہے ، کل آخرت میں جب بادشاہ ہوگا تب اس کی طرف سے کوئی مہلت نہیں ہوگی ۔ نیکی کا بدلہ اچھا اور ظلم کا بدلہ برا ہوگا،غرض دنیا میں انسان نے جو کچھ کیا ہوگا ،مالک یوم الدین(قیامت کے دن کا بادشاہ )قیامت میں ذرہ ذرہ کا حساب لے گااوراللہ پوچھے گاآج کس کی بادشاہت ہے؟

يَوْمَ هُمْ بٰرِزُوْنَ١ۚ۬ لَا يَخْفٰى عَلَى اللّٰهِ مِنْهُمْ شَيْءٌ١ؕ لِمَنِ الْمُلْكُ الْيَوْمَ١ؕ لِلّٰهِ الْوَاحِدِ الْقَهَّارِ۰۰۱۶(غافر:16)

’’جس دن سب لوگ ظاہر ہوجائیں گے ان کی کوئی چیز اللہ سے پوشیدہ نہ رہے گی۔ آج کس کی بادشاہی ہے؟ فقط اللہ واحد و قہار کی ۔‘‘

ارشادباری تعالی ہے

: اَلْمُلْكُ يَوْمَىِٕذِ ا۟لْحَقُّ لِلرَّحْمٰنِ١ؕ وَ كَانَ يَوْمًا عَلَى الْكٰفِرِيْنَ عَسِيْرًا۰۰۲۶(الفرقان:26)

’’اور اس دن صحیح طور پر ملک صرف رحمٰن کا ہی ہوگا اور یہ دن کافروں پر بڑا بھاری ہوگا ۔‘‘

نبی کریمﷺفرماتے ہیں: اللہ تعالیٰ قیامت کے دن آسمانوں کو لپیٹ لے گا اور ان کو داہنے ہاتھ میں لے لے گا، پھر فرمائے گا میں بادشاہ ہوں، کہاں ہیں زور والے؟ کہاں ہیں غرور کرنے والے؟ پھر بائیں ہاتھ سے زمین کو لپیٹ لے گا (جو داہنے کے مثل ہے اور اسی واسطے دوسری حدیث میں ہے کہ پروردگار کے دونوں ہاتھ داہنے ہیں) پھر فرمائے گا: میں بادشاہ ہوں۔ کہاں ہیں زور والے؟ کہاں ہیں بڑائی کرنے والے؟ (مسلم:2788)

اس حدیث کی روشنی میں اللہ کی بے مثال قدرت اور اس کی عظیم بادشاہت کے بارے میں غور فرمائیں کہ اللہ قیامت والے دن اس قدربلندوبالا سات طبقوں والاآسمان (جس میں چاندزمین سے پچاس گنابڑا اور سورج زمین سے تیرہ لاکھ گنا بڑاہے)لپیٹ کر دائیں ہاتھ میں اور ساتھ طبقوں والی زمین خزانوں سمیت دوسرے ہاتھ میں لے لے گا۔ اس دن دنیا کے ظالم بادشاہوں کا کیا حال ہوگا؟ نبی کریم ﷺ اس بابت بیان فرماتے ہیں :’’قیامت کے دن ظالم بادشاہ کو سب سے زیادہ شدید عذاب دیا جائے گا۔ ‘‘(صحيح الجامع:1001)

مذکورہ بالا تمام باتوں کا خلاصہ یہ ہے کہ اللہ ہی زمین وآسمان کا مالک اور سارے جہان کا بادشاہ ہے۔ اس کی بادشاہت ہمیشہ سے ہے اور ہمیشہ رہے گی ۔ اسی نے ہمیں اور پوری کائنات کو پیدا کیا ہے لہذا ہمیں ہمیشہ اس سے ڈرنا چاہیے اور اس نے اپنی بندگی کی خاطر ہمیں پیدا کیا ہے سو خالص اس کی بندگی بجالانا چاہیے اور اس کے ساتھ کسی کو بھی ذرہ برابر شریک نہیں کرنا چاہیے ۔

دوسری بات یہ ہے کہ زمین وآسمان کے سارے خزانوں کا مالک اکیلا اللہ ہےاور وہی اپنی تدبیر سے ساری مخلوق کی پرورش کرتا ہےاس لئے ہمیں جس چیز کی بھی حاجت پڑے اپنے رب سے مانگیں وہ اپنےمحتاج ومانگنے والے بندوں کو محروم نہیں کرتا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے