اِنَّ رَبَّكُمُ اللّٰهُ الَّذِيْ خَلَقَ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضَ فِيْ سِتَّةِ اَيَّامٍ ثُمَّ اسْتَوٰى عَلَى الْعَرْشِ يُغْشِي الَّيْلَ النَّهَارَ يَطْلُبُهٗ حَثِيْثًا وَّالشَّمْسَ وَالْقَمَرَ وَالنُّجُوْمَ مُسَخَّرٰتٍ بِاَمْرِهٖ اَلَا لَهُ الْخَلْقُ وَ الْاَمْرُتَبٰرَكَ اللّٰهُ رَبُّ الْعٰلَمِيْنَ اُدْعُوْا رَبَّكُمْ تَضَرُّعًا وَّ خُفْيَةً اِنَّهٗ لَا يُحِبُّ الْمُعْتَدِيْنَ وَلَا تُفْسِدُوْا فِي الْاَرْضِ بَعْدَ اِصْلَاحِهَا وَ ادْعُوْهُ خَوْفًا وَّ طَمَعًا اِنَّ رَحْمَتَ اللّٰهِ قَرِيْبٌ مِّنَ الْمُحْسِنِيْنَ وَ هُوَ الَّذِيْ يُرْسِلُ الرِّيٰحَ بُشْرًۢا بَيْنَ يَدَيْ رَحْمَتِهٖ حَتّٰى اِذَا اَقَلَّتْ سَحَابًا ثِقَالًا سُقْنٰهُ لِبَلَدٍ مَّيِّتٍ فَاَنْزَلْنَا بِهِ الْمَآءَ فَاَخْرَجْنَا بِهٖ مِنْ كُلِّ الثَّمَرٰتِ كَذٰلِكَ نُخْرِجُ الْمَوْتٰى لَعَلَّكُمْ تَذَكَّرُوْنَ (الاعراف: 54 تا 57)

’’بے شک تمہارا رب اللہ ہے جس نے آسمانوں اور زمین کو چھ دن میں پیداکیا، پھرعرش پرقائم ہوا ،وہ رات کو دن پراوڑھادیتا ہے جو تیز چلتاہوا اس کے پیچھے چلاآتا ہے اوراس نے سورج اور چاند اور ستارے پیداکیے ، اس حال میں کہ اس کے حکم کے تابع ہیں سن لو پیدا کرنا اور حکم دینا اللہ ہی کا کام ہے ،بہت برکت والا ہے اللہ جو سارے جہانوں کا رب ہے۔اپنے رب کو گڑگڑا کر اور خفیہ طور پر پکارو بے شک وہ حد سے بڑھنے والوں سے محبت نہیں کرتا۔اورزمین میں اس کی اصلاح کے بعد فساد نہ پھیلائو اور اسے خوف اورامید سے پکارو، بیشک اللہ کی رحمت نیکی کرنے والوں کے قریب ہے۔اور وہی ہے جو ہوائوں کو اپنی رحمت سے پہلے بھیجتا ہے۔ ہوائیں خوش خبر ی دینے والی یہاں تک کہ جب بھاری بادل اٹھالاتی ہیں تو ہم اسے کسی مردہ شہر کی طرف ہانکتے ہیں، پھر اس سے پانی اتارتے ہیں ،پھر اس کے ساتھ ہر قسم کے پھل پیداکرتے ہیں اسی طرح ہم مردوں کو نکالیں گے تاکہ تم نصیحت حاصل کرو۔‘‘

اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں اپنے خالق ہونے کے حوالے سے الخالق، البدیع، الباری، الفاطر، المصور اور الخلّاق کے الفاظ استعمال فرمائے ہیں جن کا مختصر مفہوم یہ ہے:

’’الخالق ‘‘ کا نام لفظِ خُلِق سے ماخوذ ہے۔ اس کے تین معانی ہیں۔ عدم سے وجود میں لانا، کسی چیز اور کام کا ٹھیک ٹھیک اندازہ کرنا اور اس کی فطرت اور اس کے ماحول کے مطابق پیدا کرنا۔ جس طرح مچھلی کی فطرت پانی میں رہنا پسند کرتی ہے۔ اس لئے اللہ تعالیٰ نے اس کی طبیعت اور فطرت میں ایسی حدّت رکھ دی ہے جو اسے انتہائی ٹھنڈک میں بھی زندہ رکھتی ہے۔ لہٰذا جو کسی چیز کو عدم سے وجود بخشے، اس کا سو فی صد ٹھیک اندازہ کرے اور اُسے فطرت اور ماحول کے مطابق پیدا کرے۔ اسے ’’الخالق‘‘ کہتے ہیں۔ ظاہر ہے کہ اللہ تعالیٰ کے علاوہ کوئی بھی کچھ پیدا نہیں کر سکتا۔ وہ ملائکہ، جِنّ ، انس، حیوانات، جمادات، نباتات گویا کہ ہر چیز کا اکیلا ہی خالق ہے۔ اس لیے یہ نام اور کام اسی کو زیبا ہے۔

اَللّٰهُ خَالِقُ كُلِّ شَيْءٍ وَّ هُوَ عَلٰى كُلِّ شَيْءٍ وَّكِيْلٌ (الزمر: 62)

’’اللہ ہی ہر چیز کا خالق ہے اور وہی ہر چیز پر نگہبان ہے۔‘‘

اَلَا لَهُ الْخَلْقُ وَالْاَمْرُ تَبٰرَكَ اللّٰهُ رَبُّ الْعٰلَمِيْنَ

’’سنو پیدا کرنا اور حکم دینا اللہ ہی کا کام ہے ،بہت برکت والا ہے اللہ جو سارے جہانوں کا رب ہے۔‘‘(الاعراف: 54)

’’البدیع‘‘ وہ ہے جو پہلے سے موجود کسی میٹریل اور نمونے کے بنانے اور پیدا کرنے والاہے۔ زمینوں، آسمانوں میں اللہ تعالیٰ کے سِوا کوئی ہستی نہیں جو اس طرح کسی چیز کو بنائے یا پیدا کر سکے۔پیدا کرنا تو درکنار دنیا میں جو ایجادات ہوئی ہیں اور ہوں گی وہ اسی کے پیدا کردہ میٹریل اور بنائی ہوئی کسی ایک یا کچھ چیزوں کو سامنے رکھ کر بنائی گئی ہیں۔ از خود میٹریل تخلیق کرنا اور قدرت کے پیدا کیے ہوئے کسی نمونے سے فائدہ اٹھائے بغیر کوئی چیز بنانا بڑے سے بڑے سائنسدان کے بس کی بات نہیں لہٰذا ’’بدیع‘‘ نام اور صفت صرف اللہ تعالیٰ کے شایانِ شان ہے۔اس لیے اس کا ارشاد ہے:

بَدِيْعُ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ (الانعام: 101)

’’وہ آسمانوں اور زمین کا موجد ہے ۔‘‘

اَللّٰهُ يَبْدَؤُا الْخَلْقَ ثُمَّ يُعِيْدُهٗ ثُمَّ اِلَيْهِ تُرْجَعُوْنَ

’’اللہ ہی مخلوق کوپہلی مرتبہ پیدا کرتا ہے پھر وہی دوبارہ پیدا کرے گا پھر اسی کی طرف تم لُٹائے جاؤ گے۔‘‘(الروم: 11)

الباری کا مصدر براء ہے۔ جس کا معنٰی جُدا کرنا اور پھاڑنا ہے۔ یہ اس لئے ’’اللہ‘‘ کا نام اور اس کی صفت ٹھہرا کہ وہ اپنی منشا کے مطابق کسی چیز کا نقشہ بناتا اور پھر اسے اپنی مرضی کے مطابق ڈھلتا ہے۔ اسے صرف ’’کن ‘‘فرماتا ہے اور وہ چیز ’’فیکون ‘‘کے عمل سے گزر  جاتی ہے۔یعنی اس کی عین مرضی اور حکم کے مطابق معرض وجود میں آجاتی ہے۔ ظاہر ہے مخلوق میں سے کسی کو یہ قدرت حاصل نہیں اس لیے البدیع کی شان اور اختیار رکھتا ایک اللہ ہے دوسرا نہیں۔

هُوَ اللّٰهُ الْخَالِقُ الْبَارِئُ  (الحشر: 24)

’’وہ اللہ ہے جو ہر چیز کو ابتدا سے پیدا کرنے والا ۔‘‘

اِنَّمَآ اَمْرُهٗ اِذَا اَرَادَ شَيْـًٔا اَنْ يَّقُوْلَ لَهٗ كُنْ فَيَكُوْنُ

جب کسی چیز کا ارادہ کرتا ہے تو  اسے حکم دیتا ہے کہ ہو جا تو وہ ہو جاتی ہے۔‘‘(یٰس: 82)

الفاطر: پہلی مرتبہ پیدا کرنے والا یعنی جو چیز پہلے سے موجود نہ ہو بے شک وہ جاندار ہو یا غیر جاندار ۔ سیدنا ابن عباسw فرماتے ہیں۔ میرے پاس دو بدو آئے جن کا ایک کنویں کی ملکیت پر جھگڑا تھا۔ ایک نے کہا ’’اَنَا فَطَرْتُہَا‘‘ ’’میں نے یہ کنواں پہلے کھودا تھا۔‘‘ گویا کہ فاطر کا معنٰی کسی کام کی ابتدا کرنے والا۔ اللہ تعالیٰ نے انسان اور ہر چیز کی ابتدا فرمائی ہے۔ اس لیے اس کا اسم مبارک فاطر ہے۔

هَلْ اَتٰى عَلَى الْاِنْسَانِ حِيْنٌ مِّنَ الدَّهْرِ لَمْ يَكُنْ شَيْـًٔا مَّذْكُوْرًا (الدھر: 1)

’’انسان پر ایسا دور بھی گزرا ہے جب اس کا ذکر تک نہیں تھا؟‘‘

قَالَتْ رُسُلُهُمْ اَفِي اللّٰهِ شَكٌّ فَاطِرِ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ 

’’ان کے رسولوں نے فرمایا: کیا اللہ کے بارے میں شک کرتے ہو ؟جو آسمانو ں اور زمین کو پیدا کرنے والاہے ۔‘‘(ابراھیم: 10)

قُلْ اَغَيْرَ اللّٰهِ اَتَّخِذُ وَلِيًّا فَاطِرِ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ 

’’فرما دیں کیا میں آسمانوں اورزمین کو پیدا کرنے والے اللہ کے سوا کسی اور کو اپنامددگار بنالوں ؟ (الانعام: 14)

اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ فَاطِرِ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ جَاعِلِ الْمَلٰٓىِٕكَةِ رُسُلًا  (فاطر:1)

’’اللہ ہی کے لیے تمام تعریفیں ہیں جو آسمانوں اور زمین کا بنانے اور فرشتوں کو پیغام رساں مقرر کرنے والا ہے۔‘‘

المصوّر:دنیا میں جو لوگ اپنے ہاتھ یا کیمرے کے ذریعے تصویر بناتے ہیں۔ وہ اپنی طرف سے نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی بنائی ہوئی چیزوں کو سامنے رکھ کر ہی کوئی نہ کوئی تصویر بناتے ہیں۔ کسی بھی سینری (senri)کو اپنے سامنے رکھیں وہ مصور حقیقی کا حصہ ہو گی۔ اللہ تعالیٰ نے کروڑوں ، اربوں، کھربوں صورتیں بنائی ہیں۔ انسانوں پر غور کریں ’’اللہ‘‘ نے ہی انسان کو عدم سے وجود بخشا ہے، وہی ہے جسم میں روح پھونکتا اور اسی نے انسان اور ہر چیز کو الگ الگ شناخت عطا فرمائی ہے۔ اربوں انسان اور کڑوروں جانور آپس میں نہیں ملتے۔ اس لیے کم سے کم عقل رکھنے والا انسان بھی پکارا اٹھتا ہے۔

فَتَبٰرَكَ اللّٰهُ اَحْسَنُ الْخٰلِقِيْنَ  (المومنون:14)

’’بڑا ہی بابرکت ہے اللہ سب کاریگروں سے اچھا کاریگر۔ ‘‘

هُوَ الَّذِيْ يُصَوِّرُكُمْ فِي الْاَرْحَامِ كَيْفَ يَشَآءُ لَا اِلٰهَ اِلَّا هُوَ الْعَزِيْزُ الْحَكِيْمُ (آل عمران: 6)

’’وہی ہے جو جس طرح چاہتا ہے رحموں میں تمہاری صورتیں بناتا ہے۔ اس کے سوا کوئی معبودِ برحق نہیں وہ نہایت غالب خوب حکمت والا ہے۔‘‘

هُوَ اللّٰهُ الْخَالِقُ الْبَارِئُ الْمُصَوِّرُ لَهُ الْاَسْمَآءُ الْحُسْنٰى  يُسَبِّحُ لَهٗ مَا فِي السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ وَهُوَ الْعَزِيْزُ الْحَكِيْمُ (الحشر: 24)

’’وہ اللہ ہے جو ہر چیز کو ابتدا سے پیدا کرنے والا اور صورتیں بنانے والا ہے ، اس کے لیے بہترین نام ہیں ہر چیز جو آسمانوں اور زمین میں ہے اس کی تسبیح کر رہی ہے اور وہ زبردست اور خوب حکمت والا ہے۔‘‘

قرآن مجید میں کئی مقامات پر تخلیق کے لیے ’’جَعَلَ‘‘ کا لفظ بھی استعمال ہوا ہے جو تقریباً لفظ ’’خلق‘‘ کا مترادف ہے۔

هُوَ الَّذِيْ جَعَلَ لَكُمُ الَّيْلَ لِتَسْكُنُوْا فِيْهِ وَ النَّهَارَ مُبْصِرًا اِنَّ فِيْ ذٰلِكَ لَاٰيٰتٍ لِّقَوْمٍ يَّسْمَعُوْنَ (یونس: 67)

’’وہی ہے جس نے تمہارے لیے رات بنائی۔تاکہ تم اس میں سکون حاصل کرو اور دن کوروشن بنایابیشک اس میں ان لوگوں کے لیے نشانیاں ہیں جو غور سے سنتے ہیں۔‘‘

وَهُوَ الَّذِيْ جَعَلَ لَكُمُ النُّجُوْمَ لِتَهْتَدُوْا بِهَا فِيْ ظُلُمٰتِ الْبَرِّ وَالْبَحْرِ قَدْ فَصَّلْنَا الْاٰيٰتِ لِقَوْمٍ يَّعْلَمُوْنَ

’’اور وہی ہے جس نے تمہارے لیے ستارے بنائے تاکہ تم ان سے خشکی اورسمندر کے اندھیروں میں راستہ معلوم کرو بیشک ہم نے ان لوگوں کے لیے کھول کرآیات بیان کر دی ہیں جو جاننے کی کوشش کرتے ہیں۔‘‘ (الانعام: 97)

وَاللّٰهُ جَعَلَ لَكُمْ مِّنْ اَنْفُسِكُمْ اَزْوَاجًا وَّ جَعَلَ لَكُمْ مِّنْ اَزْوَاجِكُمْ بَنِيْنَ وَ حَفَدَةً (النحل: 72)

’’اور اللہ نے تمہی سے تمہارے لیے تمہاری بیویاں بنائیں اور تمہاری بیویوں سے تمہارے بیٹے اور پوتے بنائے ۔‘‘

الخلّاق: یہ خُلق سے(superdegre) کا صیغہ ہے۔ یہ نام قرآن مجید میں دو مرتبہ آیا ہے۔ اللہ تعالیٰ اس لئے ’’خلّاق ہے کہ اس نے ایک نطفہ سے انسان کو پیدا کیا اور ہر انسان کو الگ الگ شکل و صورت عطا کرنے کے ساتھ ایک دوسرے سے جدا صلاحتیں عطا کی ہیں۔ یہی حال دوسری مخلوقات کا ہے جو ایک جنس ہونے کے باوجود آپس میں نہیں ملتی۔

اِنَّ رَبَّكَ هُوَ الْخَلّٰقُ الْعَلِيْمُ

’’بے شک آپ کا رب کما ل درجے کا پیدا کر نے اور سب کچھ جاننے والا ہے ۔‘‘ (الحجر: 86)

اَوَ لَيْسَ الَّذِيْ خَلَقَ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضَ بِقٰدِرٍ عَلٰى اَنْ يَّخْلُقَ مِثْلَهُمْ بَلٰى وَهُوَ الْخَلّٰقُ الْعَلِيْمُ (یٰس: 81)

’’کیا جس نے آسمانوں اور زمین کو پیدا کیا ہے وہ انہیں دوبارہ پیدا کرنے پر قادر نہیں ؟کیوں نہیں وہ تو سب کچھ پیدا کرنے والا اورجاننے والاہے۔‘‘

مذکورہ بالا تمام اسمائے گرامی لغوی، معنوی اور توصیفی اعتبار سے ایک دوسرے کا حصہ ہیں۔ اس کے باوجود کوئی بڑے سے بڑا علّامہ ان کی ماہیّت اور لطافت کو پوری طرح بیان نہیں سکتا۔ تاہم سمجھنے کے لئے ان اسمائے مبارکہ میں خالق کا نام انسان کی فہم کے زیادہ قریب اور آسان ہے۔ اس لئے جن آیات میں اس کا خالق اور جاعل ہونا بیان کیا گیا ہے اور ان میں انسان کی تخلیق کا مقصد بیان ہوا یہاں انہیں آیات کا حوالہ دیا جائے گا  تاکہ معلوم ہو کہ خالق نے ہمیں کیوں پیدا کیا اور ہماری تخلیق کا مقصد کیا ہے۔

يٰاَيُّهَا النَّاسُ اعْبُدُوْا رَبَّكُمُ الَّذِيْ خَلَقَكُمْ وَالَّذِيْنَ مِنْ قَبْلِكُمْ لَعَلَّكُمْ تَتَّقُوْنَ الَّذِيْ جَعَلَ لَكُمُ الْاَرْضَ فِرَاشًا وَّ السَّمَآءَ بِنَآءً وَّاَنْزَلَ مِنَ السَّمَآءِ مَآءً فَاَخْرَجَ بِهٖ مِنَ الثَّمَرٰتِ رِزْقًا لَّكُمْ فَلَا تَجْعَلُوْا لِلّٰهِ اَنْدَادًا وَّ اَنْتُمْ تَعْلَمُوْنَ

’’اے لوگو! اپنے رب کی عبادت کرو جس نے تمہیں اور تم سے پہلے لوگوں کو پیدا کیا تاکہ تم پرہیز گار بن جاؤ۔ اسی نے تمہارے لیے زمین کو فرش اور آسمان کو چھت بنایا اور آسمان سے پانی نازل فرما کر اس سے تمہارے لیے پھل پیدا کیے جو تمہارا رزق ہیں، حقیقت جاننے کے باوجود اللہ کے ساتھ شریک نہ بنائو۔ ‘‘ (البقرۃ: 21۔22)

اَنْدَادًا’’ند‘‘ کی جمع ہے جس کا معنٰی ہے ہمسر اور شریک۔

بَدِيْعُ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ اَنّٰى يَكُوْنُ لَهٗ وَلَدٌ وَّلَمْ تَكُنْ لَّهٗ صَاحِبَةٌ وَخَلَقَ كُلَّ شَيْءٍ وَهُوَ بِكُلِّ شَيْءٍ عَلِيْمٌ ذٰلِكُمُ اللّٰهُ رَبُّكُمْ لَااِلٰهَ اِلَّا هُوَ خَالِقُ كُلِّ شَيْءٍ فَاعْبُدُوْهُ وَهُوَ عَلٰى كُلِّ شَيْءٍ وَّكِيْلٌ لَا تُدْرِكُهُ الْاَبْصَارُ وَهُوَ يُدْرِكُ الْاَبْصَارَ وَهُوَ اللَّطِيْفُ الْخَبِيْرُ (الانعام: 101تا 103)

’’وہ آسمانوں اور زمین کا موجد ہے اس کی اولاد کیسے ہوگی کیونکہ اس کی بیوی ہی نہیں ؟ اس نے ہرچیز پیدا کی اور وہ ہرچیز کو خوب جاننے والاہے۔ یہی اللہ تمہار ا رب ہے۔ اس کے سوا کوئی سچا معبود نہیں ،ہرچیز کوپیداکرنے والا ہے، بس اسی کی عبادت کرو اور وہ ہرچیز پرنگہبان ہے۔ اسے کوئی آنکھ نہیں دیکھ سکتی اور وہ ہر ایک کو دیکھتا ہے اور وہ نہایت باریک دیکھنے والا اورسب خبر رکھنے والاہے۔‘‘

اللہ تعالیٰ کی ذات ہر قسم کی شراکت سے مبرّا اور اولاد کی ضرورت سے بے نیاز ہے۔ کسی کو اللہ تعالیٰ کی اولاد یا شریک ٹھہرانا مشرکوں کی ذہنی پستی اور فکری دیوانگی کی علامت ہے۔ اللہ تعالیٰ ان کے باطل تصورات اور ہر قسم کی یاوا گوئی سے پاک اور مبرّا ہے۔ کائنات کی تخلیق کے لیے بدیع کا لفظ استعمال فرما کر واضح کیا کہ جس اللہ نے بغیر کسی پہلے سے موجود نقشے اور میٹریل کے اوپر نیچے سات آسمان اور تہ بہ تہ سات زمینیں پیدا کی ہیں اسے اولاد کی کیا ضرورت ہے ؟ مقصد یہ ہے کہ ہر چیز اس کی غلام اور تابع فرمان ہے۔

اِنَّ رَبَّكُمُ اللّٰهُ الَّذِيْ خَلَقَ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضَ فِيْ سِتَّةِ اَيَّامٍ ثُمَّ اسْتَوٰى عَلَى الْعَرْشِ يُدَبِّرُ الْاَمْرَ مَا مِنْ شَفِيْعٍ اِلَّا مِنْ بَعْدِ اِذْنِهٖ ذٰلِكُمُ اللّٰهُ رَبُّكُمْ فَاعْبُدُوْهُ اَفَلَا تَذَكَّرُوْنَ (یونس: 3)

’’یقیناً تمہارا رب اللہ ہے جس نے آسمانوں اورزمینوں کو چھ دنوں میں پیدا کیا پھر عرش پر جلوہ نما ہوااور وہ ہر کام کی تدبیر کرتا ہے۔ اس کی اجازت کے بغیر کوئی سفارش کرنے والا نہیں ، وہی اللہ تمہارا رب ہے ، بس اسی کی عبادت کرو ۔ کیا تم نصیحت حاصل نہیںکرتے ؟‘‘

اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے کہ اس نے زمین ، آسمانوں کو بغیر کسی نمونے (Sample)کے چھ دن میں پیدا فرمایا۔ اللہ تعالیٰ چاہتے تو وہ ایک لمحہ میں بھی زمین و آسمانوں کو پیدا کرسکتے تھے۔ لیکن اس میں یہ حکمت ظاہر فرمائی کہ ہر کام کو مناسب وقت دینا اس کی فطرت کا تقاضا ہے۔ جس کا خیال رکھنا چاہیے تاکہ ہر چیز یا کام اپنے طبعی تقاضوں کے مطابق کما حقہ سر انجام پائے۔ ’’اللہ‘‘ ہی زمین و آسمانوں اور پوری کائنات کا نظام سنبھالے ہوئے ہے۔ زمین و آسمانوں کی پیدائش اور کائنات کا نظام سنبھالنے میں اس کا کوئی ساجھی، شریک اور مشیر نہ تھا، نہ ہے اورنہ ہوگا اورنہ اس نے اپنی خدائی میں کسی کو ذرہ برابر اختیار دیا ہے۔جب کائنات کی تخلیق اور نظام چلانے میں اللہ تعالیٰ کا کوئی شریک ، معاون اور مشیر نہیں تو اس کے سامنے اس کی اجازت کے بغیر کوئی سفارش کرنے کی جرأت کیسے کرسکتاہے؟ لوگو اللہ ہی تمہارا رب ہے لہٰذا صرف اور صرف اسی ایک کی عبادت کیا کرو۔ اتنے بڑے حقائق اوردلائل کی موجودگی میں کیا تم نصیحت حاصل کرنے کے لیے تیار ہو؟ نصیحت سے مراد یہاں توحید کا عقیدہ اور خالصتاً اللہ کی عبادت ،تابعداری کرنا ہے۔ جو شخص اس کو نہیں مانتا وہ ہدایت یافتہ نہیں ہوسکتا۔ اس آیت مبارکہ میں تخلیق ِکائنات کا ثبوت دینے کے بعد اس بات کی پرزور تردید کی گئی ہے کہ اللہ تعالیٰ کسی کی سفارش کا محتاج اوراسے ماننے پر مجبور نہیںجب کہ مشرک کا عقیدہ یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے بزرگوں سے خوش ہوکر انہیں اپنی خدائی میں کچھ اختیار دے رکھے ہیں اللہ تعالیٰ ان کی سفارش مسترد نہیں کرتا۔ حقیقت یہ ہے کہ یہ عقیدہ انسان کو اللہ تعالیٰ سے بے خوف اور اس سے دور کردیتا ہے۔ جس سے اخلاقی، معاشرتی، معاشی اور اعتقادی اور عملی برائیاں پیدا ہوتی ہیں۔ اسی لیے ہر نبی نے اس عقیدہ کی تردید کی ہے۔ اللہ تعالیٰ کے ’’رب‘‘ ہونے کا تقاضا ہے کہ صرف اسی کی عبادت کی جائے۔

رَبُّ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ وَمَا بَيْنَهُمَا فَاعْبُدْهُ وَاصْطَبِرْ لِعِبَادَتِهٖ هَلْ تَعْلَمُ لَهٗ سَمِيًّا  (مریم: 65)

’’وہ آسمانوں اور زمین کا رب ہے اور ان ساری چیزوں کا جو ان کے درمیان ہیں پس تم اسی کی بندگی کرو اور اسی کی بندگی پر قائم رہو۔ کیا ہے تمہارے علم میں اس کے ہم نام کوئی ہستی ہے ؟‘‘

قرآن مجید میں متعدد مقامات پر رسول کریم eکی ڈھارس بندھانے کے لیے یہ اسلوب اختیار کیا گیا ہے کہ جب کفار اور مشرکین آپ کی مخالفت کریں تو آپ بالخصوص نماز میں اپنے رب کو یاد کیا کریں۔ جس کا صاف معنٰی ہے کہ ا ن لوگوں سے الجھنے اور پریشان ہونے کی بجائے۔ آپ اپنے رب کے ذکر و فکر میں مصروف ہو جایا کریں تاکہ آپ پر اُس کی رحمت نازل ہو جس سے آپ کا غم دور ہوگا، اسی اسلوب اور ضرورت کے پیش نظر یہاں بھی آپ کو حکم دیا گیا کہ آپ اپنے رب کی عبادت کریں اور اس کی عبادت کرنے پر قائم رہیں، اسی کا نام لیتے رہیں۔ وہ ایسی لازوال اور بے مثال ہستی ہے جس کا ہمسر ہونا تو دور کی بات کوئی اس کاہم نام ہی نہیں۔

یہی بات سمجھاتے ہوئے سیدناابراہیم uنے اپنے باپ اور قوم سے بیک وقت یہ استفسار کیا کہ اے والد گرامی اور میری قوم کے لوگو! بتلائو جن پتھر اور مٹی کی بنی ہوئی مورتیوں کے سامنے مراقبے کرتے ہو ،اور جن سے مانگتے ہو۔ ان کی حقیقت اور حیثیت کیا ہے؟ قوم کا جواب تھا کہ ہم نے اپنے آباء واجداد کو اس طرح ہی عبادت کرتے ہوئے دیکھا ہے۔ سیدنا ابراہیم uنے اُنھیں باور کروایا کہ تم واضح طور پربہک چکے ہو۔ (الانبیاء : ۵۱ تا ۵۴ )

سیدنا ابراہیم uنے اپنی قوم کو یہ بھی سمجھایا کہ صرف ایک اللہ کی عبادت کرو اور اُسی سے ڈرتے رہو اگر تم حقیقت جانتے ہوتو تمھارے لیے یہی بہتر ہے ۔ اللہ تعالیٰ کو چھوڑ کر تم بتو ں کی عبادت کرتے ہو اور پھر اُن کے بارے میں جھوٹا پراپیگنڈہ کرتے ہو یہ تمھیں کسی قسم کا رزق دینے کا اختیار نہیں رکھتے۔ صرف ایک اللہ سے رزق مانگو اُسی ایک کی عبادت کرو اور اُسی کا شکریہ ادا کرو کیونکہ تم سب نے اُسی کی طرف پلٹ کر جاناہے۔

اِنَّمَا تَعْبُدُوْنَ مِنْ دُوْنِ اللّٰهِ اَوْثَانًا وَّتَخْلُقُوْنَ اِفْكًا اِنَّ الَّذِيْنَ تَعْبُدُوْنَ مِنْ دُوْنِ اللّٰهِ لَا يَمْلِكُوْنَ لَكُمْ رِزْقًا فَابْتَغُوْا عِنْدَ اللّٰهِ الرِّزْقَ وَاعْبُدُوْهُ وَ اشْكُرُوْا لَهٗ اِلَيْهِ تُرْجَعُوْنَ وَاِنْ تُكَذِّبُوْا فَقَدْ كَذَّبَ اُمَمٌ مِّنْ قَبْلِكُمْ وَمَا عَلَى الرَّسُوْلِ اِلَّا الْبَلٰغُ الْمُبِيْنُ (العنکبوت: 17۔18)

’’تم اللہ کو چھوڑ کر جن کی عبادت کرتے ہو وہ تو محض بت ہیں اور تم جھوٹ بناتے ہو،حقیقت یہ ہے کہ اللہ کے سوا تم جن کی عبادت کرتے ہو وہ تمہیںرز ق دینے کا اختیار نہیں رکھتے۔ اللہ ہی سے رزق مانگو اور اسی کی بندگی کرو اور اسی کا شکر ادا کرو۔ اسی کی طرف تم پلٹ کرجانے والے ہو۔ اگر تم جھٹلادو تو تم سے پہلے بہت سی قومیں جھٹلا چکی ہیں اور رسول پر واضح طور پر پیغام پہنچا دینا ہے۔ ‘‘

يٰاَيُّهَاالنَّاسُ ضُرِبَ مَثَلٌ فَاسْتَمِعُوْا لَهٗ اِنَّ الَّذِيْنَ تَدْعُوْنَ مِنْ دُوْنِ اللّٰهِ لَنْ يَّخْلُقُوْا ذُبَابًا وَّلَوِ اجْتَمَعُوْا لَهٗ وَاِنْ يَّسْلُبْهُمُ الذُّبَابُ شَيْـًٔا لَّا يَسْتَنْقِذُوْهُ مِنْهُ ضَعُفَ الطَّالِبُ وَالْمَطْلُوْبُ مَا قَدَرُوا اللّٰهَ حَقَّ قَدْرِهٖ اِنَّ اللّٰهَ لَقَوِيٌّ عَزِيْزٌ (الحج: 73۔74)

’’اے لوگو ایک مثال بیان کی جاتی ہے اسے غور سے سنو! اللہ کو چھوڑ کر جن معبودوں کو پکارتے ہو وہ سب مل کر ایک مکھی بھی پیدا تو نہیں کرسکتے اور اگر مکھی ان سے کوئی چیز چھین لے جائے تو وہ اس سے واپس نہیں لے سکتے کمزور ہیں۔مددچاہنے والے بھی اورکمزور ہیں جن سے مدد مانگی جاتی ہے وہ بھی۔ ان لوگوں نے اللہ کی قدر ہی نہیں پہچانی جس طر ح پہچاننے کا حق ہے حقیقت یہ ہے کہ اللہ قوت اوربڑی عزت والا ہے۔ ‘‘

شرک کا عقیدہ اس قدر ناپائیدار اور کمزور ترین ہے کہ اگر اس پر معمولی سا غور کر لیا جائے تو اسے چھوڑنا انسان کے لیے نہایت ہی آسان ہو جاتا ہے۔ کیونکہ مشرک شرک کے بارے میں انتہائی جذباتی ہوتا ہے جس وجہ سے مثال بیان کرنے سے پہلے اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے لوگو! تمھارے سامنے ایک مثال بیان کی جاتی ہے۔ اسے پوری توجہ کے ساتھ سنو۔ یعنی اس سے بدکنے کی بجائے اس پرٹھنڈے دل کے ساتھ غور کرو۔بے شک جنھیں تم اللہ کے سوا پکارتے ہو وہ ایک مکھی بھی پیدا نہیں کر سکتے بے شک وہ سب کے سب اس کا م کے لیے اکٹھے ہوجائیں۔ مکھی پیدا کرنا تو درکنار ، اگر مکھی کوئی چیز اُڑا لے جائے تو وہ اُس سے چھڑا نہیں سکتے۔ مراد یں مانگنے والے اور جن سے مرادیں مانگی جاتی ہیں سب کے سب کمزور ہیں۔

حقیقت یہ ہے کہ لوگوں نے اللہ تعالیٰ کی قدر نہیں جانی جس طرح اُس کی قدر جاننے کا حق تھا۔ یقیناً اللہ تعالیٰ بڑا طاقت ور اور ہر چیز پر غالب ہے۔ ان الفاظ میں یہ اشارہ موجود ہے کہ مشرک کو شرک سے بالفعل روکنا اللہ تعالیٰ کی قدرت سے باہر نہیں وہ ہر قسم کی قدرت اور غلبہ رکھتا ہے لیکن اس نے اپنی حکمت کے تحت مشرک کو مہلت دے رکھی ہے۔ یہاں اللہ تعالیٰ نے شرک کی بے ثباتی ثابت کرنے اور اس سے نفرت دلانے کے لیے ایسے جانور کی مثال دی ہے۔ جس سے ہر آدمی نفرت کرتا ہے۔ عام مکھی کی مثال اس لیے دی گئی ہے کہ یہ اس بات کا امتیاز نہیں کرتی کہ جس چیز پر بیٹھ رہی ہے وہ کس قدر غلیظ اور بدبو دار ہے یہی وجہ ہے کہ ایک وقت وہ گندگی کے ڈھیر پر بھنبھنا رہی ہوتی ہے اور دوسرے لمحہ کھانے والی چیز پر جا بیٹھتی ہے۔ مکھی اور کتاکسی چیز سے سیر نہیں ہوتے اس لیے مشرک کی مثال کتے کے ساتھ بھی دی گئی ہے۔ (الاعراف: ۱۷۳ تا ۱۷۶)

کردار کے اعتبار سے یہی مشرک کی مثال ہے کہ وہ عقیدہ توحید کی عظمت اور برکت کو چھوڑ کر جگہ جگہ ٹھوکریں کھاتا پھرتا ہے یہاں تک کہ ایسے لوگوں کے چرنوں میں جا بیٹھتا ہے جنہیں اپنی پاکی ،پلیدی کا بھی خیال نہیں ہوتا وہ ایسے لوگوں سے مانگتا ہے جو دربدر کی ٹھوکریں کھاتے اور مزارات پر آنے والوں کے پیچھے بھاگتے پھرتے ہیں یہ تو کلمہ گو حضرات کا حال ہے۔ جہاں تک غیر مسلموں کا تعلق ہے وہ شرک کرنے کی وجہ سے انسانیت سے اس حد تک گر چکے ہیں کہ ان میں کچھ لوگ جانوروں اور مجذوبوں کے نفس کی پوجا کرتے ہیں۔ یہ اس لئے کہ مشرک نے اپنے رب کی قدر نہیں پہچانی جس وجہ سے وہ غیروں کی عبادت کرتا اور جگہ جگہ ٹھوکریں کھاتا پھرتا ہے۔ حالانکہ فطرت کا تقاضا ہے کہ انسان اپنے خالق کی عبادت کرے اور دنیا، آخرت کی ذلّت سے مامون ہو جائے۔

—-

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے